لندن //یورپی وزرائے خزانہ نے گذشتہ شام ہونے والے اجلاس میں کورونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے 500 ارب یورو کے منصوبے کی منظوری دی تاکہ کورونا وائرس سے ہونے والے معاشی نقصان کی تلافی ہوسکے اور اس وبا پر قابو پانے میں اراکین ممالک کو مدد فراہم کی جاسکے۔ یہ اور بات ہے کہ اس اہم منصوبے میں یورپی یونین نے قرضوں تک رسائی کے مشترکہ اطالوی، اسپانوی اور فرانسیسی مطالبے کو یکسرمسترد کردیا ہے۔ یورو گروپ کے ترجما ن نے کہا کہ یورپی یونین کی جانب سے پانچ سو ارب یورو کی رقم مختص کئے جانے پر تمام ممالک کے تحفظات دور ہوگئے ہیں۔ اس موقعے پرفرانسیسی وزیر خزانہ برونو لیمری نے اس منصوبے کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کی شام میں ہونے والا یہ اجلاس اور اس میں ہونے والا فیصلہ ’بہترین معاہدہ‘ ہے جس میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے پانچ کھرب یورو کی رقم مختص کی گئی ہے۔لیمر نیاجلاس کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یہ معاہدہ یورپی یونین کیلئے ایک اہم دن کی نمائندگی کرتا ہے اور اس سے یقیناً اراکین ممالک کی بڑی حد تک معاشی مدد ہوگی۔ جرمن وزیر خزانہ اولاف شولٹزبھی فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اسے یورپی یونین کے عظیم اقدامات میں سے ایک قرار دیا۔انہوں نے ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم سب ایک مشترکہ ردعمل فراہم کریں جس سے ہمارے ممالک کو صحت سے متعلق چیلنجوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ معاشی چیلنجوں پر قابو پانے کی سہولت ملیگی اور ہم کورونا جیسی وبا کو کنٹرول کرنے اور آئندہ کیلئے اس طرح کے کسی بھی خطرناک بحران کا مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں آجائیں گے۔ خیال رہے کہ کورونا سے یورپی یونین کے بیشتر ممالک بہت زیادہ متاثر ہیں۔