سرحدی کشیدگی
ہند و پاک فورسز کے مابین عید پر روایتی مٹھائی کا تبادلہ نہیں ہوا
سرینگر// ورکنگ با نڈری پر گولہ باری کے مسلسل واقعات کے بعد پاکستان اور بھارت کی سرحدی فورسز کے مابین عید کے موقع پر روایتی مٹھائی کا تبادلہ نہیں ہوسکا۔پاکستان کے رینجرز اور بی ایس ایف کے مابین عید، بیساکھی اور دونوں ملکوں کے قومی تہواروں پر ایک دوسرے کو خیرسگالی کے طورپر مٹھائی کا تحفہ دیا جاتا ہے لیکن اس بار ورکنگ با¶نڈری اور کنٹرول لائن پرکشیدہ صورت حال، سیزفائرمعاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں اوراس کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں کی موت کے باعث پاکستان اوربھارت کے مشترکہ واہگہ اٹاری بارڈر پر روایتی مٹھائی کا تبادلہ نہیں کیا گیا۔اس سے قبل ماضی میں بھی کئی بار ایسا ہوا کہ جب دونوں ملکوں کے حالات میں کشیدگی آئی تواس کا اثر واہگہ اٹاری بارڈر پر دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز کے رویوِں میں بھی نظرآتا ہے۔
آرپار بس سروس عیدالفطر کے پیش نظر معطل
یو این آئی
سرینگر// سرینگر اور مظفرآباد کے درمیان چلنے والی ہفتہ وار ’کاروان امن‘ بس سروس کو عیدالفطر کے پیش نظر پیر کومعطل کردیا گیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ طرفین نے عید الفطر کے پیش نظر بس سروس کو معطل کرنے کا فیصلہ باہمی اتفاق رائے سے لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو مسافر اس ہفتہ وار بس سے آج سفر کرنے والے تھے، کو پہلے ہی اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا تھا۔ 1999 میں کرگل کی جنگ کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑے اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر شروع کی گئی یہ بس سروس وادی میں سال 2008 ، 2010 اور 2016 کی طویل عوامی تحریکوں اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے باوجود جاری رہی۔ کاروان امن بس کا آغاز 7 اپریل 2005 کو ہوا تھا اور تب سے اِس کے ذریعے ہزاروں لوگ آرپار اپنے عزیز واقارب سے ملے ہیں۔
سندھ فارسٹ ڈویژن کا مین گیٹ مقفل
عید پر ملازموں کو تنخواہیںنہ ملنے کے خلاف احتجاج
گاندربل//ارشاد احمد//محکمہ جنگلات میں تعینات کیجول ملازمین نے عید پر تنخواہیں نہ ملنے پر ڈویژن کے مین گیٹ پر تالہ لگاکر بند کردیا۔سندھ فارسٹ ڈویژن میں تعینات سینکڑوں کیجول ملازمین نے ڈویژن کے احاطے میں احتجاج کیا۔ملازمین کے مطابق عید پر تنخواہ نہ ملنے پر وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے۔اس موقع پر ملازمین نے محکمہ کے مین گیٹ پر تالہ چڑھاکر ڈویژن کو احتجاج کے طور بند کردیا۔
تحریک حریت کا اظہار تعزیت
سرینگر// تحریک حریت نے تنظیم کے ہمدرد عبدالخالق لون کیونسہ بانڈی پورہ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دُعا کی۔ تحریک حریت کے ضلعی نظم نے مرحوم کے گھر جاکر ان کی یاد میں منعقد تعزیتی مجلس میں شرکت کی۔
انتظامی معاملات میں کوتاہی
طشت از بام کریں،پٹیشنز کمیٹی کی عوام سے اپیل
سرینگر//پٹیشنز کی کمیٹی کے چیئر مین آر ایس پٹھانیہ نے جموں کشمیر کی سول سوسائٹی سے کہا کہ وہ ریاست میں انتظامی معاملات میں موجود کسی بھی کوتاہی کو طشت از بام لا سکتی ہے تا کہ متاثرہ لوگوں کو انصاف مل سکے ۔ پٹھانیہ قانون ساز اسمبلی کے میٹنگ ہال میں کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔ چیئر مین نے کہا کہ اگر کسی بھی شخص کو حکومت کی کارکردگی کے بارے میں شکایت ہو وہ ایک سادہ درخواست سپیکر کے دفتر میں اپنی تمام رہائشی تفصیلات کے ساتھ پیش کریں ۔ ارکانِ قانون سازیہ جاوید حسن بیگ ، اعجاز احمد میر ، بشیر احمد ڈار ، مشتاق احمد شاہ اور شیخ اشفاق جبار نے میٹنگ میں شرکت کی اور کمیٹی کی کارکردگی بہتر بنانے کے سلسلے میں اپنی قیمتی آراءپیش کیں ۔ اس سے قبل کمیٹی نے سینئر صحافی ڈاکٹر شجاعت بخاری کے قتل کے واقع کی مذمت کی اور اُن کے احترام میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔ دیگر لوگوں میں ایڈیشنل سیکریٹری اسمبلی نسیم جان ، ڈپٹی سیکریٹری اسمبلی عبدالقیوم میر و دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔
قاضی نثار کی برسی آج
امت اسلامی کی جنوبی کشمیر میں ہڑتال کی کال
سرینگر// امت اسلامی نے میر واعظ جنوبی کشمیر ڈاکٹر قاضی نثار احمد کی برسی کے موقعہ پر آج پورے جنوبی کشمیر میں ہڑتال کی کال دی ہے ۔اپنے بیان میں امت اسلامی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ آج ہڑتال کی جائے ۔برسی کے موقعہ پر اننت ناگ میں آج بعد دوپہر ڈیڑھ بجے جامع مسجد سے ریلی نکالی جائے گی ۔ادھر ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے معروف اسلامی سکالر ڈاکٹر قاضی نثار کو اُن کی 24ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔اُمت اسلامی کے سربراہ مرحوم ڈاکٹر قاضی نثار کو 19جون1994کو نامعلوم بندوق برداروں نے دیالگام اننت ناگ کے مقام پرجاں بحق کیا۔مرحوم لیڈر کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پارٹی ترجمان نے کہا کہ قاضی نثار ایک وطن دوست سکالر تھے جنہوں نے ساری عمر اُمت مسلم کی یکجہتی کیلئے کوششیں انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی میں قاضی نثار کا رول ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرحوم اُن چند اشخاص میں شامل تھے جنہوں نے اختلافات کے باوجود مختلف سیاسی پارٹیوں اور شخصیات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہونے کیلئے دن رات کام کیا۔
لون نیوز ایجنسی کے مالک کا انتقال
ٹنگمرگ// لون نیوز ایجنسی کے مالک خواجہ غلام حسن لون ساکن فیروزپورہ ٹنگمرگ سنیچر کو کا انتقال کرگئے۔گلمرگ، ٹنگمرگ، کنزراور چندی لورہ کی تاجر و مزدور انجمنوں اور سول سوسائٹی ممبران نے ان کے لواحقین سے تعزیت کی اور مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی ۔ ممبر اسمبلی گلمرگ محمد عباس وانی نے غلام حسن لون کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین سے تعزیت کی۔ مرحوم کا رسم چہارم منگلوار کو فیروزپورہ ٹنگمرگ میں انجام دیا جارہا ہے ۔
میلہ کھیر بھوانی:کشمیری پنڈتوں کا جتھا دلی سے روانہ
نئی دلی/ /ریاستی حکومت نے ایک اہم اقدام کے طور پر دلی اور دیگر شہروں میں رہائش پذیر مائیگرنٹ پنڈت برداری کے لئے ایک مفت بس سروس کا اہتمام کیا ہے تاکہ وہ تولہ مولہ میں کھیر بھوانی میلے میں 20 جون شرکت کرسکیں۔اس حوالے سے کشمیری مائیگرنٹ برادری نے زبر دست دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔اس ضمن میں حکومت کی طرف سے حال ہی میں مائیگرنٹ کے لئے قائم کی گئی سپیشل سیل کی طرف سے 5 پرتھوی راج روڑ نئی دلی سے 120 شردھالوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔یہ بس سروس وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے بیرون وادی رہائش پذیر کشمیری پنڈت برادری کے لئے کئے جارہے اعتماد سازی کے اقدامات کا ایک حصہ ہے۔اس سے پہلے وزیر اعلیٰ نے نئی دلی میں مارچ مہینے میں کافی تعداد میں کشمیری پنڈتوں کے ساتھ بات چیت کی تھی جنہوں نے وادی واپسی کے لئے کئی مطالبات ان کے سامنے رکھے تھے۔
جموں میں مصطفی میر نے یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا
جموں//امداد ، باز آباد کاری ، تعمیر نو ، پھول بانی اور ڈیساسٹر منیجمنٹ کے وزیر جاوید مصطفی میر نے نگروٹہ سے تُل مولہ ( گاندر بل ) کی طرف روانہ ہونے والی کھیر بھوانی یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ آئی جی پی جموں ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ ، ڈپٹی کمشنر کمار راجیو رنجن ، کمشنر ریلیف ایم ایل رینہ ، ماتا کھیر بھوانی کمیٹی کے سربراہ کرن واتل کے علاوہ مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت نے یاتریوں کیلئے معقول انتظامات کئے ہیں تا کہ اُن کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے مختلف محکموں کے افسروں پر زور دیا کہ وہ آپسی اشتراک اور تال میل قایم رکھتے ہوئے اس یاترا کو احسن طریقے پر انجام دینے کے انتظامات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے یاتریوں کیلئے ایس آر ٹی سی کی بسوں کا وافر مقدار میں انتظام کیا ہے تا کہ یاتری جموں سے سرینگر آرام سے پہنچ سکیں ۔
ترال میں بیماری کی لپیٹ میں آکر کئی مویشی ہلاک
سید اعجاز
ترال//ترال کے مختلف علاقوں میںمویشی مہلک بیماری کی لپیٹ میںآ کرکئی ہلاک ہوگئے جبکہ درجنوں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہونے کے بعد کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ گزشتہ کئی ہفتوں سے مویشیوں کی ایک بڑی تعدادمنہ اورلونگ بیماریوں میں آنے سے درجنوں گائیں، بیل اور بچھڑے ہلاک ہوئے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ بیماری ایک جانور سے دوسرے جانور میں تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے دن بہ دن بیمار جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے علاقے میںمعیاری ادویات کے علاوہ ماہرین کی ایک ٹیم کو روانہ کرنے کا مطالبہ کیاتاکہ علاقے کے کسانوں کو مزید نقصان سے دوچار نہ ہونا پڑے۔اس حوالے سے انچارج بلاک وٹنری افسر ترال ڈاکٹر بشیر احمد نے کہا”بیماری وادی کشمیر میں ہر جگہ پھیل گئی ہے اور ان بیماریوں کے لئے کوئی خاص دوائی نہیں ہے تاہم بیماری بعد میں از خود ٹھیک ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود محکمے کی ٹیم علاقے میں موجود ہے ۔
ستورہ میں طوفانی ژالہ باری
کھڑی فصلوں اورمیوہ باغات کو بھاری نقصان
سرینگر//ستورہ ترال میں طوفانی ژالہ بھاری سے فصلوں اور میوہ جات کوشدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے کسان اور باغ مالکان سخت پریشان ہوئے ہیں۔ کے این ایس کے مطابق کے مطابق جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے ستورہ علاقے میں سوموار بعد دوپہر اچانک شدید ژالہ بھاری شروع ہوئی جو کچھ منٹوں تک جاری رہی جس کی وجہ سے علاقے میں کھڑی فصلوں اورمیوہ باغات کے ساتھ ساتھ سبزی کو نقصان پہنچا ۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ ژالہ بھاری اس قدر شدید تھی کہ درختوں کی ٹہنیاں ژالہ بھاری سے تباہ ہوکر نیچے گرگئیں۔