سوپور//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے بارہمولہ ضلع کے سوپور قصبے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف شراکت داروںکے ساتھ میٹنگ کی جس میں کووڈ 19 کے تخفیف کے اسباب اور اقدامات پر تبادلہ خیال گیا ۔ اس موقعہ پر ایک مفصل بحث کا انعقاد کیا گیا جس میں معاشرے کے دیگر ممتاز طبقوں کے مابین پی آر آئی ، مذہبی رہنما ، ٹرانسپورٹروں ، تاجروں پر مشتمل شراکت داروں نے اپنی رائے اور مشورے پیش کئے ۔ مشیر نے کووڈ کے وبائی مرض اور اس سے پیدا شدہ صورتحال پر غور کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ ۔19 کے خلاف جنگ انتظامیہ اور برادری کے ممبروں کی مشترکہ کوشش ہے ۔ انہوں نے وبائی مرض سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے تمام شراکت داروں سے ہر سطح پر تعاون طلب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح جدو جہد کر رہی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں تمام طبقات کے لوگوں کا تعاون ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی رہنما اور پی آر آئی معاشرے میں ایک قابل احترام مقام رکھتے ہیں اور ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس بحران سے نمٹنے کیلئے ایس او پی اور پروٹوکول کے بارے میں صحیح معلومات پھیلائیں ۔ مشیر نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کو معاشرے کے تعاون سے پورا کرنے کی ضرورت ہے اور اس کوشش میں تاجروں ، ہوٹلوں ، ٹرانسپورٹرز، مذہبی رہنماؤں جیسے اسٹیک ہولڈرز کا کردار زیادہ اہم بن گیا ہے ۔ صحیح معلومات کو پھیلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مشیر نے کہا کہ وبائی مرض سے نمٹنے کے بارے میں عوام میں صحیح جانکاری کا ہونا لازمی ہے ۔ انہوں نے مذہبی رہنماؤں سے کہا کہ سوپور میں روزانہ پانچ بار مساجد کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ آکسیجن ، ویکسین ، دوائیوں یا دیگر طبی انفراسٹریکچر کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ مشیر نے مزید کہا کہ لفٹینٹ گورنر کووڈ 19 صورتحال کا روزانہ جائیزہ لے رہے ہیں اور ہر محکمے کی کارکردگی کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں ۔ مشیر نے کہا کہ لفٹینٹ گورنر نے ہر پنچائت میں پانچ بستروں کے بارے میں جو فیصلہ لیا ہے وہ اپنے آپ میں ایک مثال ہے اور اس اقدام سے نچلی سطح پر اس وباء سے نمٹنے کیلئے بہت مدد ملے گی ۔ نیز لفٹینٹ گورنر کی جانب سے ہر سطح پر ٹیلی میڈیسن کو تقویت دینے کے سلسلے میں جو اقدام اٹھایا گیا ہے وہ قابلِ تعریف ہے ۔