نئی دہلی// مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ ‘مسلم لیگ کے جھنڈے ’ اور کانگریس کے ایجنڈے کی ‘فرقہ وارانہ جگل بندی’ پھر ایک بار بے نقاب ہوئی ہے اور ثابت ہوگیا ہے کہ کانگریس فرقہ وارانہ صف بندی کی ‘ہسٹری شیٹر مجرم ‘ ہے ۔مسٹر نقوی نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ کانگریس اپنی فرقہ وارانہ سیاست پر جھوٹے سیکولرزم کا لیبل لگاکر ووٹوں کا استحصال کرنے میں ماہر رہی ہے اور ‘بانٹو اور راج کرو’ ملک کی سب سے پرانی پارٹی کانگریس کی پہچان ہے ۔مسٹر نقوی نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی بار 2004 میں کانگریس نے مسلم لیگ کو اپنی حکومت میں شامل کرکے اس کی ‘فرقہ پرست سیاست’ کو تسلیم شدہ حیثیت دی تھی۔ کانگریس کے صدر راہل گاندھی اسی سوچ کے سفر کو آگے بڑھانے وائناڈ پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے صدر مسٹر گاندھی کا امیٹھی سے وائناڈ تک کا سفر کانگریس کے ‘سیکولرازم کا چولہ، کمیونلزم کا جھولا ’ کے کردار کو پختہ کرتا ہے ۔مسٹر نقوی نے کہا کہ فرقہ پرستی کے نام پر ووٹوں کو ہائی جیک کرنے کے کانگریس کے منصوبے کامیاب نہیں ہوں گے ۔یو این آئی ۔