ایجنسیز
تنسوکیا(آسام)// پولیس نے بتایا کہ پیر کو آسام کے نیو تنسوکیا ریلوے سٹیشن پر 44 لوگوں کے ایک گروپ کو ان کی شناخت کا پتہ لگانے کے لیے حراست میں لیا گیا جو کہ جموں و کشمیر سے ہیں۔یہ گروپ چندی گڑھ ایکسپریس کے ذریعے پہنچا تھا اور انہیں کچھ مقامی نوجوانوں نے ان کی مشکوک شناخت کے شبے میں حراست میں لے لیا تھا۔گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی)اور ہجوگوری پولیس چوکی کی پولیس کو اس معاملے کی اطلاع دی گئی، اور وہ معاملے کی تحقیقات کے لیے ریلوے اسٹیشن پہنچے۔پولیس نے بتایا کہ گروپ نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا کہ انہوں نے جموں و کشمیر سے ایک ٹھیکیدار کی دعوت پر سفر کیا ، لیکن ان میں سے کوئی بھی ٹھیکیدار کا نام واضح طور پر نہیں بتاسکا۔پوچھ گچھ کے دوران، کچھ نے کہا کہ وہ پہلی بار تنسوکیا کا دورہ کر رہے ہیں اور ٹاور کی تعمیر، زمین کی کھدائی اور اروناچل پردیش میں توسیعی منصوبے کے لیے مزدوری کے کام کے لیے آئے تھے۔اہلکار نے بتایا کہ ایک فرد نے یہ بھی کہا کہ انہیں ڈبرو گڑھ جانا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ان کی شناخت اور ان کے سفر کے مقصد کی تصدیق کر رہی ہے۔