حریت (ع)کا اشفاق مجیدکو خراج عقیدت
سرینگر// حریت(ع) نے سرکردہ مزاحمتی کمانڈر اشفاق مجید وانی کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نڈر ، بے باک ، شریف النفس اور عزم و حوصلے کا پیکر تھا جنہوںنے اپنی پوری زندگی ایک عظیم مقصد کے حصول کیلئے وقف کی تھی اور اس راہ میں انہوںنے بے پناہ صعوبتوں اور مصائب کا سامنا کیا لیکن نہ اپنے مقصد کے حصول کی جدوجہد سے پیچھے ہٹے اور نہ اپنے بلند اصولوں سے کبھی سودابازی کی۔اس دورانپیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے ایڈوکیٹ جلیل اندرابی ، اشفاق مجید وانی ، ڈاکٹر عبدالاحد گورو، شبیر صدیقی ، چاڈورہ کے زاہد رشید ، عامر فیاض اور اشفاق احمد کو ان کی برسیوں پر خراج عقیدت ادا کیاہے۔ انہوں نے حالیہ ایام میں جاں بحق ہوئے افرادکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے غمزدہ افراد خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔
ترال کے کئی علاقوں میں بجلی ٹرانسفامر خراب
سید اعجاز
ترال//ترال کے وانی محلہ مندورہ ،پیر محلہ ماحچھامہ اورپیر محلہ ناگہ بل میں بجلی کے ٹرانسفار مر خراب ہونے کی وجہ سے علاقہ گھپ اندھیرے میں ہے۔ترال کے وانی محلہ مندورہ ،پیر محلہ ماحچھامہ اورپیر محلہ ناگہ بل ترال میں بجلی ٹرانسفار مر وں میں خرابی پیدا ہونے کے بعد تینوں علاقوں کی بستی گھپ اندھیرے میں ڈوب گئی ہے۔ ناگہ بل ترال کے بجلی ٹرانسفار مر میں ایک ماہ قبل خرابی پیدا ہوگئی اور آج تک مرمت نہ کرنے کی وجہ سے بستی گھپ اندھیرے میں ہے ۔ ادھر پیر محلہ ماحچھامہ کی آبادی بھی بجلی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں پریشان ہے ۔ دریں اثناءمحکمہ کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ تینوں ٹرانسفار مروں کو مرمت کے لئے ورکشاپ منتقل کیا گیا ہے اور بہت جلد انہیں واپس نصب کیا جائے گا۔
نارسان ترال کا مزدور طبقہ
ایک سال سے اجرتوں سے محرم
سید اعجاز
ترال//نارستان ترال میں ایک سال قبل علاقے کے کئی لوگوں نے اپنا روزگار حاصل کرنے کیلئے محکمہ فشریز اور منریگا میںمزدوری کی لیکن ایک سال گزر نے کے باوجودمذکورہ افراد کواجرتیں نہیں ملی ہیں جس کے نتیجے میں وہ طرح طرح کے مشکلات سے دوچارہیں۔ان مزدورں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک سال گزرچکا ہے لیکن اُنکی مزدوری واگذار نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ فشریز کے حکام کو کئی بار آگاہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی اقدام نہیںکیا ۔لوگوں کے مطابق اگر چہ منریگا کے تحت مزدوری کم وقت میں واگذار کرنے کا باضابطہ ایک سرکاری نظام ہے لیکن اس قانون کو بھی زمینی سطح پر عملایا نہیں جارہا ہے جس کی وجہ سے علاقے کامزدور طبقہ پریشان ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کے افسران سے مداخلت کی اپیل ہے۔
فاروق عبداللہ کا کوچک خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر // نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اہلیہ نجیب کوچک کی وفات پر کوچک خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحومہ کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کی اور مرحومہ کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ۔ اس سانحہ ارتحال پر کار گزار صدر عمر عبداللہ نے بھی کوچک خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے گپکار جاکر کوچک خاندان کے ساتھ تعزیت کی اور مرحومہ کے لئے دعائے مغفرت کی اور لواحقین کی ڈھارس بندھائی ۔ ان کے ہمراہ صدر ضلع سرینگر پیر آفاق احمد بھی تھے۔ صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور صوبائی سیکریٹری شوکت احمد میراور میر غلام محمد ساقی نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے ۔
صفاپورہ میں زنانہ کالج قائم کرنے کی مانگ
سرینگر// صفا پورہ بانڈی پورہ کے لوگوں نے علاقے میںزنانہ کالج قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صفاپورہ کو علاقے میں مرکزیت حاصل ہے اور بانڈی پورہ و گاندربل دونوں اضلاع سے ملا ہوا ہے۔علاقے کے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ دفتر پرآکر بتایا کہ گابدربل اور بانڈی پورہ اضلاع میں فی الوقت کوئی بھی زنانہ کالج موجود نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ صفا پورہ علاقے میں زنانہ کالج قائم کرنے سے متعدد علاقوںجن میں صفا پورہ،ینگورہ،بارسو،کوند بل،گرٹہ بل،چک،ملہ پورہ،پوتر مولہ،رحیم آباد،چیواہ، پہلی پورہ،چندر گیر،ہاکبارہ،زونی پورہ،تکیہ،صدر کوٹ،اجس،عشم،نسہ بل اور نانرہ سمیت دیگر کئی علاقوں کی طالبات مستفیدہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کی طالبات کو حصول تعلیم کیلئے سرینگر جانا پڑتا ہے،جس کی وجہ سے ہر وقت اُن کے والدین کو اپنی بچیوں کی سلامتی کے حوالے سے خدشات رہتے ہیں۔وفد نے کہا کہ اس مطالبے سے از خود”بیٹی پڑھاﺅ،بیٹی بچاﺅ“ اسکیم کا نعرہ بھی مستحکم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی تمام سیاست دانوں نے مانسبل خواتین کالج کا مطالبہ کیا ہے۔اس دوران حکمران جماعت پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور قانون ساز کونسل کے رکن یاسر ریشی نے بھی مانسبل میں خواتین ڈگری کالج قائم کرنے کی وکالت کی ہے۔
شانگس میں 22اپریل کو قومی لوک عدالت کا انعقاد ہوگا
اننت ناگ//چیرمین تحصیل لیگل سروسز کمیٹی شانگس کے مطابق منصف کورٹ شانگس کے احاطے میں 22اپریل کو ایک قومی لوک عدالت کا انعقاد ہوگا۔ا س سلسلے میں تمام خواہشمند افراد کو مطلع کیاجاتا ہے کہ وہ 10اپریل 2018 یا اس سے پہلے تحصیل لیگل سروسز کمیٹی شانگس سے رابطہ قائم کریںتاکہ اُن کے معاملات لوک عدالت میں اُٹھائے جاسکیں۔اس لوک عدالت میں مختلف نوعیت کے معاملات باہمی افہام وتفہیم سے حل کئے جائیں گے۔
لیبر ڈیپارٹمنٹ کے اہتمام سے پلوامہ میں جانکاری کیمپ
پلوامہ//لیبر ڈیپارٹمنٹ کے اہتمام سے سرکٹ ہاﺅس پلوامہ میں ضلع کے کنسٹرکشن ورکروں کے لئے ایک جانکاری کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام محمد ڈار مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ محنت کش طبقہ قوم کی ترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اورسرکارنے اُن کی فلاح وبہبود کے لئے متعدد سکیمیں شروع کی ہیں۔ترقی کمشنر نے غیر منظم ورکروں اوردیگر ورکروں کو اپنے ناموں کا اندراج کرنے اورمختلف فلاحی سکیموں سے استفادہ کرنے پر زوردیا۔ انہوںنے فلاحی سکیموں کی جانکاری کے لئے آفیسران پر پروگراموں کا انعقاد کرنے کی ہدایت دی تاکہ تمام افرادتک سکیموں کے فوائد پہنچ سکیں۔اس موقعہ پر ترقیاتی کمشنر نے اندراج شدہ مستفیدین میں 1689667روپے کے چیک تقسیم کئے۔تقریب میں اسسٹنٹ لیبر کمشنر پیر ضمیر احمد اور بنک آفیسران کے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے محنت کشوں نے بھی شرکت کی۔
شب معراج کی تقریبات
بانڈی پورہ میں انتظامات کاجائزہ لیا گیا
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں شب معراج کی تقریب اوربعد کے جمعہ کے سلسلے میں اے سی آر بانڈی پورہ کی صدارت میں افسران کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران آفیسران کو تقریبات کے احسن انعقاد کے لئے بہتر اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔جبکہ محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگزیکٹیو انجینئر کو 10اپریل سے پہلے ہی زیارت اہم شریف کی طرف جانے والی سڑکوں کی ضروری مرمت کرنے کے احکامات دئے گئے۔میٹنگ کے دوران تمام متعلقہ محکموںکے آفیسران کو تقریبات کے سلسلے میں عقیدتمندوں کے لئے بہتر سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی گئی۔اس موقعہ پر ایڈمنسٹریٹر وقف بورڈ زیارت اہم شریف کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔
خطوں میں ترقیاتی تفاوت دور کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام ہورہا ہے :ذوالفقار علی
جموں //خوراک ، سول سپلائیز اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے مختلف خطوں میں ترقیاتی تفاوت کو دور کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے ۔ وزیر راجوری میں ایک بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار تمام خطوں کی مساوی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے کام کر رہی ہے اور رقومات بھی برابری کے طور پر مختص کئے جا رہے ہیں ۔ راجوری اور پونچھ اضلاع میں ترقیاتی عمل کے حوالے سے وزیر نے کہا کہ میڈیکل کالج ، مغل روڈ پر ٹنل کی تعمیر ، شاکا مرگ سیاحتی پروجیکٹ اور بدھل شوپیاں روڈ جیسے پروجیکٹوں کی بدولت لوگوں کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت جموں ۔ راجوری ۔پونچھ ریلوے پروجیکٹ منظور کرانے کیلئے مرکزی سرکار کے ساتھ پیروی کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل کو دوام بخشنے کیلئے قلیل اور طویل مدتی منصوبے مرتب کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں تک ہر طرح کی بنیادی سہولیات پہنچانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا ۔ اس دوران مقامی لوگوں نے اپنے اپنے مسائل سے وزیر کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے جائیز مطالبات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
ماور ہندوارہ اور اوڑی میں
اساتذہ کے حق میں الوادعی تقاریب
کپوارہ+اوڑی/اشرف چراغ+ظفراقبال /ماور کے سنزی پورہ میں ایک سرکاری استاد غلام نبی وار سر کاری نوکری سے سبکدوش ہوئے ۔ ان کے اعزاز میں ہائی سکول میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں عوامی اتحاد پارٹی کے سر براہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید کے علاوہ علاقہ بھر کے معزز شہریو ں اور محکمہ تعلیم کے زعماء نے شرکت کی ۔اس موقع پر سبکدوش ہوئے استاد کی خدمات کو سراہا گیا ۔اس دوران اوڑی میں 31 مارچ کو گورنمنٹ ہائی سکول بلکوٹ کا ہیڈ ماسٹرشفقت محمود نوکری سے سبکدوش دوش ہوگیا۔اس سلسلے میں سنیچر کو ہائی سکول بلکوٹ اوڑی میں ایک الوداعی تقریب منعقد ہوئی جس میں زونل ایجوکیشنل آفیسر اوڑی محمد سید خان،زونل ایجوکیشنل آفیسر چندن واڑی غلام جیلانی کے علاوہ مختلف سکولوں کے ہیڈماسٹر اوردیگر اساتذہ شامل تھے ۔
ڈاکٹر محمد شریف محکمہ شیپ ہسبنڈری کے نئے ڈائریکٹر تعینات
سرینگر//ڈاکٹر محمد شریف نے ڈائریکٹر شیپ ہسبنڈری کشمیر کا عہدہ سنبھالا ۔ڈاکٹر محمد رمضان کی نوکری سے سبکدوشی کے بعد وہ محکمہ کے نئے ڈائریکٹر تعینات ہوئے ۔لیہہ ضلع کے نوبرا علاقہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد شریف نے ابتدائی تعلیم نوبرا میں حاصل کی اور بعد میں ایس پی کالج سرینگر میں داخلہ لیا ۔1984بہار ویٹنری کالج سے ویٹنری سائنس میں گریجویشن اور1985میں انہوں نے محکمہ شیپ ہسبنڈری میں ملازمت اختیار کی ۔اس دوران 2004میںانہوں نے SKUASTسے ڈگری حاصل کی اور کافی تجربہ حاصل کیا ۔انہوں نے محکمہ میں کئی عہدوں پر کام کیا اور اب بطور دائریکٹر ان کی تعیناتی کو سراہا گیا ہے۔
کشمیری فوٹو جرنلسٹ
2اعزازات سے سرفراز
سرینگر// عالمی نیوز ایجنسی ایسو سی ایٹیڈ پریس سے وابستہ کشمیری فوٹو جرنلسٹ ڈار یاسین نے برما میں روہنگیائی مسلمانوں کی ہجرت سے متعلق کوریج میں2 انعامات حاصل کئے ہیں۔ ڈار نے روہنگائی مسلمانوں کی طرف سے نقل مکانی کے دوران کشتی کی غرقابی کے دوران جاں بحق ہوئے مردہ روہنگیائی بچوں کی تصویر میں پہلی پوزیشن اور روہنگیائی مسلمانوں کی ہجرت سے متعلق خبر میں دوسری پوزیشن کا ایوارڑ حاصل کیا۔اس ایوارر کے ساتھ ہی امسال ڈار یاسین نے5ایورڑ حاصل کئے۔
کولگام میں ادارتی شجرکاری مہم اختتام پذیر
کولگام//ضلع ہسپتال کولگام میںادارتی شجرکاری مہم ’’گریننگ کولگام پروجیکٹ ‘‘کے اختتام کے سلسلے میں ایک تقریب منعقدہوئی ۔تقریب کا افتتاح ترقیاتی کمشنرکولگام سجاد حسین گنائی نے کیا۔تین ہفتہ تک چلنے والی اس ادارتی شجرکاری مہم ڈگری کالج کولگام میںنو روز سے شروع ہوئی ،وہ مہم آج اختتام پذیر ہوئی۔اس موقعہ پر محکمہ جنگلات نے ترقیاتی کمشنر کومطلع کیامحکمے کی طرف سے کالجوں،سکولوں،ہسپتالوں اور دیگر اداروں میںتین ہفتہ تک چلنے والی شجرکاری مہم کے دوران چنائو صنوبر اور دیگر اقسام کے 20ہزارپودے لگائے گئے۔ترقیاتی کمشنر نے لوگوں خصوصاً سرکاری ملازمین اور طلبأ پر زوردیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعدادمیںشجرکاری مہمات میں حصہ لیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ محکمہ جنگلات نے شجرکاری مہم کے لئے 3000پودے محکمہ صحت کو5000پودے محکمہ تعلیم کو فراہم کئے ہیں۔
حضرت سید جعفر صاحبؒ کا عرس آج
سرینگر//وادی کے بلند پایہ ولی حضرت سید جعفر صاحب ؒ کے عرس کے سلسلے میں آج یعنی14 رجب المرجب (اتوار ) کو تملہ ہال پلوامہ میں ان کے آستان پرخیرات و نیاز کی تقسیم کے علاوہ نماز عصر سے نماز عشاء تک ختمات المعظمات اور درود ازکار اورکی مجلس آراستہ ہوگی ۔اس موقعہ پر حضرت سید جعفرؒکی دینی خدمات کے گوشوں کی وضاحت ہوگی۔مقامی انتظامیہ کمیٹی نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عرس کے موقعہ پر علاقے میںبلا خلل بجلی کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے۔
آغا حسن کااظہار تعزیت
سرینگر/انجمن شرعی شیعیان سربراہ آغا سید حسن نے تنظیم کے دیرینہ کارکن غلام محی الدین میر ساکن نرورہ سرینگرکی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیاہے۔ آغا حسن نے مرحوم کے بلند درجات اور جنت نشینی کی دعا کی اور لواحقین و پسماندگان خاض طور پر مرحوم کے برادران غلام رسول میر، غلام محمد میر، محمد یوسف میر،غلام مصطفی میر اور فرزند محمد مقبول میر سے تعزیت کی ۔
میر بشیر متولی چندی گڑھ اسپتال سے رخصت
سرینگر//آثار شریف پنجورہ شوپیان کے متولی میر بشیر احمد کی انڈس انٹرنیشنل اسپتال چندی گڑھ میں معروف یورالو جسٹ ڈاکٹر منیش سنگلہ کی سربراہی میں سرجری عمل میں لائی گئی اور اب شفایاب ہوکر اسپتال سے رخصت ہوئے ہیں۔ میر بشیر کے مطابق اس دوران ڈاکٹر بلال صادق ( پلوامہ) کی بے لوث ہمدردی کارفرمارہی۔دریں اثناء میر بشیرا حمد متولی کے بھائیوں اور فرزندوںنے سبھی دوست واحباب کا شکریہ ادا کیا ہے جو اس دوران مریض کے حق میںدعا گور ہے۔
پالی ٹیکنیک کالج راجوری میں اخلاق و آداب پر سمینار
سرینگر//باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے پالی ٹیکنک کالج میں’’اخلاق وآداب‘‘کے موضوع پہ ایک روزہ سمینارمنعقد کیا گیاجس کا مقصد یہ تھا کہ کالج میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کو اخلاق حسنہ اور آداب زندگی سے روشناس کرایا جائے۔اس سمینار میں شعبہ اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق احمد وانی اور اعجاز میر اسسٹنٹ پروفیسر سیول انجینئرنگ کالج باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجور ی بطور مہمان موجود تھے۔ان دونوں مہمانوں نے اخلاق وآداب پر لیکچر دئے۔ڈاکٹر مشاق احمد وانی نے کہا کہ اگر نیت اچھی ہوگی تو اعمال بھی اچھے سرزد ہونگے اور اگر نیت بری ہوگی تو اعمال بھی برے ہی سرزد ہوتے ہیں۔ اعجازاحمد میر نے کہا کہ بہت زیادہ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود اگر انسانیت کی خوشبو سے انسان محروم رہا یااچھے اخلاق وکردار سے عاری رہا تو کچھ بھی حاصل نہیں کیا۔
ڈی سی اننت ناگ نے ٹریفک منیجمنٹ کاجائزہ لیا
اننت ناگ//ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ محمدیونس ملک نے ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں ٹریفک منیجمنٹ پلان کاجائزہ لیا تاکہ ضلع کی سڑکوں پر ٹریفک دبائو کم کیا جاسکے۔میٹنگ کے دوران اننت ناگ قصبے میں ٹریفک کی آمدورفت میں باقاعدگی لانے اور ٹریفک دبائو کو کم کرنے کیلئے کئی تجاویز پر غور وخوض کیا گیا۔میٹنگ میںفیصلہ لیا گیا کہ مختلف اسٹینڈوں سے جڑی گاڑیوں کی برینڈنگ کی جائے گی تاکہ مسافر غیر اندراج شدہ گاڑیوں میں فوری فرق کرسکیں۔اس کے علاوہ تمام مسافر گاڑیوں روٹ بورڈس بھی استعمال کریں گی۔ضلع کے مختلف سٹینڈوں کے نمائندوں نے ترقیاتی کمشنر کو یقین دہانی دی کہ وہ ضلع میں بہتر ٹریفک نظام کو یقینی بنانے کے لئے اپنابھرپور تعائون دیںگے۔