محمد تسکین
بانہال// رام بن ۔ بانہال اور ادہم پور کے درمیان بدھ کی صبح سے شروع ہوا بارشوں کا سلسلہ جمعرات کی شام تک جاری تھا تاہم جاری بارشوں کی وجہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جاری ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کا خلل نہیں پڑا ۔ دو روز سے جاری مجموعی طور پر مسلسل موسلادھار بارشوں کی وجہ سے بانہال اور ناشری کے درمیان شاہراہ کے مختلف مقامات پر اکا دکا پتھر اور ملبہ بھی گرتا رہا ہے تاہم نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے شاہراہ پر کی بحالی کیلئے تعینات تعینات مشینری اور افراد قوت کی طرف سے گرتے ملبے اور پتھروں کو ساتھ ساتھ صاف کیا جارہا ہے اور ٹریفک پولیس کے افسر اور اہلکار شاہراہ کے ٹریفک کو بلا خلل آگے بڑھا رہے ہیں۔
ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات سے صبح سے شام تک سینکڑوں کی تعداد میں مسافر گاڑیوں اور ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں سفر کیا اور ہزاروں کی تعداد میں ٹریفک نے رامبن کے سیکٹر کو بلا کسی خلل کے پار کیا تھا اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے پیش نظر گزشتہ دو روز ( بدھ اور جمعرات ) سے ہزاروں مسافروں نے دونوں طرف سے شاہراہ پر سفر کیا ہے اور بارشوں کے باوجود دونوں طرف کا ٹریفک جمعرات شام تک جاری تھا ۔