نیوز ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر حکومت نے اتوار کو تین ملازمین کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر آئین ہند کی دفعہ 311 کے تحت برطرف کر دیا۔ ہندوستان کے آئین کا آرٹیکل 311 یونین یا ریاست کے تحت سول عہدوں پر ملازمت کرنے والے شخص کو برخاست کرنے کا انتظام کرتا ہے۔ان ملازمین کی سرگرمیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے منفی نوٹس میں آئی تھیں، کیونکہ انہوں نے انہیں ریاست کے مفادات کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث پایا، جیسے کہ دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہونا شامل ہے۔ان میںمنظور احمد ایتو، جونیئر انجینئر (پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ) پی ایم جی ایس وائی بانڈی پور، سید سلیم اندرابی، آرڈرلی سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، تحصیل ہندوارہ اور محمدعارف شیخ ٹیچرگورنمنٹ مڈل سکول، پگیہلہ، مہور، ریاسی شامل ہیں۔منظور احمد ایتو نے دہشت گردوں کی حمایت میں لوگوں کو متحرک کرنے اور نوجوانوں کو دہشت گرد صفوں میں شامل ہونے کی ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا جس سے ہندوستانی ریاست کی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق تھا۔ سید سلیم اندرابی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے ہیں۔ مزید، محمد عارف شیخ، پاکستان سے کام کرنے والے دہشت گردوں کی ہدایت پر آئی ای ڈی نصب کرنے میں ملوث پایا گیا ہے، جس سے انسانی جانوں کا ضیاع اور عوامی املاک کو نقصان پہنچا۔ ان تینوں برطرفیوں سے پہلے، 44 سرکاری ملازمین و افسران کو آئین ہند کے آرٹیکل 311 کی دفعات کے تحت برطرف کیا جا چکا ہے۔
ملک دشمن سرگرمیوں اور منشیات کا الزام | جونیئر انجینئر سمیت 3ملازمین برطرف ، کل تعداد۔۔47