سرینگر// کشمیر اکنامک الائنس کے چیئرمین محمد یاسین خان نے کہا ہے کہ سرینگر۔جموں شاہراہ کی خراب حالت کشمیریوں کو یرغمال بنائے رکھنے کا ایک ذریعہ بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا اہل وادی کو سرینگرجموں شاہراہ کے رحم و کرم پر چھوڑا گیا ہے اور متبادل شاہراہوں، خاص کر مغل روڑ کو ہر موسم میںٹریفک کے قابل بنانے میں گذشتہ سات دہائیوں سے لیت و لعل سے کام لیا جارہا ہے۔یاسین خان، جو کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن، کے سربراہ بھی ہیں، نے کہا کہ جب پوری دنیا ایڈوانسڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے ترقی کررہی ہے ،سرینگر۔جموں شاہراہ ہر سال پیچھے ہی چلتی نظر آرہی ہے انہوں نے کہا سرینگر جموں شاہراہ مسافروں اور عام لوگوں کے لئے وبال جان بنگئی ہے۔یاسین خان نے کہاگزشتہ تین ماہ کے دوران سرینگرجموں شاہراہ 40 بار بند ہوئی جو ایک تشویشناک بات ہے کیونکہ ایسا ہونے سے خطے کی اقتصادی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔