سرینگر//معراج العالم کی مقدس تقریب پر وادی میں علمائے کرام نے اس دن کی مناسبت سے مفصل روشنی ڈالی۔ نمازِ جمعہ سے قبل جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میر واعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے خانقاہِ جامع پانپور میں خطبے کے دوران معراج العالم اور صاحب المعراجؐ سے متعلق وعظ و تبلیغ فرماتے ہوئے کہا کہ شب معراج میں جناب رسول مقبولؐ کو حق تعالیٰ نے اپنے اسرار قدرت سے نوازا اور امت کیلئے خصوصی تحفہ پنجگانہ نماز عطا کیا اور ماہ رجب المرجب ۲۷ویں شب میں پیغمبر اسلام ؐ کو معراج کے اعزاز سے نوازا گیا۔انہوںنے کہاکہ حضور پاک ؐ کو جہاں دنیا بھر کے نبوی اور علمی کمالات رفعتیں اور سر بلندیاں عطا کی گئیں وہاں سرور عالم ؐ کو ایک عظیم الشان کمال معراج اور اسرار بھی عطا کیا گیا۔حضرت بل میں امام حی پیزادہ کمال الدین فاروقی نے فلسفہ معراج پر خطبہ دیا اور موئے شریف کی نشاندہی غلام محی الدین بانڈے نے کی اور آثار شریف شہری کلاش پورہ میں تبرکات کی نشاندہی مولوی منظور احمد نے کی۔ خانقاہِ زیارت صبورباب صاحبؒ بربرشاہ میںمولانا شوکت حسین کینگ اور قدیم مسجد قاضی یار میں امام و خطیب ڈاکٹر قاری حافظ مولوی لطیف نے فلسفہ معراج بیان کیا۔ادھرخانقاہ اکملیہ حول سرینگر میں ایک روح پرور مجلس میں روحانی پیشوا میر افتخار احمد کاملی و صدر انجمن حمایت الاسلام مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا کہ یہ شب آنحضورؐ کے معرکتہ الآراء و امتیازی معجزہ کی سرفرازی اور امت محمدیہؐ کیلئے ہر شعبہ زندگی و اخروی کے اندر اخلاقی عروج ، اتحاد بصورت نمازاور اخلاقی تنزل کے افراد کیلئے تنبیہ و اصلاح کرنے کا پیغام ہے۔