عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ہندوستانی محکمہ موسمیات سرینگر دفتر نے موسم کی ایک ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں 4 اکتوبر 2025 سے جموں و کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں کو متاثر کرنے والے اہم مغربی ڈسٹربنس کی وارننگ دی گئی ہے۔میٹ آفس سرینگر کی طرف سے جاری ایڈوائزری کے مطابق، ڈویژنل کمشنر کشمیر اور جموں کو مطلع کیا گیا ہے، 5 سے 7 اکتوبر تک وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش اور اونچائی پر برفباری کا امکان ہے، جس میں 5 اکتوبر کی رات سے 7 اکتوبر کی صبح کے درمیان سرگرمیاں عروج پر ہوں گی۔یہ نظام بالائی علاقوں بشمول اننت ناگ-پہلگام، کولگام، سنتھن پاس، شوپیان، پیر کی گلی، سونمرگ-زوجیلا، بانڈی پورہ، رازدان پاس، گلمرگ، اور کپواڑہ کے سادھنا پا س سمیت درمیانے درجے سے بھاری برف باری کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ درمیانی حصے میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔کشمیر ڈویژن کے میدانی علاقوں میں اعتدال سے لے کر موسلادھار بارش کا امکان ہے، جب کہ جموں ڈویژن کے الگ تھلگ علاقوں میں موسلادھار سے بہت موسلادھار بارشیں ہوسکتی ہیں، اس کے ساتھ گرج چمک، بجلی گرنے، ژالہ باری، اور تیز ہوائیں 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک سے 60-70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
اگلے 10 دن
کمزور ویسٹرن ڈسٹربنس کے نتیجے میں، 3 اور 5 اکتوبر کے درمیان کچھ مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس عرصے کے دوران چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔6 اور 7 اکتوبر کو ایک تازہ اعتدال پسند شدت کا مغربی ڈسٹربنس جموں و کشمیر کو متاثر کرنے کی توقع ہے۔اس کے زیر اثر جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر بارش/برفباری متوقع ہے۔رازدان ٹاپ، زوجیلا پاس، سنتھن ٹاپ، پیر کی گلی اور دیگر اونچے راستوں پر 4 سے 15 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔ عام طور پر، اسکی شدت جنوبی کشمیر میں زیادہ ہوگی۔ سونمرگ اور گلمرگ میں بھی برف باری کا امکان ہے۔شوپیان اور کولگام اضلاع کے درمیانی علاقوں میں برف باری سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
شاہراہ
حکام نے جموں-سرینگر اور سری نگر-لیہہ قومی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں دیگر اہم راستوں سمیت سطحی نقل و حمل میں ممکنہ رکاوٹ سے خبردار کیا ہے۔ایڈوائزری میںمٹی کے تودے گرنے، اور بعض حصوں میں پتھر گرنے کے خطرے کے بارے میں بھی خبردار کیا گیا ہے، خاص طور پر ڈھلوان والے علاقوں میں۔کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 5 اور 7 اکتوبر کے درمیان زرعی کاموں کو روک دیں، تاکہ فصلوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔دریائوں، مقامی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے اور نشیبی علاقوں میں ممکنہ پانی جمع ہونے کے امکان کے ساتھ، رہائشیوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔