بھدرواہ//مشتبہ حالات میں سر کے بال کاٹنے کی دہشت اور افواہوں سے چناب ویلی اور خصوصی طور سے بھدرواہ بھی متاثر ہو گیا ہے حالت کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے جمعرات کو سول سوسائٹی اور سماجی و سیاستی تنظیموں کی ایک میٹنگ بھدرواہ میں طلب کی تاکہ مشتبہ حالات میں سر کے بال کاٹنے اور اس کی وجہ سے لوگوں میں پھیلے ہوئے خوف ہراس کے تدراک کے لئے تجاویزاور اقدامات اٹھائے جاسکیں۔میٹنگ میں محکمہ پولیس کے حکام سول سوسائٹی کے ممبران سیاسی تنظیموں کے نمائندے،انجمن اسلامیہ اور سناتھن دھرم سبھا کے ممبران بھی موجود تھے۔چناب ویلی کے دیہاتوں میں اب تک سر کے بال کاٹنے کے 7واقعات رونما ہو چکے ہیں جبکہ گذشتہ شام کو قصبہ بھدرواہ میں اس قسم کے2واقعات رونما ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وادی چناب عوام میں زبردست خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے۔میٹنگ میں موجودہ شرکاء نے ان واقعات کی روک تھام کے لئے متعدد تجاویز پیش کیں اور اس ضمن میں انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اے ایس پی بھدرواہ شہزاد سلاریہ نے اس واقعہ پر کہا کہ ہم ان واقعات کے رونما ہونے اور ان کی روک تھام کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہر شخص کی تجویز اور رائے کو ملحوظہ نظر رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر اس ضمن میں بے بنیاد افواہیںبھی پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ان پر کڑی نگاہ ہے اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔