کشمیر میں حکومت گرانا موقع پرستیـ:اعظم خان
سرینگر// سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق کابینی وزیر محمد اعظم خان نے کشمیر میں پی ڈی پی بی جے پی اتحاد ٹوٹنے کو موقع پرستی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب جوانوں کے سر کاٹ کر لے گئے، تب بی جے پی نے حمایت واپس کیوں نہیں لی ۔اعظم خان آئندہ لوک سبھا الیکشن تک بی جے پی کو ساتھ رہنا چاہئے تھا۔ حمایت واپسی کا یہ صحیح وقت نہیں تھا، بی جے پی والوں نے تین سالوں تک کشمیر میں خوب موج مستی کی اور اب جب لوک سبھا الیکشن میں چھ مہینے ہی ہیں تو لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے انہیں دیش بھکتی یا د آ ئی۔کشمیر میں فوج کے ذریعہ پتھراو کرنے والوں سے نمٹنے کیلئے ان کے ساتھیوں کو ہی ڈھال بنائے جانے کے سوال پر اعظم خان نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں حکومت بی جے پی کی تھی، تو شکایت کس کی کررہے تھے۔
فوج کی شمالی کمان کے سربراہ گورنر سے ملاقی
سرینگر// فوج کی شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے راج بھون میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔گورنر اور فوجی کمانڈر نے وادی میں ملی ٹینسی مخالف اوپریشنوں کے دوران جانی نقصان کو کم کرنے کو مد نظر سیکورٹی صورتحال اور اس کے انتظام کے لئے مختلف ایجنسیوں اور محکموں کے درمیان تال میل کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔
عرس تقریبات پر این سی کی مبادکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدرعمر عبداللہ نے حضرت شاہ فریدالدین بغدادیؒ کے سالانہ عرس پر ریاستی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اولیاء کرام نے اسلام کی جو آبیاری کی وہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ کرے کہ ریاست میں امن وامان کی مکمل بحالی ہو۔ اس دوران عبدالرحیم راتھر،آغا سید روح اللہ، علی محمد ڈار کے علاوہ مولوی خالد نجیب سہروردی اور سجاد احمد کچلو نے بھی لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
ڈاکٹر فاروق، عمر عبداللہ اور حکیم یاسین کا غلام نبی گوہرکو خراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ ،نائب صدر عمر عبداللہ اورپی ڈی ایف چیئرمین حکیم محمد یاسین نے وادی کے معروف قلمکار ، شاعر ،ناول نگار، مصنف اور سابق جج غلام نبی گوہر کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہارکیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اورعمر عبداللہ نے مرحوم کے سوگوران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعاکی۔ انہوںنے کہا کہ اُن کے رخصت ہونے سے ادبی حلقوں میں ایک بہت بڑا خلاء پیدا ہوگیا ۔ پارٹی کے سینئر لیڈر عبدالرحیم راتھر نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ پارٹی کے سینئر لیڈران شریف الدین شارق، محمد یوسف ٹینگ ،محمد شفیع اوڑی اور علی محمد ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے ۔پی ڈی ایف چیرمین اورممبراسمبلی خانصاحب حکیم محمد یاسین نے مرحوم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ایک علمی شخصیت سے مرحوم ہوگئی جس نے تقریباْ 40سے زیادہ کتابیں تصنیف کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غلام نبی گوہر ضلع بڈگام کا تاج تھا اور اُن انکی خدمات کی وجہ سے انہیں صدیوں یادٍرکھا جائے گا۔
ادبی حلقوں کیلئے ایک خلائ:حریت (ع)
سرینگر// حریت (ع)ترجمان نے غلام نبی گوہر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی سماجی ،دینی اور ادبی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ ترجمان نے کہا کہ مرحوم گوہر ایک سرکردہ قانون دان اور قابل منصف بھی تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنے پیشے سے انصاف کرتے ہوئے عدل و انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ نظر رکھا ۔ترجمان نے مرحوم کے انتقال کوعلمی اور ادبی حلقوں میں ایک خلا قرار دیتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
کولگام ہلاکت
ایس آر او کیس فوری طور حل کرنے کی اپیل
سرینگر//کیلم کولگام میں 17جون کی شام ساڑھے آٹھ بجے کونامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں مارے گئے 40سالہ محمد اقبال کواک ولد محمد عبداللہ کواک کے عزیز و اقارب اورمقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مہلوک کے پسماندگان کا ایس آر او کیس فوری طور حل کیاجائے تاکہ انہیں مصائب و مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔مقامی لوگوں کے مطابق محمد اقبال کواک محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری میںتعینات تھا ۔وہ اپنے پیچھے چار بیٹیاں،،بیوی اور ماں کو چھوڑ گیا۔
کپوارہ کے ڈاک گھر میں رورل پوسٹل لائف انشورنس میلہ
اشرف چراغ
کپوارہ//شمالی کشمیر کے بارہ مولہ ڈویژن کے تحت آنے والے ڈاک گھروں میں پوسٹل لائف انشورنس میلہ منعقد کئے گئے اور اس سلسلہ میں بدھ کو کپوارہ کے مرکزی ڈاک گھر میں بھی آر پی ایل میلہ منعقد کیا گیا جس میں ہندوارہ ،لنگیٹ ،سوگام اور ترہگام کے ڈاک گھروں سے تعلق رکھنے والے ملازمین نے شر کت کی جبکہ لوگو ں کی ایک بڑی تعداد نے اس میلہ میں حصہ لیا جس کے بعد موقع پر ہی لاکھو ں کی آر پی ایل پالسیاں کی ۔اس موقع پر سب ڈویژنل انسپکٹر کپوارہ سب ڈویژن سریندر شرما نے کہا کہ لوگو ں کے لئے محکمہ ڈاک نے بہت ساری سکیمیں پہلے ہی متعارف کرائی ہیں اور جن کا براہ راست لوگو ں کو فائدہ ملتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ محکمہ نے اپنے گاہکوں کے لئے تمام سہولیات بہم رکھی ہیں اور لوگو ں کو چاہئے کہ وہ محکمہ کی سکیمو ں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔
منشیات مخالف مہم
بڈگام میں 3 غیر ریاستی شہری گرفتار
سرینگر //بڈگام پولیس نے تین منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر اُن کے قبضے سے 25کلو گرام خشخاش ضبط کی ۔ پولیس اسٹیشن بڈگام سے وابستہ پولیس پارٹی نے معمول کی چیکنگ کے دوران ویگن آر زیر نمبر DL9CQS-3188کو روک کر اُس کی تلاشی لی جس دوران گاڑی سے 25کلو گرام خشخاش کو برآمدکیا گیا ۔ چنانچہ پولیس نے فوری طورپر گاڑی میں سوارشبیر احمد آہٹ ساکن گوجرا، کرتار سنگھ ولد با سنگھ ساکنہ مانما پنجاب اور گورو صاحب سنگھ ولد پنجو نرم ساکن پتی نگر پنجاب کی گرفتاری عمل میں لا ئی۔ اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 152/2018زیر دفعہ 8/15این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
جموں وکشمیر بچاؤ تحریک کی ورکنگ باڑی کا اجلاس
موجودہ صورتحال خاصکر گورنر راج کے نفاذ پر غور
سرینگر//جموں وکشمیر بچاؤ تحریک کی ورکنگ باڑی کی تلسی باغ سرینگر میں ایک خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت پارٹی کے صدر عبدالغنی وکیل نے کی۔میٹنگ میں موجودہ صورتحال خاصکر گورنر راج کے نفاذ پر غور وخوض کیا گیا اور کہا گیا کہ ریاست میں ابتر حالات کی وجہ سے گورنر راج کا نفاذ ضروری اورمجبوری بھی بن گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار ہر محاذ پر ناکام ہوئی تھی لیکن سرکار کے بس میں کچھ نظر نہیں آرہا تھا اور اس ابتر حالات کی ذمہ داری دونوں جماعتوںپر پی ڈی پی اور بی جے پی برابر ہے۔میٹنگ میں گورنر پر زور دیا گیا کہ وہ مال وجان کی حفاظت یقینی بنائیں اور ہر وہ اقدام کریں جس سے وادی میں خون وخرابہ بند ہو اور عوام خود کو محفوظ محسوس کریں اور ساتھ ہی ریاست میں ایسے حالات بنانے کی طرف اپنا پورا توجہ مرکوز کریں ۔جس سے جتنی جلدی ہو سکے بات چیت کا عمل شروع ہو سکے کیونکہ ہر مسئلہ کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکل سکتا ہے۔
ویری ناگ میں بادل پھٹنے سے شہری زخمی
ڈورو // عارف بلوچ /ہالن ویری ناگ میں بدھ کی شام بادل پھٹنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ 13مویشی ہلاک ہوئے ۔ہالن گھر بستی ویری ناگ میں شام دیر گئے زبردست بارش ہوئی اور بادل پھٹنے سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ 13مویشی ہلاک ہوئے۔
آرینز کالج 5سالہ بی کام اور ایل ایل بی کورسز شروع کررہا ہے
سرینگر //آرینز لاء کالج راجپورہ چندی گڑھ سال2018-19سے پانچ سالہ بی کام اور ایل ایل بی کورسز شروع کرنے جارہاہے۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر آرینز گروپ پروفیسر بی ایس سدھو نے کہا کہ بار کونسل آف انڈیا نئی دلی اور پنجاب یونیورسٹی پٹیالہ کے ساتھ 120سیٹوں کی منظوری کا معاملہ اٹھایا گیا ہے اور جون کے اختتام تک منظوری مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بارہویں پاس خواہشمند اُمید وار پانچ سالہ کورسز کیلئے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواہشمند اُمید وار موبائل نمبر 098762-99888 98765-99888 پر رابطہ کرسکتے ہیں یا آرینز کی وئب سائٹ www.aryans.edu.in پر جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورسز طلبہ کی ضرورت اورمانگ کے مطابق تیار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سالہ بی کام اور ایل ایل بی پروگرام سے طلبہ کا ایک سال بچ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ایل اے ٹی 2018میں تقریب 58000 طلبہ نے 19قومی یونیوسٹیوں میں لاء کی 2300نشتوں کیلئے حصہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ 7جون کو پنجاب یونیورسٹی کے 360نشستوں کیلئے 5300افراد نے شمولیت اختیار کی ۔ انہوں نے کہا کہ آرینز کالج پہلے سے ہی پانچ سالہ بی اے، ایل ایل بی اور 3سالہ ایل ایل بی کورس چندی گڑھ یونیورسٹی سے چلارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامرس پر دست رس رکھنے والے طلبہ قانون کی پڑھائی حاصل کرسکتے ہیں۔
پولیس کیمونٹی پاٹنر شپ گروپ
پکھرپورہ اور لنگیٹ میں میٹنگوں کا اہتمام
سرینگر//ایس ایچ او چرار شریف مدثر شاہ کی سربراہی میں پولیس پوسٹ پکھر پورہ چرار شریف میں ’’پولیس کیمونٹی پاٹنر شپ گروپ ‘‘ میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں پکھر پورہ ، موہن پورہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ذی عزت شہریوں نے شرکت کی ۔ شرکاء نے میٹنگ کے دوران عوامی مسائل ابھارے ۔ اس موقعے پر کئی اہم مسائل کو موقعے پر ہی حل کیا گیا جبکہ سیول ایڈمنسٹریشن سے جڑے مسائل متعلقہ محکموں کے سربراہان کے ساتھ اُٹھانے کا یقین دلایا گیا ۔ آخر پر لوگوں نے پولیس کی جانب سے مسائل کے حل کی خاطر فوری طورپر اقدامات اٹھانے پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔ اس دوران ایس ایس پی ہندواڑہ غلام جیلانی وانی کی ہدایت پر پولیس پوسٹ لنگیٹ میں ’’پولیس کیمونٹی پاٹنر شپ گروپ ‘‘ میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ میٹنگ انچارج پولیس پوسٹ لنگیٹ جان محمد کی سربراہی میں منعقد ہوئی جس میں لنگیٹ سے تعلق رکھنے والے ذی عزت شہریوں نے شرکت کی ۔ شرکاء نے میٹنگ کے دوران عوامی اہمیت کے حامل مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔
حج 2018:شوپیاں کے عازمین کیلئے اطلاع
شوپیاں// ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان کی ایک اطلاع کے مطابق ضلع کے منتخب عازمین حج کیلئے تربیت کے دوسرے مرحلے کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ۔یہ تربیت 21؍ جون 2018ء کو دی جائے گی۔ شوپیاں ضلع کے منتخب عازمین حج کو اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ پر جامع مسجد شوپیاں میں صبح 10بجے تربیت کے لئے حاضر ہوجائیں۔
میر کی مندرمیں حاضری
حکیم یاسین کی پنڈت برادری کو مبارکباد
سرینگر//پردیش کانگریس کمیٹی (پی سی سی ) کے صدر غلام احمد میر نے بدھ کومیلہ کھیر بھوانی کے دوران کھیر بھوانی مندر تولہ مولہ گاندر بل پر حاضری دی ۔انہوں نے اس موقع پر پنڈت برادری کو مبارکباد دی ۔انہوں نے مندر کے اندر کچھ وقت بھی گزارا ،جس دوران انہوں نے یاتریوں سے انتظامات کے بارے میں جانکاری بھی حاصل کی ۔غلام احمد میر نے کہا کہ میلہ کھیر بھوانی کشمیری تہذ وتمدن اور ثقافت کے ساتھ ساتھ یہاں کی مذہبی روادری ،بھائی چارہ اور ہم آہنگی کی علامت ہے۔پی ڈی ایف سربراہ اور ممبراسمبلی خانصاحب حکیم محمد یاسین نے ریاستی عوام خاص کر پنڈت برادری کو میلہ کھیر بھوانی کے تہوار پرمبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیاہے ۔ حکیم یاسین نے اپنے ایک مبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ یہ مبارک موقع ہمیں ریاست میں امن و شانتی کے لئے ایک اہم راستہ فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میلہ کھیر بھوانی ہمیں صدیوں پُرانے مذہبی رواداری اور بھائی چارہ کو مزید مستحکم کرنے کا ایک سنہری موقع ہے۔
پولیس اور وومنز ہیلپ لائن سروسزکی جانب سے امدادی کیمپوں کا قیام
سرینگر //جموںوکشمیر پولیس نے میلہ کھیربوانی کے سلسلے میں زائرین کیلئے امدادی کیمپ کا قیام عمل میں لایا ہے جس کا مقصد یاتریوں کو بہتر سہولیات بہم رکھنا ہے۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ کھیر بوانی مندر میں کئی زائرین بے ہو ش ہو گئے ہیں ۔ چنانچہ ایس ایچ او کھیر بوانی ارشد احمد کی سربراہی میں پولیس پارٹی جائے موقع پر پہنچ گئی اوروہاں قائم کئے گئے دس بیڈ والے عارضی اسپتال میں مذکورہ یاتریوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر منتقل کیا گیا۔ زائرین نے پولیس کی اس کارروائی کو خوب سراہا ہے۔اس دوران وومنز ہیلپ لائن سروسز نے میلے کے موقعہ پر جانکاری کیمپ منعقد کیا۔اس کیمپ کے انعقاد کا مقصد شردھالوئوں خصوصاً خواتین کو اس ہیلپ لائن نمبر 181 کی جانب سے فراہم کی جانی والی خدمات کے بارے میں جانکاری مہیا کرنا تھا۔سٹیٹ ریسورس وومن سینٹر کی سٹیشن مشن ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر کئی عہدیدار بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔