عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// رمضان المبارک کے ساتھ ہی ملک بھر میں کشمیری سیب کی مانگ بڑھ گئی ہے۔رمضان کے آغاز سے کاشتکاروں نے سیب، جو کولڈ سٹوریج میں رکھے گئے تھے، بیرون ریاست بھیجنا شروع کر دیا ہے۔کاشتکاروں کے مطابق اس وقت ملک بھر میں سیب کی اچھی مانگ ہے کیونکہ رمضان کا مقدس مہینہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ کولڈ سٹوریج میںذخیرہ شدہ سیب کی اس وقت اچھی مانگ ہے۔
اس وقت کشمیری سیب بھارت کی معروف فروٹ منڈیوں میں بھیجے جا رہے ہیں۔ ہمارے پاس اب بھی سیب کی ایک بڑی مقدار اب بھی کولڈ چین کی سہولیات میں محفوظ ہے جو بھارت کی مختلف منڈیوں میں بھیجے جانے کیلئے تیار ہے۔رمضان کے ساتھ پھلوں اور دیگر غذائیت سے بھرپور کھانے کی کھپت میں اضافہ ہونے کے ساتھ کشمیری سیب بہت سے گھرانوں میں افطارپر ایک اہم غذا بن گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق کشمیری سیب کی مانگ دہلی، ممبئی، کولکتہ اور بنگلورو جیسے بڑے شہروں میں بڑھ گئی ہے۔سیب کے کاشتکاروں نے بتایا کہ ہندوستان کی مختلف فروٹ منڈیوں میں سیب کی قیمت 1500-1600 روپئے کے درمیان ہے۔کولڈ سٹوریج میں ذخیرہ شدہ سیب کی اچھی قیمت ملتی ہے کیونکہ وہ آف سیزن کے دوران ہندوستان کے مختلف شہروں میں دستیاب ہوتے ہیں۔ سیب کے کاشتکاروں نے کہا کہ رمضان اکثر کشمیری سیبوں کیلئے منافع بخش سیزن ثابت ہوتا ہے کیونکہ بھارت کے مختلف شہروں میں اس کی مانگ ہے۔موجودہ سیزن کے دوران ہندوستان کی منڈیوں میں صرف کشمیری سیب ہی دستیاب ہوتے ہیں۔ لہذا کاشتکار بڑی مقدار میں سیب مختلف پھلوں کی منڈیوں میں بھیجتے ہیں۔ کولڈ سٹور میں ذخیرہ شدہ سیب اگلے تین مہینوں تک مارکیٹوں میں پہنچ جائیں گے۔