نئی دہلی// ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1007 نئے کیس درج کئے جانے کے ساتھ ہی کورونا متاثرین کی تعداد 13 ہزار 387 تک پہنچ گئی اور اس دوران اس انفیکشن کی وجہ سے 23 افرادکی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 437 ہو گئی۔
ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کورونا کے اب تک مجموعی 13387 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 76 غیر ملکی مریض شامل ہیں۔
کورونا سے متاثرہ افراد کے صحت یاب ہونے کی رفتار بھی بڑھی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے متاثرہ 260 افراد کے صحت یا ب ہونے کے ساتھ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1749 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا قہر ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیل چکا ہے۔ کورونا سے سب سے شدید متاثر مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ریاست میں اب تک 3205 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں سات افراد کی موت کے بعد اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 194 ہو گئی ہے۔ ریاست میں انفیکشن کے 289 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔متاثرین کی تعداد کے معاملے میں دوسرے مقام پر ملک کی قومی دارالحکومت دہلی ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 62 نئے کیس درج کئے جانے کی وجہ سے اب تک مجموعی 1640 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس دوران چھ افراد کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 38 ہو گئی ہے اور 51 مریضوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ اس کے بعد تمل ناڈو میں 25 نئے کیسز سامنے آئے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 1267 ہو گئی ہے اور ریاست میں اب تک 15 افراد ہلا ک ہو چکے ہیں۔