عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//نوجوانوں کو خود مختاری اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ ریاسی کی ڈپٹی کمشنر نیدی مالک کی صدارت میں ڈسٹرکٹ لیول امپلی منٹیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشن یووا اسکیم کے تحت درخواستیں جانچنے اور منظور کرنے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کا آغاز اسکل اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ یونٹ کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں پر تفصیلی تبادلہ خیال سے ہوا۔ تمام درخواستوں کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کے بعد، کمیٹی نے 344 کیسز کو مالی امداد اور ادارہ جاتی معاونت کیلئے منظور کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ مشن یووا نوجوانوں میں ہنر مندی کو فروغ دینے، کاروباری صلاحیتیں بڑھانے اور خود روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ منظوری کے بعد مستفید نوجوانوں کو مستقل رہنمائی اور نگرانی فراہم کی جائے تاکہ منصوبوں کی طویل مدتی کامیابی یقینی بنائی جا سکے۔موصوفہ نے بینکوں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ منظوری شدہ کیسز کی بروقت پراسیسنگ اور فوری مالی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مختلف محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے اسکیم کے دائرہ کار اور اثرات کو وسیع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔