عظمیٰ نیوز سروس
کٹھوعہ//راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کل کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے اور ملک کو توڑنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اْٹھانا ضروری ہے، ہمیں سب کے مفاد پر غور کرنا ہوگا، اس کے لیے اصول اور نظم و ضبط کی پابندی ضروری ہے۔جموں و کشمیر کے دورے پر آئے ڈاکٹر موہن بھاگوت اتوار صبح پہلے نوراترے کے موقع پر جموں میں باوے والی ماتا کے مندر میں پہنچ کر خصوصی پوجا کی اور پورے سماج کو نوراتری کی مبارکباد دی۔اس کے بعد ڈاکٹر بھاگوت کٹھوعہ پہنچے اور جن سنگھ کے بانی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی مورتی پر پھول چڑھائے اورپھر کٹھوعہ کے کارکنوں کے اجتماع میں شرکت کی۔کٹھوعہ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں منعقدہ کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع کے کارکنوں کے اجتماع میں کٹھوعہ، بسوہلی، بلاور اور سانبہ کے کارکنوں نے حصہ لیا۔ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کٹھوعہ میں ایک طویل عرصے کے بعد اتنا بڑا اجتماع ہو رہا ہے اور اس میں عام شہری بھی آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو جس چیز کی ضرورت ہے وہ بھارت دنیا کو دے سکتا ہے۔ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا کہ انسان سْکھی ہو ،دنیا کی لڑائیاں بند ہونی چاہئیں، امن ہونا چاہئے، یہ بھارت کی سنسکرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں لڑائیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، پہلے یوکرین کی جنگ اور اب اسرائیل کی جنگ اور خاندان بھی دن بہ دن ٹوٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا دنیا میں اب مصنوعی ذہانت کا دور بھی آ گیا ہے، دنیا الجھن میں ہے، نکلنے کا کوئی راستہ نہیں مل رہا ہے اوربھارت ہی ایسا ملک ہے جس سے دنیا کواچھا راستہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں جی 20 کی تنظیم کی وجہ سے معاشی تحفظات پر انسانی ہمدردی کی سوچ غالب ہو گئی ہے۔بھارت کا اپنا ایک نقطہ نظر ہے جو اپنے آباؤ اجداد سے وراثت میں ملا ہے۔بھاگوت نے کہا کہ سناتن دھرم کی بنیادی اقدار اور رسومات قدیم زمانے سے چلی آ رہی ہیں۔ سناتن ہی بھارت کی اصل ثقافت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سناتن کو ہندو دھرم کا نام نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ سناتن دھرم کا عروج بھارت کا عروج ہے ، دھرم سب کو جوڑتا ہے، دھرم توازن پیدا کرتا ہے۔ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا کہ ویدوں کا طرزِ عمل 1000 سالوں کا رہا ہے، ہم نے اسے چھوڑدیا۔انہوں نے کہا کہ سنگھ دھرم کو جھوڑنے والا اور سب کو جوڑنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے اور ملک کو توڑنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اْٹھانا ضروری ہے، ہمیں سب کے مفاد پر غور کرنا ہوگا، اس کے لیے اصول اور نظم و ضبط کی پابندی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگھ کو ایسے لوگوں کو تیار کرنا ہوگا تاکہ وہ سماج کی قوت ارادی پیدا کریں تاکہ وہ دنیا کو وہ کچھ دے سکیں جس کی ضرورت ہے۔ اس موقع پرشمالی خطے کے سربراہ سیتا رام جی، صوبائی سربراہ ڈاکٹر گوتم منگی اور کٹھوعہ کے ودیا رتن بھی موجود تھے۔بعد میںموہن بھاگوت وارڈ 6 میں واقع رادھا کرشن مندر میں پوجا کرنے گئے اور پھرانہوں نے گاؤں جاکھبڑمیں بھارت ماتا کی مورتی کی نقاب کشائی کی۔