سرینگر//متحدہ مجلس علماء کے امیر میرواعظ عمر فاروق ،انجمن حمایت الاسلام سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ و صدر مولانا خورشید احمد قانونگو اور انجمن علمائے احناف صدر مولانا اخضر حسین نے سراج الامۃ ،امام العالم حضرت امام اعظم ابو حنیفہ ؒ کے عرس پاک پر زبردست اور شاندار الفاظ میں عقیدت اور محبت کا خراج پیش کیا ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ حضرت امام اعظم ؒ کی دینی بصیرت ، فقہی دقت نظر اور تفقہ فی الدین ایک مسلمہ حقیقت ہے ، جنہوں نے اپنی خداداد علمی صلاحیتوں اور خوبیوںسے امت کو درپیش لا تعداد مسائل و مشکلات کا قرآ ن و حدیث کی روشنی میں جامع، مدلل اور قابل قبول حل نکال کر ملت کی عظیم رہنمائی کا فریضہ انجام دیا ہے اور اس کے لئے ملت اسلامیہ حضرت امام اعظم ؒ کا مرہون منت ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت امام اعظمؒ کی زندگی امت مسلمہ کیلئے ایک مینارئہ نور کی حیثیت رکھتی ہے اور انکی تاریخ ساز زبردست دینی خدمات اور عظیم فقہی ومثالی کارنامے خاص طور پر فقہ اسلامی کی تدوین ہر دور کے علماء اور فقہا کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ادھر یوم وصال مجتہدد اسلام حضرت امام حنیفہؒ کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے مولانا شوکت حسین کینگ اورمولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا کہ آنجنابؒ نے قرآن ، سنت و اجماع امت کو سامنے رکھتے ہوئے عالم اسلام کے حل طلب مسائل کو حل کرتے ہوئے مسلمانوں کو اختلافات سے بچا کر فکری اور علمی اتحاد کا پیغام دے کر نہ مٹنے والی خدمت اسلام فرمائی۔ آج بھی مسائل کو اختلاف نہ بنا کر ایسے ہی علمائے ربانی کی طرف رجور کرنے کی ضرورت ہے،اسی میں مسلمانوں کی کامیابی و کامرانی مضمر ہے۔ اس دوران مولانا اخضر حسین نے حضرت امام ابوحنیفہ ؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ آج کے مادی دور میں امام اعظمؒ کے فرمودات پر عمل پیرا ہونا لازمی ہے۔