جموں//سنجواں ملٹری اسٹیشن کے قریب ایک نوجوان کو مشکوک نقل و حرکت میں پاتے ہوئے حراست میں لے لیاگیا۔جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایاکہ ایک نوجوان کو سنجواں ملٹری اسٹیشن ،آرمی گیٹ کے بالکل نزدیک مشکوک نقل و حرکت میں پایاگیا اوراس کی حرکات کی ڈیوٹی پر تعینات فوجی اہلکاروں نے باریکی سے نگرانی کی ۔انہوں نے بتایاکہ اس کے بعد فوجی اہلکار وں نے نوجوان سے شناختی کارڈ طلب کیا تاہم وہ اپنی شناخت ثابت کرنے میں ناکام ہوا جس کے ساتھ ہی اسے پولیس تھانہ چھنی ہمت کی پولیس ٹیم کے حوالے کیاگیا اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔دریں اثناء ذرائع نے بتایاکہ اس حوالے پولیس نے دو نوجوانوں کو گرفتار کیا تاہم تحقیقات کے دوران کچھ بھی ثابت نہیںہوا۔پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ دونوں نوجوانوں کا تعلق رام بن ضلع سے ہے اور ان سے تفصیل سے پوچھ تاچھ کی گئی لیکن کچھ ثابت نہیںہوا۔ انہوںنے بتایاکہ یہ نوجوان جموں میں مزدوری کرتے ہیں ۔پولیس نے مزید بتایاکہ ان کے خلاف کسی طرح کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ ثابت نہیںہوا تاہم انہیں حراست میں رکھاگیاہے اور پولیس اس بات کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ کیوں ملٹری تنصیب کے نزدیک گئے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فروری 2018کو جنگجوئوں نے ملٹری اسٹیشن سنجواں پر حملہ کیاتھا جس کے نتیجہ میں چھ اہلکار اور ایک عام شہری مارا گیا جبکہ تصادم میں چار جنگجو بھی مارے گئے ۔