سرینگر //ٹریفک پولیس نے سرینگر میں چلنے والی تمام مسافر گاڑیوں ، منی بس، سومو، تویرا اور کرایہ پر حاصل کی جانے والی گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے مشتہر کئے گئے کرایہ ناموں کو گاڑیوں میں چسپاں کریں۔ ایس ایس پی ٹریفک طاہر سلیم خان نے اپنے ایک سرکیولر میں تمام ڈرائیوروں اور مسافر گاڑیوں کے مالکان کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ شکایت ملنے پر زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ ٹرانسپورٹ کمشنر نے 22جون2017کو اپنے ایک حکمنانے زیر نمبرvide No. TC/JK/P&S/73-III/O-995-1086 dated 22.06.207 میں مسافر گاڑیوں کو کرایہ ازسرنو تشکیل دیا تھا ۔ کمشنر ٹرانسپور ٹ کے حکم نامے کے مطابق مسافروں کو منی بس 407میں تین کلومیٹر تک سفر کرنے کیلئے 6 روپے کرایہ ادا کرنا ہوگا جبکہ 3کلومیٹر سے لیکر 5کلومیٹر تک 9روپے اور 5کلومیٹر سے لیکر 10کلومیٹر تک 11روپے بطور کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔ٹرانسپورٹ کمشنر کے حکم نامے کے مطابق 11سے 15کلومیٹر تک سفر کرنے کیلئے13جبکہ 15کلومیٹر سے 20 کلومیٹر تک صرف17روپے بطور کرایہ ادا کرنا ہوگا۔