عظمیٰ نیوز سروس
جموں//بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور پارٹی انچارج جموں و کشمیر ترون چْگ نے جمعہ کو پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “مشال ملک کی بطور وزیر پڑوسی ملک میں تقرری ہندوستان کے اس دعوے کی تائید کرتی ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے”۔چگ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو پناہ دی ہے جو ہندوستان کی سلامتی اور خودمختاری کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم جے کے ایل ایف کے سربراہ محمد یاسین ملک کی اہلیہ کی تقرری پاکستان میں انوار الحق کی زیرقیادت حکومت میں وزیر کے طور پر کی گئی ہے۔ انکاکہناتھا”پاکستان نے ایک بار پھر ثبوت فراہم کیا ہے کہ یہ ملک دہشت گردی اور دہشت گردوں کو پناہ دینے کے لیے قائم کیا گیا‘‘۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کی اہلیہ بھارت اور اس کی فوج کے خلاف من گھڑت کہانیاں پھیلانے میں ملوث رہی ہے جبکہ اس کا شوہر جو ایک خوفناک دہشت گرد تھا اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں، کشمیری پنڈتوں اور عام شہریوں کے قتل میں ملوث تھا ،وہ نئی دہلی کے تہاڑ میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ چُگ نے کہا “امن کے خلاف عناصر پر لگام لگانے کے بجائے، پاکستان بار بار ایسی کارروائیوں کا سہارا لے رہا ہے جس سے ہندوستان کے قومی مفاد کو نقصان پہنچتا ہے۔ ہم بین الاقوامی اداروں پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور پاکستان کو دہشت گردوں کو سیاسی جگہ دینے سے روکیں”۔