مظفرآباد//وادیٔ کشمیر میں جاری بشری حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اور طالب علموں کے حق میں مظفرآباد میںایک احتجاجی ریلی برآمد ہوئی،جس کا اہتمام کشمیری یوتھ نامی تنظیم نے کیا تھا۔ برہان وانی چوک میں منعقد ہوئے اس احتجاجی جلوس میںنوجوانوں اورخواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر کشمیری یوتھ کے سرپرست محمد اقبال میر، چیئرمین خورشید اعوان، وائس چیئرمین پرویز درانی، چیف آرگنائزر راجہ عبدالرشیدسمیت کئی لیڈروں نے اقوام متحدہ سے کشمیریوں کو استصواب رائے دلوانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاک بھارت کے درمیان کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ یہ کشمیریوں کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں آزادی مانگنے کی پاداش میں فورسز کی جانب سے مظالم ڈھائے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن بچوں کے ہاتھوں میں کتابیں اور کاپیاں ہونی چاہئیں تھیں، آج ان کے ہاتھوں میں پتھر ہیں ، جو انسانی حقوق کے دعویداروں کو نظر نہیں آتا۔انہوںنے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ اگر دنیا میں دیگر ریاستوں کو استصواب رائے کا حق مل سکتا ہے تو کشمیریوں کو کیوں نہیں؟۔ کیا کشمیری انسان نہیں ہیں؟۔