پہلگام //فوج کی 15 ویں کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل انیل کمار بھٹ نے کہا کہ فوج کو آپریشنوں کے دوران جنگجوئوں کے اہل خانہ سے کوئی مطلب نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں ہندوستانی فوج کا کام جنگجوؤں کا خاتمہ کرنا ہے۔جنرل اے کے بھٹ یہاں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں نوجوانوں کا جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنا باعث تشویش ہے۔ جی او سی جنگجوؤں کے اہل خانہ کی مبینہ ہراسانی کے بارے میں پوچھے جانے پر لیفٹیننٹ بھٹ نے کہا ’باقی لوگوں سے ہمارا کوئی مطلب نہیں ۔ ہمارا فوکس (ہمارا دھیان) صرف جنگجوؤں پر ہے‘۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کی جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت پر کہا ’مقامی سطح پر جنگجوؤں کی صفوں میں بھرتی ہمارے لئے تشویش کی بات ہے۔ پچھلے مہینے میں جنگجوؤں کی بھرتی کے عمل میں کمی آئی ہے۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ اس میں آہستہ آہستہ مزید کمی آئے گی‘۔ انہوں نے متنازعہ میجر لیٹول گگوئی کے بارے میں کہا ’ہماری اندر کی انکوائری ہوتی رہتی ہے اور ہوگی اور قوانین کے مطابق کاروائی کی جائے گی‘۔ لیفٹنٹ بھٹ نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ریاست میں اعلان شدہ پنچایتی انتخابات پُرامن ماحول میں منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا ’فوج کا کام ہے کہ امن وامان ہو۔ ایسا امن ہو کہ الیکشن پرامن ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ انتخابات ایک پرامن ماحول میں منعقد کئے جائیں۔ اس کے لئے ہم جنگجو مخالف آپریشنز چلاتے رہیں گے۔ باقی جہاں تک الیکشن کا سوال ہے، وہ یہاں کی جنتا کے لئے ہیں۔ زمینی سطح پر لوگوں کو بااختیار بنانے کا ایک عمل ہے۔ مجھے امید ہے کہ لوگ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے‘۔