کنٹرول لائن پر بارودی سرنگ دھماکہ
۔3فوجی اہلکاروں سمیت 6زخمی
نیوز ڈیسک
جموں//حد متارکہ پر اکھنور سیکٹر میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکہ میں کم از کم6افراد زخمی ہو گئے جن میں 3فوجی اہلکاربھی شامل ہیں ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ کنٹرول لائن پر بٹل علاقہ میں سندر بنی برگیڈ کے اہلکار اگلی چوکی پرغیر ضروری جھاڑ پھونس کو ہٹانے کا کام کر رہے تھے کہ اچانک ایک زیر زمین بارودی سرنگ دھماکہ سے پھٹ گئی جس کی زد میں آکر تین اہلکار اور تین پورٹرزخمی ہو گئے۔زخمیوںکو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرہ سے باہر بتائی جاتی ہے ۔
بھیم سنگھ کا پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو مدد فراہم کرنے کا اعلان
ریاست میں گورنر راج نافذ کرنے کا مطالبہ
سرینگر//نیشنل پنتھرس پارٹی کے بانی پروفیسر بھیم سنگھ نے اپنے ایک بیان میں جموں وکشمیر میں پولیس کے قتل عام پرصدر ہند رامناتھ کووندکی خاموشی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہندستانی آئین کی دفعہ ۔370کے تحت صدر ہند کو پورا قانونی اختیار دیا گیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے معصوم لوگوں کو بچانے کے لئے کبھی بھی جموں وکشمیر میں گورنر راج لگا سکتے ہیں اور صدر کو یہ بھی قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ جموں وکشمیر اسمبلی فوراًً تحلیل کرکے وہاں کے گورنر راج لگانے کی ہدایت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا آئین یہ بھی کہتا ہے کہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی حفاظت کے لئے صدر جموں وکشمیر حکومت کو فوراًً برخاست کرسکتے ہیں۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ صدر اسپتال میں 2پولیس اہلکار مار گئے اور محبوبہ مفتی اور آر ایس ایس کی سرکار کا کیا ردعمل رہا، اپنی ڈیوٹی کے دوران ان پولیس اہلکاروں کے قتل پر حکومت خاموش کیوں رہی۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اعلان کیا کہ جو پولیس کے اہلکار پی ڈی پی۔آر ایس ایس کی حکومت کے دوران مارے گئے ہوئے ہیں پنتھرس پارٹی ان کے کنبوں کو مناسب مدد فراہم کرے گی۔ پروفیسر بھیم سنگھ نے ہندستان کے وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی پر بھی حیرت ظاہر کرتے ہوئے ان سے یہ امید ظاہر کی ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں حق و انصاف کے لئے جنگ کرنے والے جموں وکشمیر کے لوگوں کی آواز سنیں گے اور سمجھیں گے اور موجودہ حکومت کی چھٹی کرکے گورنر راج لگوائیں گے۔
میڈیکل انشورنس سکیم
تاخیر سے ریاستی ملازمین پریشان:قیوم وانی
سکیم لاگو کرانے میں رکاوٹ بننے والے اہلکاروں کے خلاف حکومت کارروائی کرے
سرینگر // ایجیک کے صدر عبدالقیوم وانی نے کہاہے کہ محکمہ مال اور ریاستی سرکار کی یقین دہانیوں کے بائوجود بھی سرکاری، پبلک سیکٹر ملازمین ، پیشنرز اور عارضی ملازمین کیلئے میڈیکل انشورنس لاگو کیا جائے گا مگر اسکیم کے اطلاق کیلئے کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ عبدالقیوم وانی نے بتایا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے لگاتار تاخیر کی وجہ سے ریاستی اور دیگر ملازمین پریشان ہے کیونکہ کئی ملازمین کی موت واقع ہوئی ہے۔ وانی نے وزیر خزانہ اور محکمہ مال کے پرنسپل سیکریٹری پر زور دیا ہے کہ وہ یکم مارچ 2018تک میڈیکل انشورنس کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ کا کوئی بھی ملازم یا افسر اسکیم کے اطلاق میں رکاوٹ بنتا ہے تو وزیر خزانہ کو انکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لانی چاہئے تاکہ اسکیم کا مقصد فوت نہ ہو پائیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ساتویں تنخواہ کمیشن کے ایس آر او میں موجود تنخواہوں کی تفاوت کو ختم کریں۔عبدالقیوم وانی نے تمام غریب ملازمین کو ایس آر او 520کے تحت لانے اور کم سے کم تنخواہ کا قانون تمام عارضی ملازمین پر لاگو کرنے کا مطلب کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کیجول اور دیگر عارضی ملازمین کی مستقلی کے عمل میں تیزی لائے جانی چاہئے تاکہ ملازمین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ایجیک ریاستی سرکار کے ساتھ لڑائی نہیں چاہتا ہے مگر وہ ملازمین کی عزت اور شان کے ساتھ کسی کو بھی کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایجیک ملازمین کے حقوق کے ساتھ کسی کو بھی کھیلنے نہیں دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016کے نامسائد حالات کے دوران سرکاری ملازمین کے خلاف درج کئے گئے کیسو ں کو دوبارہ کھولا جانا چاہئے اور یک طرفہ فیصلے کے بجائے دونوںکے موقف کو سنا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایجیک نے یہ مسئلہ پہلے بھی ریاستی سرکار کے ساتھ اٹھایا ہے اور ان غریب مریضوں کیلئے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے جو فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
چھترگل، سنگھ پور ۔ وائیلو ٹنل
ڈی پی آر اس سال تیا رہوں گے: نعیم اختر
جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے رکن قانون ساز یہ نریش کمار گپتا کے جواب میں مداخلت کرتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ چھتر گل اور سنگھ پور ۔ وائیلو ٹنل کیلئے ڈی پی آر تیار کرنے کا عمل جاری ہے اور یہ کام اس سال کے آخیر تک مکمل کیا جائے گا۔اس سے قبل سوال کے جواب میں وزیر مملکت منصوبہ بندی و ترقی اجے نندا نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے پی ایم ڈی پی کے تحت 19بڑی سڑکوں اور ٹنل پروجیکٹوں کے لئے 42,668 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں۔رکن قانون ساز سجاد احمد کچلو نے بنیاد ی سوال سے متعلق ضمنی سوال پوچھا۔اس دوران مال کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایوان میںکہا کہ ٹرانسپورٹ محکمہ نے قومی شاہراہوں پر سڑک حادثات میں کمی لانے کے سلسلے میں کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔وزیر رکن قانون ساز سریندر چودھری کی طرف سے توجہ دلائو نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔
سونہ مرگ پہاڑی سلسلے میں برفباری
غلام نبی رینہ
کنگن // سونہ مرگ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری سے سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ہے۔اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح سے ہی تحصیل گنڈ کے مضافاتی علاقوں میں ہلکی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا جس کی وجہ سے گگن گیر میں سڑک پر پھسلن پیدا ہونے سے چھوٹی گاڑیوں کو چلنے میں دقتیں پیش آئیں جبکہ برفباری کی وجہ سے ان علاقوں میں سردی کی لہر میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق زوجیلا ،منی مرگ ،سونہ مرگ ،گگن گیر ،کلن، سے تازہ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔
صحت و طبی تعلیم کی 970 گزیٹیڈ ، 1291نان گزیٹیڈ اسامیاں بھرتی ایجنسیوں کو منتقل : بالی
جموں//صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے کل قانون ساز اسمبلی میں کہا کہ حکومت نے صحت و طبی تعلیم محکمہ میں خالی اسامیوں کی 970گزیٹیڈ اور 1291نان گزیٹیڈ اسامیاں بھرتی ایجنسیوں کو ریفر کیں۔انہوں نے کہا کہ نئے میڈیکل کالجوں کے لئے 3375 نئی اسامیاں معرض وجود میں لائی گئیں۔وزیر رکن قانون سازچودھری قمر حسین کی توجہ دلائو نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔اعجاز احمد میر کی ایک توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مختلف طبی اداروں میں منظور شدہ 110 اسامیوں کے مقابلے میں 27اسامیاں خالی پڑ ی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ این ایچ ایم کے تحت ان اداروں کو ڈاکٹروں نیم طبی عملے کے 20کامگار فراہم کئے گئے ۔اس دوران خزانہ اور منصوبہ بندی کے وزیر مملکت اجے نندا نے ایوان میں بتایا کہ 33555 بے روز گار پوسٹ گریجویٹ ، گریجویٹ ، ٹیکنیکل ڈگری /ڈپلومہ ہولڈر وں کو ریاست کے مختلف ڈسٹرکٹ ایمپلایمنٹ اور کونسلنگ سیکٹروں میں دسمبر 2017 تک رجسٹر کیا گیا ۔ رُکنِ قانون سازیہ محمد شفیع کے ایک سوال کے جواب میں وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت نے مختلف سرکاری محکموں میں آسامیاں پُر کرنے کیلئے ایک پالیسی ترتیب دی ہے تا کہ نان گزٹیڈ آسامیوں کے علاوہ گزٹیڈ آسامیوں کو بھی پُر کیا جا سکے ۔
پی ڈی ڈی کالونی بارہمولہ بنیادی سہولیات سے محروم
فیاض بخاری
بارہمولہ//پی ڈی ڈی کالونی بارہمولہ بجلی ،پینے کے پانی اور ڈرنیج سسٹم جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کے وجہ سے مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ کالونی کے لوگ بجلی کی عدم دستیابی سے تنگ آچکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ یہی حال پینے کے پانی کابھی ہے جس کے نتیجے میں اُنہیں گندہ پانی استعمال کرنا پڑ رہا ہے جس سے مہلک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطرہ لاحق ہے ۔انہوںنے مزید بتایا کہ ڈرنیج سسٹم کی عدم دستیابی سے بھی یہاں ہر طرف گندگی موجود ہے ۔کالونی میں رہائش پذیر لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیاکہ بنیادی سہولیات کو فوری طور دستیاب رکھا جائے۔
۔ 1252افراد کو مالی امداد فراہم کی گئی : جاوید میر
جموں/ /ڈزاسٹر منیجمنٹ کے وزیر جاوید مصطفی میر نے ایوان کو بتایا کہ 1336کیسوں میں 1252کیسوں کو پی ایم این آر ایف اور پی ایم ڈی پی کے تحت مالی امداد فراہم کی گئی ۔وزیر شوکت حسین گنائی کی طرف سے توجہ دلائونوٹس کا جواب دے رہے تھے۔
رازدان گریز سڑک پروجیکٹ بیکن کے ساتھ زیرغور:نعیم اختر
جموں//تعمیر ات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے ایوان میں بتایا کہ بانڈی پورہ سے راز دان ٹاپ تک 30کلومیٹر سڑک کو بلیک ٹاپ کیا گیااور راز دان ٹاپ سے گریز تک باقی ماندہ حصہ پروجیکٹ بیکن کے ساتھ اُٹھایاگیا ہے اور وہ بہت جلد مکمل کیا جائے گا۔وزیر رکن قانون ساز صوفی محمد یوسف کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
بارہمولہ میں ماروتی کار کی چوری
فیاض بخاری
بارہمولہ //شمالی قصبہ بارہمولہ کے ضلع اسپتال میں ایک ماروتی کار کو نامعلوم افرا د اڑالے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ محمدامین ساکن اشکورہ بارہمولہ نامی شہری نے بدھ کو اپنی ماروتی کار زیر نمبر 2097۔JK09کو پارک کیاتھا اوراس دوران خود کسی مریض کی مزاج پرسی کررہا تھا۔ جب وہ واپس آیا تو اُس نے گاڑی کو غائب پایا جس کے بعد اُس نے پولیس تھانہ میں کیس درج کرلیا۔
ذوالفقار نے قبائلی امور کے پروجیکٹوں کا جائزہ لیا
جموں//خوراک، شہری رسدات و امو ر صارفین اور قبائلی امور نے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ قبائلی امور کے تحت ہاتھ میں لئے گئے تمام پروجیکٹوں کی عمل آوری میں تیزی لائیں تاکہ گجر و بکروال طبقے کے طلاب کی ترقی ممکن ہو سکے۔اس سلسلے میں ایک منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ تمام پروجیکٹوں کو مقرر مدت کے اندر مکمل کیا جانا چاہئے۔میٹنگ میں بتایا گیاکہ 23 گجر بکروال ہوسٹلوں کا کام جاری ہے اور انہیں مقررہ مدت کے مکمل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں کپواڑہ ، بانڈی پورہ ، ڈوڈہ ۔ پونچھ ، راجوری اور کٹھوعہ میں 2.50کروڑ روپے فی کس کے حساب سے 6رہائشی سکول تعمیر کئے جارہے ہیں۔
شفاف نظام یقینی بنانے کیلئے وعدہ بند:عبدالحق
جموں/ /دیہی ترقی و پنچاتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے ایوان میںکہا کہ محکمہ نے نظا م میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے کئی انقلابی قدم اٹھائے ہیں جن میں ایم جی نریگا کے تحت روزگار تلاش کرنے والوں کے لئے اجرت فراہم کرنے کے لئے ای ایف ایم ایس کو عمل میں لایا گیا۔ وزیر رکن قانون سازیہ ممتاز احمد خان کی توجہ دلائو نوٹس کا جواب دے رہے تھے۔
ایم ایل اے کو بحث میں حصہ لینے کیلئے وقت مقرر کیا جائے
ڈپٹی سپیکر کی سیکرٹری اسمبلی کو ہدایت
جموں// قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر نذیر احمد گریزی نے اسمبلی سیکرٹری کو ہدایت دی کہ موجودہ بجٹ اجلاس کے دوران ایم ایل اے کو بحث میں حصہ لینے کے سلسلے میں وقت مقرر کیا جائے ۔ یہ ہدایات ڈپٹی سپیکر نے ایم ایل اے گول ارناس اعجاز احمد خان کی طرف سے اٹھائے گئے پوائینٹ آف انفارمیشن کے جواب میں جاری کیں ۔ اعجاز خان نے کہا کہ موجودہ اجلاس کے شروع پر پورے ایوان نے یہ معاملہ ابھارا تھا اور حکومت نے یقین دلایا تھا کہ اس سلسلے میں وقت مقرر کیا جائے گا ۔ اس دوران ڈپٹی سپیکر نذیر احمد گریزی نے حکومت سے کہا ہے کہ پشو و بھیڑ پالن محکموں میں باقی ماندہ کیجول لیبرروں کے کیسوں کو اپ لوڈ کرے۔
سکھ طبقے کو اقلیتی درجہ فراہم کریں :جگموہن رینہ
سرینگر//ریاست کی سکھ برادری کو قومی اقلیتی کمیشن کی سفارشات پر ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے کی طرف سے اقلیتی درجے دینے کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کل جماعتی سکھ کارڈی نیشن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی یہ دیرینہ خواب پورا کریں۔سکھ کارڈی نیشن کمیٹی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینہ نے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان حکمران جماعت پی ڈی پی کے ایک قانون ساز کی طرف سے آیا ہے،جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار بغیر کسی تاخیرکے ریاست کی سکھ براداری کو اقلیتی درجہ فراہم کرے۔جگموہن سنگھ رینہ نے کہا’’ پی ڈی پی اور بھاجپا حکومت کو اب3سال اقتدار میں ہوگئے،تاہم ابھی تک سکھ برداری کو اقلیتی درجہ نہیں دیا گیا،جبکہ یہ حقیقت ہے کہ پی ڈی پی نے یہ مدعا اپنے انتخابی منشور کا حصہ بنایا تھا۔
لشکر کی صدر اسپتال کارروائی پر جنگجوئوں کو مبارک
سرینگر//لشکر طیبہ چیف محمودشاہ نے صدر اسپتال سرینگر کارروائی میں ایک قیدی ساتھی کو چھڑانے پرجنگجوئوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ جنگجوئوں کی آپسی تال میل کا نتیجہ ہے کہ وہ لشکرطیبہ کے ایک گرفتارساتھی کو دشمن کے ہاتھوں سے چھڑانے میں کامیاب ہوگئے ۔انہوںنے کہاکہ یہ جنگجوئوں کی کامیاب حکمت عملی ہے ۔محمودشاہ نے اس کارروائی میں حصہ لینے والے تمام جنگجوئوں کومبارکباد پیش کی ہے ۔
شیوراتری پر بنیادی سہولیات دستیاب رکھیں
نیشنل کانفرنس کی انتظامیہ سے اپیل
سرینگر // نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹر ی ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ جموں اور وادی میں جن علاقوں میں پنڈت برادری مقیم ہے ،وہاں بغیر خلل بجلی، پینے کا پانی، صحت صفائی اور مندروں تک آنے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی تمام سہولیات کے ساتھ ساتھ ضروری اشیاء خصوصاً چاول ،کھانڈ ،آٹا ،رسوئی گیس مٹی کا تیل وافر مقدار میں دستیاب رکھیں۔ اس کے ساتھ ساتھ شیوراتری کے موقع پر مچھلیاں ، ندرو،اخروٹ وغیرہ دستیاب رکھے جائیں ۔ اس دوران پارٹی کے سینئر لیڈر ان سابق ایم پی شریف الدین شارق ،وجے بقایا ،ترجمانِ اعلیٰ آغا روح اللہ، بھوشن لال بھٹ ، ضلع بارہلوہ صدور جاوید احمد ڈار،ضلع صدر گاندربل شیخ اشفاق جبار، ضلع صدر اننت ناگ ڈاکٹر محمد شفیع، ضلع صدر کپواہ قیصر جمشید لون نے شیو راتری پر تمام تر بنیادی سہولیات میسر رکھنے کی اپیل کی ہے۔
وادی کے نوجوان تاجروں کی اعانت کیلئے اقدامات کی ضرورت:بابر چودھری
سرینگر//وادی میں تاجروں اور کاروباریوں کو درپیش مسائل اور چلینجوں کا معاملہ’’ادارہ برائے تحقیق صنعت و اصول اقتصاد‘‘ سے اٹھاتے ہوئے نوجوان کاروباریوں کے مشترکہ پلیٹ فارم’’کشمیرینگ انٹرپرینئر فورم ‘‘کے سربراہ بابر چودھری نے خود روزگار کا تلاش کرنے والے نوجوانون کو حائل معاملات کو اجاگر کیا۔ فورم نے نئی دہلی میں بیورو ریسرچ آن انڈسٹرئز اینڈ اکنامکس فنڈ منٹلس(ادارہ برائے تحقیق صنعت و اصول اقتصاد) کے ڈائریکٹر اشفاق حسین سے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ وادی کے نوجوان کاروباریوں کی اعانت کیلئے فوری طور پر اقداماتی فیصلے اور پالیساں مرتب کریں۔بابر چودھری نے کہا کہ کشمیر میں نوجوان کاروباریوں بالخصوص جنہوں نے ریاست میں سرمایہ کاری کی،کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سرینگر میں ایک تقریب پر ہونڈا گریز ائی سکوٹر متعارف
سرینگر //ہونڈا موٹر سائکلز اورسکورٹرز انڈیا کے باختیار ڈیلر’’ارائز ہونڈائی ‘‘ نے کشمیر کی شہری آبادی کیلئے’’ ہونڈا گریزائی‘‘ نامی سکوٹر کو متعارف کرایا ہے۔ ارائز ہونڈا وادی کے پہلے ڈیلر ہیں جنہوں نے وادی میں ہونڈا گریزائی کو متعارف کرایا ہے۔سکوٹر کی رسم رونمائی ڈی ایس پی ٹریفک سٹی مس سندیپ نے کیا۔ اس موقعے پرمنیجنگ ڈائریکٹر سجاد احمد بیگ ،جنرل منیجر اویس بٹ اورارائز ہونڈا کے سیلز منیجر سہیل بٹ بھی موجود تھے۔بٹ نے کہا کہ ہونڈا سکوٹر بنانے والی بڑی کمپنی ہے اور گریزائی ہونڈا سے کمپنی کی جانب سے بنائے جانے والے سکوٹروں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔