سرینگر//جموں اینڈ کشمیر فکشن رائٹرس گلڈ کی 129ویں نشست گلڈ کے صدر دفتر واقع آبی گذر لالچوک سرینگر میں مرحوم محمد مقبول ساحل کی یاد میں منعقد ہوئی۔نشست کی صدارت پہاڑی اور اردو کے معروف ادیب راجہ نذر بونیاری نے کی جبکہ پہاڑی زبان کے معروف ادیب محمد ایوب میر اور مرحوم مقبول ساحل کے فرزند اقبال ساحل بطور خاص مہمان نشست میں موجود تھے۔نشست کے آغاز میں مرحوم مقبول ساحل کے ایصال ثواب کےلئے دعائے مغفرت کی گئی اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا گیا۔ مسرت دانش نے مرحوم مقبول ساحل کے سوانحی کوائف پر تحریر کردہ اپنی فکشن تحریر پیش کی۔ صوفی بشیر بشر نے ساحل مقبول کا اردو افسانہ ”چشمے والا بزرگ“ ، حسن انظر نے ساحل مقبول کے اردو افسانہ” تمہیں کوئی اور دیکھے“کا کشمیری ترجمہ پڑھا اور مشتاق برق نے ساحل مقبول کے افسانے کا انگریزی ترجمہ پڑھا۔جن ممبران نے مرحوم کے تئیں اپنے تاثرات پیش کئے ان میں شجاعت بخاری ، ڈاکٹر نذیر مشتاق اور شبیر حسین شبیر قابل ذکر ہیں۔ آخر پر گلڈ کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم سالک نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔نظامت کے فرئض گلڈ کے کاڈنیٹر اور نوجون افسانہ نگار زبیر قریشی نے انجام دئے۔