سرینگر// حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر حریت کے ایک وفدنے معرکہ آری زال میں جاں بحق ہوئے شفاعت احمد وانی کے گھر واقع واگورہ بارہ مولہ جاکر موصوف کو خراج عقیدت ادا کیا۔وفد میںمولوی بشیر عرفانی، غلام احمد گلزار، غلام مصطفی وانی، شیخ مصعب اور بلال صدیقی شامل تھے۔ایک بیان کے مطابق حریت وفد نے شفاعت کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ 1931 سے آج تک جموں کشمیر کی قوم نے چھ لاکھ سے زائد انسانی نفوس کی شہادت سے اپنی تاریخ رقم کرلی ہے۔ ادھر حریت کے سیکریٹری جنرل غلام نبی سمجھی نے برزلہ اسپتال جاکر معرکہ آری زال میں زخمی ہوئی خاتون سمیرہ بانو کی عیادت کی۔ حریت نے آری زال کے مکینوں کوفوج کی طرف سے ہراساں کرنے کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اِسے انسانی حقوق کی بدترین پامالی قرار دیا۔ حریت کانفرنس نے ریاست میں ہورہی قتل وغارت گری کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے حوالے سے زمینی حقائق کو نظرانداز کرتے ہوئے صرف فوجی طاقت کی بنیاد پر ریاستی عوام کے حقوق کو تلف کرنے پر بضد ہے۔اس موقعہ پر تحریک مزاحمت کے سربراہ بلال احمد صدیقی نے عوام سے اپیل کی کہ ان قربانیوں کی حفاظت کریں اور کسی کو بھی ان کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہ دیں۔ بلال صدیقی نے کہا کہ تحریک آزادی کے اس نازک دور میں ہمیں اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ ہمارا کوئی عمل شعوری یا غیر شعوری طور پر ان قربانیوں کی بے حرمتی کا باعث نہ بنے۔