سرینگر//پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت رنجن پرکاش ٹھاکر نے کل یہاں انسٹی چیوٹ آف ہوٹل منیجمنٹ راج باغ میں ہینڈی کرافٹ سیکٹر میں کاریگروں کو ریاستی ایوارڈ سے نوازا ۔ اس موقعہ پر ایم ڈی ایس آئی ڈی سی او پی ہارون ملک ، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم محمود احمد شاہ، محکمہ کے افسران اور کاریگر موجود تھے ۔ رنجن پرکاش ٹھاکر نے انعام جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کاریگر برادری کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے دُنیا کے مشہور شال، پیپر ماشی ،قالین اور لکڑی کے کاریگروں کو اس منفرد مہارت کو محفوظ رکھنے کیلئے زور دیا ۔یہ ایوارڈ سوزنی ، پیپر ماشی ، قالین اور لانگوئشنگ اینڈ انوویٹو کرافٹ زمروں میں دئیے گئے ۔ سوزنی زمرے میں سونپہ بیروہ سے بشیر احمد ملک کو50 ہزار روپے کا نقد اور پہلا انعام ، لوکھری پورہ نوشہرہ سے محمد شفیع بٹ کو 30 ہزار روپے کا دوسرا اور سونپہ بیروہ سے مقبول حسین ملک کو 20 ہزار روپے کا تیسرا انعام دیا گیا ۔ اسی طرح کارپٹ میں ناد یار رعنا واری سے محمد اشرف ڈائکو کو 30 ہزار روپے کا نقد انعام اور چھتہ بل کے پاٹلی پورہ پائین سے علی محمد گنائی کو20 ہزار روپے سے نوازا گیا ۔ اس کے علاوہ پیپر ماشی زمرے میں شالہ باغ سے عاشق حسین کو 50 ہزار روپے ، عالمگری بازار سے سید منظور رضوی اور جاوید احمد میر کو فی کس 30 ہزار روپے ، لال بازار سے گوہر اور زاہد حسین بیگ کو فی کس 20 ہزار روپے انعام سے نوازا گیا ۔ صفا کدل کے فاروق احمد کو 20 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا ۔ علاوہ ازیں پیپر ماشی میں عمدہ کام کرنے کیلئے میرٹ کا سرٹیفکیٹ تنویر حسین ڈانگرو کو دیا گیا ۔ اس سے قبل پرنسپل سیکرٹری نے کشمیر ہاٹ کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے کشمیر ہاٹ کو متحرک اور زندہ دل بنانے کیلئے ہدایات دیں ۔ انہوں نے انڈین انسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹکنالوجی کا بھی دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی نے انہیں انسٹی چیوٹ میں جاری سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے دستکاری مصنوعات کی فروخت کیلئے برانڈ تعمیر کرنے اور ای کامرس پلیٹ فارم لانچ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔