رمیش کیسر
راجوری//راجوری ضلع کے نوشہرہ سب ڈویژن کے مختلف دیہاتوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے شروع کیا گیا سرچ آپریشن مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا جس میں فوج اور پولیس کی مشترکہ تلاشی ٹیمیں تعیناتی کی گئی ہیں جو کہ مسلسل مذکورہ علاقوں میں موجود ہیں ۔حکام نے بتایا کہ یہ سرچ آپریشن بدھ کی شام اس وقت شروع کیا گیا جب ایک موٹر سائیکل پر سوار تین افراد نے نوشہرہ کے قریب ٹھالکہ میں پولیس ناکا توڑا اور بعد میں اس موٹر سائیکل کو سڑک پر چھوڑ کر دریا کی طرف فرار ہو گئے۔ان تینوں مشتبہ افراد کا پولیس نے پیچھا کیا جس کے بعد فوج اور پولیس کی کمک طلب کی گئی اور بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اس طرح کی کارروائی شروع کی گئی۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں راجوری ضلع کے ڈھا نگری علاقہ میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے اقلیتی طبقہ کے چھ افراد کو ہلاک کیا گیا ہے جس کے بعد خطہ میں سیکورٹی فورسز چوکسی کا مظاہرہ کر کے کئی علاقوں میں تلاشی مہم چلا رہی ہیں ۔اس دوران ڈرون کا استعمال بھی کیاجارہا ہے تاکہ مشتبہ افراد کی پتہ لگایا جاسکے ۔حکام نے بتایا کہ یہ تلاشی کارروائی جمعرات کو مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہی اور نوشہرہ سب ڈویژن کے دیہات بشمول ٹھالکہ، ناد پور، ڈھلیان میں فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیموں کے ساتھ تلاشی جاری ہے۔