سمت بھارگو
پونچھ // خراب موسمی حالات اور قومی شاہراہ NH-44 کی بندش کے باعث مغل روڈ پر مسافروں کی بڑھتی ہوئی بھیڑ کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ پونچھ نے عوامی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ایک نئی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس کے تحت ٹریفک کو سختی سے کنٹرول کرنے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ پونچھ اشوک کمار شرما کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق چندی مڑھ سے کشمیر جانے والے ٹریفک کو شام4:30بجے تک اجازت ہوگی۔ اس کے بعد کسی بھی گاڑی کو آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، سوائے ان صورتوں کے جب کوئی طبی ایمرجنسی ہو یا پھر کسی سرکاری ڈیوٹی پر مامور گاڑی کو باقاعدہ طور پر مجاز افسر کی اجازت حاصل ہو۔اسی طرح پیر کی گلی سے جموں کی طرف آنے والے ٹریفک کو شام4بجے تک ہی اجازت دی جائے گی، اس کے بعد گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد ہوگی۔حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ وقت کے بعد کسی بھی گاڑی کو روڈ پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم ناگزیر حالات جیسے کہ طبی ہنگامی صورت حال یا سرکاری فرائض پر مامور گاڑیوں کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سفری منصوبہ بندی پہلے سے کریں، دئیے گئے اوقات کی پابندی کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی غیر ضروری رکاوٹ یا عوامی مشکلات سے بچا جا سکے۔مزید برآں، ضلع مجسٹریٹ نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پونچھ کے ساتھ ساتھ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، سب ڈویژنل مجسٹریٹس، ایس ڈی پی اوز، تحصیلداروں، ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ اس ایڈوائزری کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے اور اس پر حرف بہ حرف سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات عوامی سلامتی، ٹریفک کے بہتر انتظام اور خراب موسم کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچاؤ کے لئے کئے گئے ہیں۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت نہ صرف مسافروں کے لئے خطرناک ہے بلکہ ٹریفک جام اور حادثات کے امکانات میں بھی اضافہ کرتی ہے۔