سرینگر //دنیا بھر کی طرح وادی کشمیر میں بھی سوموار کو مسیحی برادری نے کرسمس کا مذہبی تہوار عقیدت و احترام سے منایا ۔اس دن کی مناسبت سے گرجا گھروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا گیا، جہاں مسیحی برادری نے حضرت عیسیٰ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔کرسمس کی مناسبت سے ہونے والی خصوصی عبادت کی تقریب میں قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔ سرینگر میں سب سے بڑی تقریب ہو لی فیملی کیتھو لک چرچ مولانا آزاد روڑ پر منعقد ہو ئی جہاں عیسائی برادری سے وابستہ لوگوں جن میں مرد و خواتین اور بچے شامل تھے نے خصوصی عبادات میں حصہ لیا۔ اتوار کی شام کو ہی مسیحی افراد نے گرجا گھر کو چراغاں کیا تھا اور بڑی تعداد میں لوگ رات کو ہی وہاں پہنچے تھے ۔ سوموار کی صبح جہاں کئی لوگ گرجا گھر میں عیسائیت کی مذہبی کتابوں کا مطالعہ کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا وہیں کرسمس کی خوشی میں تحائف اور مٹھائیوں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ تقریب میں سرینگر میں قائم مشنری اسکولوں کے عیسائی اسٹاف ممبرا ن بھی موجود تھے ۔تقریبات کا آغاز شمع جلا کر کیا گیا ۔ فیملی کیتھولک چرچ کے فادر، فادر رائے ڈسوزہ نے کشمیرعظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو چرچ میں شب خوانی کی گئی اورصبح 11بجے کے بعد خصوصی دعائوں کا اہتمام بھی کیا گیاجو شام تک جاری رہا ۔انہوں نے کہا کہ چرچ میں عقیدت مندوں کیلئے ہر طرح کے انتظامات پہلے سے ہی کئے گے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 35کے قریب کنبے اس تقریب میں شرکت کرنے آئے تھے جنہوں نے خصوصی دعائوں میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کا پیغام میں کہا گیا کہ سب فرقے آپس میں بھائی چارے سے رہیں تاکہ تفرقے کا خاتمہ ہو سکے۔ عاطف احمد نامی ایک نوجوان نے بتایا کہ ہمارا مقصد آپسی بھائی چائے کو فروغ دینا ہے تاکہ پوری دنیا کو یہ سمجھ آئے کہ ہم سب ایک ہیں ۔اتیس نامی ایک نوجوان نے اس موقعہ پر کہا کہ حضرت عیسیٰ کا ایک اعلیٰ مقام ہے اور اس دن کو ہم اُن کے جنم دن کے طور پر مناتے ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن وسلامتی ایثار قربانی اور محبت وشفقت کے پیغام کو عام کیا تھا ۔شہر کے سونہ وار علاقے میں قائم پرٹسٹنٹ چرچ میں بھی کرسمس کے موقعے پر غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے کو ملی جہاں مسیحی برادری کے لوگوں نے خصوصی دعائوں میں شرکت کرکے حضرت عسیٰ کو شاندارن الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ ادھر بارہمولہ سے اطلاع ہے کہ قصبہ میںقائم وادی کے سب سے پرانے کیتھولک چرچ کے علاوہ سینٹ جوزف اسپتال میں کرسمس کے موقعہ پر خصوصی تقاریب کا اانعقاد کیا گیا جن میں کافی تعداد میں مسیحی برادری سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ چرچ میں ہونے والی کرسمس تقریبات میں شرکت کرنے والوںمیں قصبہ کے مختلف علاقوں میں تعینات عیسائی مذہب ماننے والے فوجی افسران ، اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کی خاصی تعداد بھی شامل تھی۔ اس دوران چرچ پر چراغاں کرکے موم بتیاں جلائی گئیں اورتقریب کے اختتام پر خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔شمالی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں قائم چرچ میں بھی کرسمس کی تقریب منائی گئی جس میں سیاحوں کی خاصی تعداد نے حصہ لیا۔