سرینگر// شوپیاں اوراننت ناگ میں خونین معرکہ آرائیوں کے دوران عسکریت پسندوں اور شہریوں کے جاں بحق ہونے پر وادی کے بیشتر علاقوں میں ہڑتال ہوئی،جبکہ سنگبازی کے واقعات رونما ہوئے،جس میں20افراد زخمی ہوئے۔اس دوران ریل اور انٹرنیٹ سروس منقطع کی گئی۔ انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد اشرف صحرائی کو خانہ نظر بند رکھا۔ اتوار صبح جب وادی کے جنوب و شمال میں یہ خبریں پھیل گئی کہ جنوبی کشمیر میں کئی جگہوں پر خونین جھڑپوں میں عسکریت پسند اور شہری جاں بحق ہوئے،تو سرینگر سمیت وادی کے کئی علاقوں میں ہڑتال مکمل و جزوی طور پر ہوئی۔سرینگر کے سرائے بالا اور کنہ کدل میں غائبانہ نمار جنازہ ادا کی گئی۔