نئی دہلی//کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی نے کورونا کو قابو میں کرنے کے لئے ملک سے 21دن مانگے تھے لیکن اب 2ماہ ہونے جارہا ہے لیکن وبا کم ہونے کے بجائے اور بڑھتی ہی جارہی ہے ،جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہندوستان میں لاک ڈاؤن ناکام رہا ہے ۔راہل گاندھی نے منگل کو پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی 21دن میں کورونا کو روکنے میں ناکام رہے اور پھر اس میں تین مرتبہ اضافہ کیا گیا۔اب لاک ڈاؤن کو 60روز ہونے والے ہیں لیکن حالات بہتر ہونے کے بجائے بہت زیادہ خراب ہوگئے ہیں۔حکومت کے پاس کورونا سے لڑنے کے لئے کوئی مضبوط حکمت عملی نہیں ہے اس لئے اسے قابو کرنے میں ہم ناکام ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے لڑنے کے لئے دنیا کے تجربات کو دیکھیں تو ہندوستان ہی واحد ملک ہے جہاں اس کے تیزی سے پھیلنے کے درمیان لاک ڈاؤن کھولا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا ہدف حاصل نہیں ہوا ہے ۔اس تعلق سے پہلی حکمت عملی فیل ہوئی ہے لیکن حکومت کو بتانا چاہئے کہ وہ اب لاک ڈاؤن کس طرح سے ہٹائے گی اور تاجروں وعام لوگوں کے مفادات کا خیال کس طرح رکھا جائے گا؟ مودی کو یہ تسلیم کرنا چاہئے کہ کورونا کو روکنے کیلئے انہوں نے جو اقدام کیا تھا اس میں وہ ناکام ہوئے ہیں اور وہ اب کیا کررہے ہیں اس کے بارے میں بھی انہیں بتانا چاہئے ۔پہلے وہ ‘فرنٹ فٹ’پر یعنی آگے آکر اس جنگ کو لڑ رہے تھے ۔