عظمیٰ نیوز سروس
شوپیان//وادی کے فروٹ گروورس اور تاجروں کو ایک بڑی راحت دیتے ہوئے ڈویژنل کمشنرکشمیر انشول گرگ نے منگل کو بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 2200 پھلوں سے لدے ٹرکوں کو مغل روڈ سے کامیابی کے ساتھ نکالا گیا۔ صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے، انہوں نے پیر کی گلی مغل روڈ کا ایک جامع دورہ کیا تاکہ پھلوں کے ٹرکوں کی آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے فروٹ منڈی اگلر، شوپیان کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سٹیک ہولڈرز بشمول پھلوں کے کاشتکاروں، تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور باغبانی کے شعبے کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔دورے کے دوران انہوںنے وادی میں ایندھن اور ضروری اشیا کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پھلوں سے لدے ٹرکوں کی نقل و حرکت کو ترجیح دینے کے لیے انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سول انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان مربوط کوششوں کے نتیجے میں پھلوں کی گاڑیوں کی تیزی سے کلیئرنس ہوئی، جس سے باغبانی برادری کو انتہائی ضروری مہلت ملی۔فوری کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے، فروٹ گروورز اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر، محمد اشرف نے چیف سکریٹری جموں و کشمیر کا ان کی بروقت اور فوری مداخلت اور ہدایات کے لیے شکریہ ادا کیا، جس سے نقل و حمل کے عمل کو آسان بنایا۔صوبائی کمشنرنے تمام سٹیک ہولڈرز پر بھی زور دیا کہ وہ ٹریفک کے ضابطوں اور نقل و حرکت کے مقررہ اوقات پر عمل کریں تاکہ نظم برقرار رہے اور مغل روڈ پر مسلسل بہا کو یقینی بنایا جا سکے۔