اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک کی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری پر وادی چناب و باالخصوص ڈوڈہ ضلع میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ملک کی گرفتاری کی خبر ضلع میں آگ کی طرح پھیل گئی اور اس کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کے کارکن و لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور ضلع مجسٹریٹ و مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ بازی کی۔مظاہرین نے ایم ایل اے کی گرفتاری کو جمہوریت کا قتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک منتخب نمائندہ کو حق کی آواز بلند کرنے کے الزام میں گرفتار کرنا سرا سر زیادتی و ناانصافی ہے۔ ڈوڈہ، بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،چلی پنگل ،کاہرہ ،باتھری میں مظاہرین نے معراج ملک کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غریب عوام کے ساتھ ہورہی ناانصافی و ظلم کے خلاف اسمبلی کے اندر و باہر ہر جگہ آواز بلند کی لیکن اس کا ساتھ دینے کے بجائے سرکار نے انہیں پابند سلاسل کیا۔مظاہرین میں شامل عرفان ملک، صادق ملک، عتیق الرحمن نے ملک کی گرفتاری کو جمہوریت و جمہوری اداروں کی پامالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی رہائی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی رہائی تک پرامن احتجاج و جلوس جاری رہیں گے۔انہوں نے کل کے لئے لوگوں کو سڑکوں پر نکل کر ڈوڈہ چلو کی کال دی۔ادھر انتظامیہ نے بھدرواہ میں بھی ایک درجن کے قریب عام آدمی ورکرز کو حراست میں لیا ہے جبکہ جگہ جگہ پولیس و سیکورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کئے ہیں۔