سرینگر//مسرت عالم پرلاگو35واں پی ایس اے کالعدم قراردیتے ہوئے ریاستی ہائی کورٹ نے 7برسوں سے نظربندمسلم لیگ سربراہ کی رہائی کے احکامات صادرکردئیے۔ معلوم ہوا کہ ریاستی ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز معروف مزاحمتی لیڈر اور مسلم لیگ کے سربراہ مسرت عالم بٹ پر لاگو 35 ویں پبلک سیفٹی ایکٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات صادر کئے ۔ معلوم ہوا کہ ہائی کورٹ کے جسٹس آلوک ارادھے نے مسرت عالم پر لاگو پی ایس اے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے یہ ہدایت دی کہ اگر محبوس مزاحمتی لیڈر کسی دوسرے جرم میں ملوث نہیں ہے تو اس کی فوری طور رہائی عمل میں لائی جائے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اسی ہفتہ مسرت عالم کو سرینگر کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا ۔ خیال رہے مسلم لیگ کے سربراہ مسرت عالم بٹ کو گرمائی ایجی ٹیشن 2010 کے دوران ماہ اکتوبر کے مہینے میں گرفتار کیا گیا تھا اور ریاست میں پی ڈی پی و بی جے پی پر مشتمل مخلوط سرکار بننے کے کچھ ماہ بعد موصوف کی رہائی عمل میں لائی گئی تھی لیکن اس کے بعد انہیں پھر حراست میں لیا گیا اور مسرت عالم گزشتہ 7 برسوں سے عملاً مسلسل ایام اسیری کاٹ رہے ہیں۔