سرینگر // ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر (ڈاک)نے کہا ہے کہ ملٹی وٹامن مریضوں کیلئے فائدہ مند نہیں ہیںبلکہ ان سے مریضوں کو الٹا نقصان ہوتا ہے۔ ڈاک صدرڈاکٹر نثار الحسن نے کہا ’’ ملٹی وٹامن مریضوں کی صحت نہیں بناتے ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ لوگ ملٹی وٹامنوں کا استعمال کرتے ہیں جیسے وہ زندگی کیلئے شربت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو لگتا ہے کہ تھکاوٹ میں یہ انہیں توانائی فراہم کریں گے۔ انہوں نے مزیدکہا ’’ امریکن کالج آف کارڈیولاجی کی طرف سے مشتہر کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ملٹی وٹامن کسی قسم کا فائدہ نہیں دیتے اور ایسی کوئی تحقیق نہیں ہے کہ ان سے کینسر کی بیماری سے بچاجاسکتا ہے بلکہ دیکھا گیا ہے کہ مختلف قسم کی کینسر بیماریوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ beta-carotene اور vitamin A کی ادویات سے سگریٹ نوشی کرنے والے 28فیصد افراد میں پھیپھڑوں کے کینسر میں اضافہ ہوتا ہے۔ ڈاک صدر کے مطابق ایک اور تحقیق کے مطابق وٹامن ای لینے کی وجہ سے 17فیصد افراد میںprostate cancer میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی وٹامنز کا استعمال نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ خطرناک بھی ۔ انہوں نے کہا کہ معقول غذا کا کوئی بھی متبادل موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میوے اور سبزیاں جسم کو ضرورت کے حساب سے وٹامن فراہم کرتے ہیں۔