ٹی ای این
سرینگر//ٹماٹر کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد اگرچہ مارکیٹ میں قدرے ٹھہرائو آیا ہے اور اب ٹماٹر کی نئی پیداواری کھیپ بازارو ں تک پہنچنے کی وجہ سے قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم سرینگر شہر کے بازاروں میں متعدد مقامات پر اسے مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے ۔شہر سرینگر کے مختلف بازاروں میں اب بھی ٹماٹر 100روپے سے زائد قیمت پر فروخت کئے جارہے ہیں حالانکہ ملکی سطح پر اب یہ سبزی 70روپے فی کلو سے بھی کم میں فروخت ہونے لگی ہے ۔ کشمیر میں اس وقت مقامی پیداوار بھی مارکیٹ میں آرہی ہے اس لئے ٹماٹر سپلائی کی کوئی قلت پیدا نہیں ہورہی ہے ۔محکمہ زراعت کے ایک اعلی آفیسر نے بتایا کہ اس وقت ٹماٹر کی مقامی پیداوار مارکیٹ تک آرہی ہے اس لئے مہنگائی کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہئے ۔اس دوران بیرونی منڈیوں میں بھی ٹماٹر کی قیمتیں کم کردی ہیں اور وہاں حالات معمول پر آنے لگے ہیں ایسے میں شہر سرینگر کے بازاروں میں کیوںکر ٹماٹر100روپے سے زیادہ قیمت پر فروخت کئے جائیں ۔وسیم احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ انہوں نے سنیچر کی صبح صفاکدل علاقے میں 110روپے فی کلوٹماٹر خریدا اور یہی حال لالچوک اور دوسرے علاقوں کا بھی ہے ۔چھانہ پورہ کے ارشد احمد نے بتایا کہ انہوں نے گذشتہ روز 120روپے فی کلو ٹماٹر خریدے۔ ایسا کیوں ہے ۔عوامی حلقے اس صورتحال پر محکمہ امورصارفین کو بھی مورد الزام ٹھہرا رہے ہیں ۔ان کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا مکلف ہے تو وہ ٹماٹر کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے اور گراں بازاری کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کررہا ہے ۔محمد شعیب نامی ایک تاجر کا کہنا تھا کہ محکمہ امورصارفین کے چیکنگ سکارڑ ماضی میں گوشت بیوپاریوں کیخلاف نظر آتے تھے اور اب چونکہ وہ کام بھی ان سے ڈھنگ سے نہ ہوسکا تو اب ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کے دام کیسے کنٹرول کئے جائیں گے ۔ محکمہ امورصارفین و عوامی تقسیم کے ناظم اور شعبہ انفورسمنٹ سے رابطہ کیا گیاتاہم کوئی جواب نہیں ملا ۔
کچرے دان کی نذر، عوام حیرت زدہ
حیدرآباد/یو این آئی/ گزشتہ چند دنوں سے جاری بارش کے نتیجہ میں تلنگانہ کے ضلع ورنگل میں ٹماٹر کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ پہلے ہی باورچی خانہ کی اس اہم شئے کی قیمت میں حالیہ دنوں کے دوران غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے جس نے عام آدمی کی کمر توڑکر رکھ دی ہے تاہم ورنگل کی سبزی ماررکٹ میں خراب ٹماٹر تاجروں کی جانب سے مویشیوں کو ڈالاگیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت نے پہلے ہی سنچری مکمل کرلی ہے تاہم ضلع ورنگل کے لکشمی پورم کی سبزی مارکٹ میں ٹماٹر کو کچرہ کی نذر کردیا گیا۔ اس بارش سے تاجروں کو شدید نقصان ہوا ہے ۔ کئی ٹریکٹر ٹماٹر کو کچرہ دان کی نذر کردیا گیا۔ ٹماٹر کے تاجرین نے کہا کہ بارش کے سبب ان کو نقصان ہوا اور یہ ٹماٹر عوام کے استعمال کے قابل نہیں رہا۔
مہاراشٹر سے نئی فصل کی آمد | قیمتوں میں کمی متوقع :مرکزی حکومت
نئی دہلی /عظمیٰ نیوز ڈیسک/مرکز نے جمعہ کو راجیہ سبھا کو بتایا کہ مہاراشٹر کے ناسک، نارائن گوان اور اورنگ آباد پٹی اور مدھیہ پردیش سے بھی نئی فصل کی آمد میں اضافہ کے ساتھ ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آنے کی امید ہے۔صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے وزیر اشونی کمار چوبے نے راجیہ سبھا کے ایک رکن کے سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ محکمہ امور صارفین ٹماٹر سمیت 22 اشیائے خوردونوش کی روزانہ کی قیمتوں کی نگرانی کرتا ہے۔ٹماٹر کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو روکنے اور اسے صارفین کو سستی قیمتوں پر دستیاب کرانے کے لیے، وزیر نے کہا، حکومت نے پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کے تحت ٹماٹروں کی خریداری شروع کی ہے اور اسے صارفین کو انتہائی رعایتی شرح پر دستیاب کرایا جا رہا ہے۔