سرینگر// لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال، زونل نائب صدر محمد یاسین بٹ اور اراکین محمد حنیف ڈار،امتیاز احمد گنائی اور امتیاز احمد شاہ کو کل پولیس نے اسوقت گرفتار کیا جب وہ شوپیان ہلاکتوں اور دوسرے مظالم کے خلاف پرامن احتجاج کیلئے جمع ہورہے تھے تاہم اسکے باوجودفرنٹ قائدین و اراکین نے آبی گزر میں احتجاجی پروگرام منعقد کیا ۔مشترکہ مزاحمتی قیادت کے دئے گئے پروگرام کے تحت لبریشن فرنٹ نے بڈشاہ چوک میں پرامن احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پولیس نے بڈشاہ چوک اور اس کے ملحقہ جات کو خار دار تار اور دوسری رکاوٹوں سے مکمل طور پر بند کردیا ۔ فرنٹ کے زونل صدر نور محمد کلوال نے جب مائسمہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے انہیں گرفتار کرکے تھانہ کوٹھی باغ منتقل کیا جہاں سے بعدازاں انہیں تھانہ زینہ کدل منتقل کردیا گیا ہے۔بعدمیں پولیس نے فرنٹ کے دفتر واقع آبی گزر پر چھاپہ ڈالا اور وہاں سے نائب زونل صدر محمد یاسین بٹ کو دوسرے اراکین محمد حنیف ڈار، امتیاز احمد گنائی اور امتیاز احمد شاہ کے ہمراہ گرفتار کرلیا۔ احتجاج کو روکنے کیلئے پولیس نے آبی گزر مسجد کے گردونواح کو مکمل طور پر سیل کردیا۔ لیکن ان رکاوٹوں کے باوجودفرنٹ کے کئی قائدین و اراکین یہاں پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور احتجاجی پروگرام منعقد کیا۔زونل جنرل سیکریٹری شیخ عبدالرشید کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاجی پروگرام میں فرنٹ کے نائب چیئرمین مشتاق اجمل، پروفیسر جاوید، اشرف بن سلام، مشتاق احمد ڈار، غلام محمد ڈار ،فیاض احمد، بشارت احمد ،امتیاز احمد وغیرہ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر شیخ عبدالرشیدنے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی یادداشت میڈیا نمائندگان کے سامنے پڑھی اور قتل عام اور دوسرے مظالم کی مذمت کی۔