کورونا وائرس سے نجات | خانقاہِ معلی میں توبہ استغفار کی مجالس آراستہ
نیوز ڈیسک
سرینگر//تاریخی خانقاہِ معلی میں کل نمازِ ظہر کے بعد حسب قدیم ختمات المعظمات، درود و ازکار اور اورات خوانی کی مجلس آراستہ ہوئیں۔ مجلس کے آغاز پر ہی توبہ استغفار کی مجلس آراستہ ہوئی۔ جس میں فرزندانِ توحید نے نہایت عاجزی اور انکساری کیساتھ دربارِ الٰہی میں موجودہ عالم گیر وباء کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگی۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے عالم اسلام خصوصاً وادی کے فرزندانِ توحید سے اپیل کی ،کہ وہ ماہِ رمضان کا تقدس مدنظر رکھ کر اِس کا احترام کریں۔انہوں نے کہا کہ نماز کی پابندی ، روزوں کی پابندی اور تلاوت قرآن کی پابندی سے ہی ہم موجودہ پریشان کُن حالات اور دور سے نجات پاسکتے ہیں اور اللہ کے دربار میں سروسجود ہوکر اپنے گناہوں کی معافی کیلئے آہ وزاری اور انکساری کے ساتھ دعا کرتے رہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ دنیا اِس وقت ایک ناگفتہ حالات اور پُر آشوب دور سے گزر رہی ہے،اِس لئے ہمیں اللہ کی مدد ہر وقت مانگنے کے ساتھ ساتھ جناب نبی آخرزمانﷺ کی شفاعت کی اُمید رکھ کر اپنے دین کے احکامات پر چل کر زندگی گزارنا چاہیے۔ادھرڈورو شاہ آباد، ترال، کھاگ، چرار شریف، وچی، سیر ہمدان، نوبرا، ختلان میں بھی خصوصی توبہ استغفار کی مجالس کا اہتمام ہوا۔
نوشہرہ تیزاب حملہ کیس | تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کا بیان قلمبند
سرینگر//سال 2014 میں نوشہرہ سرینگر تیزاب حملہ کیس کے سلسلے میں پرنسپل سیشن کورٹ سرینگر نے اس کیس کے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ کا بیان قلمبند کیا ہے۔ سی این ایس کے مطابق 2014 میں نوشہر ہ لا کالج میں میںایک طالبہ پر ہو ئے تیزاب حملے کے بعد تشکیل دی گئی (ایس آئی ٹی) کے سربراہ ،اس وقت کے ایس پی حضر ت بل اور موجود ایس ایس بارہمولہ رئیس احمد بٹ کا بیان پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ سری نگر میں قلمبندکروایا گیا۔ اس کیس کے خصوصی استغاسہ اے اے تیلی نے بتایا کہ عدالت نے نوشہرہ ا تیزاب کیس کی فوری تحقیقات کے لئے قائم خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ رئیس بٹ (ایس ایس پی بارہمولہ) کا بیان قلمبند کیا گیا۔ اس کیس کی اگلی سماعت 3 مئی کو مقرر کی گئی ہے جبکہ اسی روز اس کیس کی جانچ پڑتال ہوگی۔ یہاں یہ بتانا ضروری ہے کہ21 دسمبر 2014 کونو شہر سرینگر میں قائم لا کالیج میں زیر تعلیم21 سالہ طالبہ پر تیز رفتارکار میں سوار نامعلوم افراد نے تیزاب پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔ اس وا قعے کے بعد پوری وادی میںحتجاج کی لہر اٹھی تھی اور ہر طرف مذمت کی گئی جس کے بعد اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو اس وقت بھی جیل میں ہیں۔(سی این ایس)
سحری و افطار کے وقت بجلی کی عدم دستیابی اور مہنگائی | انتظامیہ مقصدس مہینے کے دوران لوگوں کو بنیادی سہولیات بہم رکھے:مبارک گل
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور اسمبلی کے سابق سپیکر مبارک گل نے رمضان مبارک کے دوران شہر سرینگر میں بنیادی ضروریات میسر رکھنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سحری اور افطار کے وقت ہی بجلی کی عدم دستیابی، حد سے زیادہ مہنگائی اور سڑکوں و گولی کوچوں کی صورتحال انتظامی ناکامی اور نااہلی کی کہانی خود بہ خود بیان کرتی ہے۔انہوں نے اس بات پر افسوس اور تشویش کا اظہار کیا کہ ایام متبرکہ کے دوران بھی لوگوں کو اُن بنیادی ضروریات سے محروم رکھا گیاہے جو ماضی میں خود بہ خود میسر رہا کرتی تھیں۔ رمضان المبارک میں بھی لوگوں کو بجلی اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے مسائل درپیش ہیں جبکہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں اور صارفین سے منہ مانگی قیمتیں وصول کی جارہی ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں اُٹھایا جارہا ہے۔ حلقہ انتخاب عیدگاہ کا ذکر کرتے ہوئے مبارک گل نے کہا کہ یہاں بھی لوگو ں کو بنیادی ضروریات میسر نہیں، پالہ پورہ ڈرینج سکیم پر کام ٹھپ ہے جس کی وجہ سے ملحقہ آبادی کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو ہر سطح پر راحت پہچانے کے لئے ٹھوس اور بروقت اقدامات اُٹھائیں۔ اُنہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ اس مقصدس مہینے کے دوران بجلی ، پینے کی پانی ، صحت وصفائی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ رسوئی گیس ، معیاری چاول، آٹا دستیاب رکھا جائے اور خصوصی طور پر سحری و افطار کے اوقات پر لوگوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جانا چاہئے۔
سابق ممبر اسمبلی صادق علی کی 10ویں برسی | ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ کاخراج عقیدت
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سابق ممبر اسمبلی زیڈی بل مرحوم صادق علی کو دسویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک تجربہ کار اہل قلم تھے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم انگنت خوبیوں ، علمی بسارت اور سماجی خدمات کی بدولت معروف تھے۔ نائب صدر عمر عبداللہ نے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک دانشور ، شعلہ بیان مقرر اور صاحب قلم تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم نے بحیثیت نیشنل کانفرنس خزانچی اور دیگر عہدوں پر فائز رہ کر کافی خدمات انجام دیں۔ اُنہوں نے کہا کہ مرحوم کو نیشنل کانفرنس اور اِس کی قیادت کے ساتھ جو والہانہ عقیدت تھی اور اُن کی ناقابل فراموش خدمات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال اور پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے بھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔