مذہبی فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ ناقابل برداشت:حریتع
سرینگر// حریت(ع) نے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کوایک بار پھر خانہ نظر بند کرکے انہیں نماز جمعہ ادا کرنے اور تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے موقعہ پر وعظ تبلیغ سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اقتدار کے نشے میں عوام کے دینی جذبات و اعتقادات کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔ حریت ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ میرواعظ کی سیاسی سرگرمیوں کو پہلے ہی سرکار نے انہیں مسلسل خانہ نظر بند رکھ کر محدود کر دیا ہے لیکن اب ان کے مذہبی فرائض اور بحثیت میرواعظ ان کی ذمہ داریوں کو ادا کرنے سے بھی روکا جا رہا ہے جو مذہبی حقوق کی کھلم کھلا پامالی کے مترادف ہیں اور سرکار کی جانب سے ایک معمول بن گیاہے۔ترجمان نے سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میرواعظ کو خانہ نظر بند کرکے انہیں اپنے فرائض منصبی ادا کرنے سے روکنا اب تقریباً ایک معمول بنا دیا گیا ہے جس سے حکمرانوں کی عوامی جذبات کے تئیں بے اعتنائی اور قیادت کے تئیں انتقام گیرانہ سوچ کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
گیلانی اور میرواعظ کی خانہ نظر بندی پر حریت سیخ پا
ظلم و جبر کا سلسلہ دراز:حریت گ
سرینگر// حریت (گ) نے تنظیم کے چیئرمین سید علی گیلانی اور دیگر راہنماؤں کی نظربندی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی پسندوں کو قید کرنے کا کوئی آئینی اور اخلاقی جواز نہیں ہے اور پولیس محض بندوق کے ذریعے ان کے مذہبی اور سیاسی حقوق کو دبارہی ہے۔ یہ سلسلہ 2010ء کی عوامی تحریک کے وقت شروع کیا گیا ہے کہ پولیس نے گیلانی اور دوسرے آزادی پسندوں کی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا یہ نیا طریقہ ایجاد کیا ہے۔ اس پورے عرصے کے دوران میں پولیس کی طرف سے ایک بار بھی وضاحت نہیں کی گئی ہے کہ گیلانی اور دوسرے لیڈروں کو قانون کی کس دفعہ اور کس شق کے تحت بند رکھا جارہا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے دور ِاقتدار میں اس کا آغاز کیا گیا اور اب پی ڈی پی کے دورِ اقتدار میں اس کا دائرہ مزید وسیع کیا گیا ہے۔ حریت نے پی ڈی پی حکومت کی اس بات کے لیے سخت نکتہ چینی کی کہ اقتدار میں آنے سے پہلے انہوں نے آزادی پسندوں کا سیاسی فرنٹ پر مقابلہ کرنے کے بلند بانگ دعوے کئے تھے اور کہا تھا کہ ’’ہم لوگوں کو جیلوں میں رکھنا نہیں چاہتے ہیں اور انہیں اپنے نظریات پیش کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا‘‘۔ البتہ جب سے پی ڈی پی نے فرقہ پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنائی ہے، ان کے تمام دعوے ہَوا میں تحلیل ہوگئے ہیں اور وہ محض ایک موقعہ پرست پارٹی ثابت ہوگئی ہے۔ حریت کانفرنس نے کہا کہ پی ڈی پی حکومت نے آزادی پسندوں اور خاص طور سے تحریک حریت کی پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ طور پابندی لگادی ہے اور اس کے راہنماؤں اور کارکنوں کا پولیس لگاتار پیچھا کرتی ہے اور انہیں غیرقانونی قانون پی ایس اے کے تحت جیل بھیج دینا ایک معمول بن گیا ہے۔ حریت کانفرنس نے کہا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ ایک ظالمانہ قانون ہے، جس کو شیخ محمد عبداللہ نے 78ء میں یہ کہہ کر متعارف کرایا تھا کہ اس کا اطلاق صرف جنگل سمگلروں کے خلاف عمل میں لایا جائے گا، البتہ آگے چل کر اس قانون کو ہر دور میں اسلام پسندوں اور آزادی پسندوں کو دبانے کے لیے استعمال میں لایا گیا اور یہ سلسلہ آج بھی برابر جاری ہے۔
سرحدی متاثرین کیلئے راحت
حکومت ہند کی طرف سے معاوضہ منصوبہ کو منظوری
سمت بھارگو
راجوری //حکومت ہند کی طرف سے سرحدی متاثرین کیلئے معاوضہ منصوبہ کو منظوری دی گئی ہے ۔اس منصوبے کے تحت ان متاثرہ کنبوں کو سٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے تحت معاوضہ ادا کیاجائے گا۔ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ راجوری نے ایک پرپوزل تیارکیا جس کوحکومت ہند کی طرف سے منظوری دے دی گئی ہے ۔ضلع انتظامیہ نے وزارت برائے داخلہ امور ،حکومت ہند کی طرف سے جاری ہونے والا حکمنامہ بھی موصول کرلیا اوراس منصوبے کی منظوری کا اعلان ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہداقبال چوہدری نے بعد میں میٹنگ میں بھی کیا ۔ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے حالیہ دورہ ٔ راجوری کے دوران جہاں سرحدی متاثرین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے وہیں سینئر افسران سے میٹنگ کرکے بھی گفت و شنید کی جس دوران ڈپٹی کمشنر راجوری نے وزیر داخلہ کو سرحدی مکینوں کے مسائل سے روشناس کراتے ہوئے بتایاکہ انہیں سرحدی کشیدگی کے دوران سخت مشکلات سے گزرناپڑتاہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ وزیرداخلہ کو معاوضہ پالیسی کے بارے میں بھی بتایاگیا اور انہیں اس بات سے آگاہ کیاگیاکہ سرحدی متاثرین جانی یا مالی نقصان اورہجرت کے وقت معاوضہ یا امداد سے محروم رہتے ہیں ۔اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ نے سٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے تحت دی جارہی امداد کے مطابق سرحدی متاثرین کیلئے بھی امداد کی خاطر ایک پرپوزل تیار کرکے منظوری کیلئے حکام کو روانہ کیاگیا،جس کا ریاستی چیف سیکریٹری کی سربراہی والی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے جائزہ لیکر اسے مرکز کو روانہ کیاجس کو حکومت ہند کی طرف سے منظوری مل گئی ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ تمام تر لوازمات مکمل کرنے کے بعد وزارت داخلہ کی طرف سے اس معاوضہ پالیسی کو منظوری دے دی گئی ہے اور ضلع انتظامیہ نے اس سلسلے میں حکمنامہ بھی حاصل کرلیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ اس پالیسی کے مطابق مہاجر کیمپوں میں رہ رہے بالغ افراد کو 1800روپے جبکہ نابالغ افراد کو 1325روپے فی نفر ماہانہ امداد دی جائے گی جبکہ فصلوں کے نقصان پر 37ہزار500روپے فی ہیکٹر زمین کے مطابق معاوضہ ملے گا۔ذرائع کاکہناہے کہ اسی طرح سے بڑے مویشی کے نقصان پر 30ہزار جبکہ چھوٹے مویشی کے نقصان پر 3ہزار روپے کی امداد دی جائے گی ۔اس کے علاوہ مکانات کے نقصان پربھی متاثرین کو معاوضہ فراہم کیاجائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ پکے مکان کی مکمل تباہی پر 1,01,900روپے جبکہ جزوی طور پر نقصان پر 75ہزار روپے بطور معاوضہ ادا ہوگا۔ذرائع کاکہناہے کہ اس پالیسی کا اطلاق ریاست کے تمام سرحدی علاقوں کے متاثرین پر ہوگا ۔ضلع انتظامیہ کے ذرائع نے بتایاکہ یہ سرحدی متاثرین کیلئے ایک بہت بڑی راحت ہے اور ان کی دیرینہ مانگیں پوری کی گئی ہیں ۔ ذرائع نے بتایاکہ ضلع انتظامیہ نے اس پالیسی کی منظوری کے بعد 5.17کروڑ روپے کا ایک پرپوزل تیار کیاہے ۔
بانڈی پورہ کے مضافات میں گھریلو تنازعہ
معمر شہری کی ہلاکت کا موجب بنا ،کیس درج
عازم جان
بانڈی پورہ// بانڈی پورہ کی گجر بستی چیچی نار بینلی پورہ میں دوگھرانوں کے آپسی جھگڑے کے دوران محمد اسحاق چوہان ولد میر محمد چوہان عمر 60 سال زخمی ہونے کے بعد سرینگر ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑبیٹھا۔ آلوسہ پولیس نے لاش کو اپنے تحویل میں لے کر ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں پوسٹ مارٹم کر کے لواحقین کے حوالے کی۔اس سلسلے میںایک کیس زیر نمبر 4/2018/302درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔بینلی پورہ کے سابق سرپنچ کہا ہے لطیف چوہان ولد فوج الدین جو مقتول کا سوتیلا بیٹا ہے اپنے ماموں اور میمرے بھائیوں کے ساتھ مقتول کے گھر داخل ہوکر حملہ کرکے ڈنڈے سے وار کیا اور مقتول شدید زخمی ہو کر بے ہوش ہوگیا ۔افراد خانہ نے اسے بیہوشی کی حالت میں بانڈی پورہ ہسپتال پہنچایا اور وہاں سے سرینگر روانہ کیا ۔ پولیس نے لطیف کے ایک ماموں زادبھائی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ لطیف اس کا ماموں اور دو ماموں زاد بھائی فرار ہوگئے ہیں
پٹن میں لاپتہ لڑکیاں بانہال سے بازیاب
فیاض بخاری
بارہمولہ//پٹن میںچارروزقبل2لڑکیوں کی پُراسرارگمشدگی کے بعد پولیس نے دونوں لڑکیوں کو بانہال سے بازیاب کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق لاپتہ ہوئی دو نو عمر لڑکیوں کے لواحقین نے جمعہ کو ایک گمشدگی کی رپورٹ درج کی تھی کہ چار روز قبل نہال پورہ اور میاں محلہ پٹن سے تعلق رکھنے والی دو لڑکیاںگھر سے پُر اسرار طور لاپتہ ہوئی ہیں جس کے بعد پولیس ایک کیس زیر آیف آئی آر نمبر 8/2018 انڈر سکشن363 آر پی سی درج کرکے بڑے پیمانے پر اُن کی تلاش شروع کردی ۔پولیس کے مطابق جس کے بعد انہوں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے مذکورہ لڑکیوں کوچند ہی گھنٹوں کے بعد بانہال سے بر آمد کرکے لواحقین کے حوالے کیا ۔
۔77سالہ شہری پر 3بار پی ایس اے عائد کرنا
سوپور تھانہ میں نظربند ی پرتحریک حریت سیخ پا
سرینگر//تحریک حریت نے تنظیم کے ذمہ داران عبدالسبحان وانی، محمد شعبان خان، منظور احمد کلو کی گزشتہ دو سال سے مسلسل نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے عبدالسبحان وانی 77سال کے عمر رسیدہ شخص ہیں، جن کو دو سال قبل گرفتار کرکے کٹھوعہ اور کپواڑہ کے جیلوں میں نظربند رکھا گیا۔ بار بار پی ایس اے نافذ کرکے ان کی رہائی میں رُکاوٹیں کھڑی کی گئیں۔ اُن پر تین بار پی ایس اے لگایا گیا اور عدالت کی طرف سے تینوں بار پی ایس اے کواش ہونے کے باوجود اُن کی رہائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ عبدالسبحان کا پی ایس اے تیسری بار کواش ہوا ہے، مگر اُن کو رہا کرنے کے بجائے پولیس تھانہ سوپور میں پھر گرفتار رکھا گیا ہے۔ موصوف عمر رسیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ مختلف عارضوں میں بھی مبتلا ہیں۔ اُن کا کوئی خاطر خواہ علاج بھی نہیں ہورہا ہے اور تھٹھرتی سردیوں میں اُن کو تھانے میں بند رکھنا غیر قانونی اور غیر انسانی عمل ہے۔
’سوپور میں نوجوان کی ہلاکت انسانیت سوز عمل ‘
سرینگر//کشمےر تحرےک خواتےن کی سر براہ زمردہ حبےب نے پےپلز لےگ کے سینئر قائد محمد مقبول صوفی کے25 سالہ بےٹے عارف احمد کے نا معلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل پر سخت رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ زمردہ حبیب نے کہا کہ محمد مقبول کی تحرےک آزادی کے تےئں خدمات نا قابل فراموش ہےں اور عمر کی اس دہلےز پر اُن کے جواں سالہ بےٹے کا قتل ناقابل تلافی اور ہر لحاظ سے انسانےت سوز عمل ہے ۔زمردہ حبےب نے کہا کہ ےہ اےجنسےوں کی کارستانی ہے اورسرکاری افواج کی مدد و معاونت کے بغےر ملوثےن کی نشاندہی ممکن نہےںہے۔
شرعی معاملات میں مداخلت کی مذمت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ کے سربراہ سید حمید اللہ حقانی نے شرعی معاملات میں مداخلت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سہ طلاق معاملہ اور اب بغیر محرم کے خواتین کو حج پر جانے کی اجازت دینا مذہبی امور میں سرا سر مداخلت ہے ۔انہوں نے کہا کہ سہ طلاق دینے کو ایک قابل سزا مجرمانہ کارروائی قرار دے کردراصل مسلم سماج میں مردوں اور عورتوں کے درمیان رسہ کشی کا ایک ماحول پیداکیا جارہا ہے ۔انہوں نے علماء،مذہبی تنظیموں اور دانشوروں سے اپیل کی کہ وہ آگے آکر قوم کی رہنمائی کریں اوران سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے متحد ہوجائیں ۔
سابق ممبر اسمبلی اختر نظامی فوت،نیشنل کانفرنس کااظہار تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے خطہ چناب کی معروف سیاسی اور سماجی شخصیت اختر نظامی (سابق ممبر اسمبلی بانہال و رام بن) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوارن کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دونوں لیڈران نے کہا کہ نظامی نے ہمیشہ سماج کے پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا ۔ مرحوم ایک انسانیت دوست اور غریب پرور شخصیت کے مالک تھے۔ پارٹی کے صوبائی صدور دیوندر سنگھ رانا اور ناصر اسلم وانی نے بھی اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے پسماندگان کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اُدھر ضلع صدر رام بن سجاد شاہین کی صدارت میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے گئے۔
رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کااظہار تعزیت
سرینگر//ریاستی اسمبلی کے سابق سپیکر و چیئرمین جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی مبارک گل ، صوبائی چیئرمین حاجی محمد مقبول میر ، چیئرمین شمالی کشمیر خواجہ محمد شفیع ، ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خواجہ شجاعت علی خان کے والد راجہ عثمان علی خان ساکنہ ملوسہ بجبہامہ اوڑی کی وفات پر گہرے رنج وغم کااظہار کیا ہے۔مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دعاکی اور سوگوارخاندان سے تعزیت کااظہار کیاگیا۔