ریٹرننگ آفس جموں میں غنڈہ گردی
بھیم سنگھ کا غیر ضروری افراد کے احاطہ میں داخلہ پر روک لگانے کامطالبہ
جموں //جموں و کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ نے چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ریٹرننگ آفسر جموںکے دفتر میں غیر ضروری افراد کے داخلہ پر روک لگانے کا مطالبہ کیا۔ایک پریس بیان میں انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر کے آفس میں غیر ضروری افراد کی بھر مار ہوتی ہے اور ریٹرننگ افسر متعدد تسلیم شدہ پارٹیوں کے اُمید واروں (کانگریس اور پینتھرز پارٹی وغیرہ) کو نظر انداز کرتے ہیں۔انہوں نے پریس بیان میں مزید کہا کہ پیر کے روز وہ جے کے این پی پی کی طرف سے اپنی نامزدگی دائر کرنے کیلئے ریٹرننگ آفیسر کے ددفتر پہنچا تو ریٹرننگ افسر نے مبینہ طور سے آزاد امیدواروں کو دفتر کے اندر آنے کی اجازت دی جبکہ تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کو دھکے دیکر باہر نکالا ۔انہوں نے صدر جمہوریہ ، گورنراور چیف الیکشن کمیشن آف انڈیا سے اس سلسلہ میں فوری مداخلت کرنے کی مانگ کی، تاکہ ریٹرننگ افسر قوانین کے تحت کاروائی کر سکیں ۔
کے کے شرما 26مارچ کو جموں میں عوامی مسائل سنیں گے
جموں//گورنر کے مشیر کے کے شرما 26؍مارچ2019ء منگلوار کنونشن سینٹر کنال روڈ جموں میں ایک عوامی دربار کے دوران لوگوں کے مسائل سنیں گے۔عوامی وفود اور افراد سے کہا گیا ہے کہ وہ مشیر موصوف سے ملنے کے لئے مقررہ جگہ پر صبح 10بجے سے دوپہر 12بجے تک حاضر ہوجائیں۔
محکمہ اطلاعات کی تعزیتی میٹنگ منعقد
ملازمہ نریش کماری کے اِنتقال پر دُکھ کا اِظہار کیا
جموں//محکمہ اطلاعات کے ملازمین نے جموں صوبے کی کلچرل وِنگ کی سینئر اسسٹنٹ نریش کماری کے اچانک انتقال پر دُکھ اور صدمے کا اِظہار کیاہے۔وہ آج ایک دلدوز سڑک حادثے میں جاں بحق ہوئیں۔اِس سلسلے میں آج محکمہ اطلاعات جموں کے دفتر میں ناظم اطلاعات گلزار احمد ڈار کی صدارت میں ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس دوران آنجہانی کی خدمات کو یاد کیا گیااور اُنہیں خراج عقیدت ادا کیاگیا۔ناظم اطلاعات نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی گئی۔اس موقعہ پر آنجہانی کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اِختیار کی گئی۔
کے کے شرما سے فیڈریشن انڈسٹریزبڑی برہمنا کا وفدملاقی
جموں//فیڈریشن آف انڈسٹریز بڑی برہمنا کے ایک وفد نے آج یہاں گورنر کے مشیر کیول کمار شرما کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں صنعتی سیکٹر سے جڑے کئی معاملات ان کی نوٹس میںلائے۔وفد نے جن معاملات کو اس موقعہ پر اُجاگر کیا اُن میں بجلی محکمہ کے پاس صنعتی یونٹوں بقایا جات کی ادائیگی ،صنعتی یونٹوں کی طرف سے بجلی کے کنکشن سرینڈر کرنے سے متعلق قوانین کو آسان بنانے اور کئی دیگر مسائل شامل ہیں۔مشیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے اجاگر کئے گئے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
آر ٹی آئی کے موضوع پر تین روزہ تربیتی پروگرام منعقد
جموں//سٹیٹ انفارمیشن کمیشن کی جانب سے جموں میں امپا کے اشتراک سے حق جانکاری کے موضوع پر تین روزہ تربیتی پروگرام منعقد ہوا۔کمیشن کے سیکرٹری نریندر سنگھ بالی نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے آر ٹی آئی کے بارے میں عام لوگوں کو جانکاری فراہم کرنے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ شفافیت اور جوابدہی کے بغیر جمہوری حکومت کا کام کاج چلانا ناممکن ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آر ٹی آئی بہتر انتظامیہ کی بنیاد ہے اور اس سے رشوت ستانی کے خاتمے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے پبلک انفارمیشن افسروں سے کہا کہ وہ معیاد بند مدت کے اندر صحیح جانکاری فراہم کریں۔پبلک انفارمیشن افسروں کو کمیشن کا لازمی جُز قرار دیتے ہوئے نریندر سنگھ بالی نے کہا کہ انہیں انتظامیہ کے کام کاج میں بہتری لانے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔اس موقعہ پر سٹیٹ انفارمیشن کمیشن کے جوائنٹ ڈائریکٹر غلام نبی گنائی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن عنقریب آر ٹی آئی ایکٹ کو اُردو زبان میں مشتہر کرے گا تا کہ اُردو بولنے والے لوگ اس سے استفادہ کرسکیں۔اس سے قبل پروگرام کوارڈی نیٹر پروفیسر سُنیتا زالپوری نے مہمانوں کا ااستقبال کرتے ہوئے تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔امپا کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر رچنا دت نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔ اس موقعہ پر موجود افسروں اور اہلکاروں نے ریاست میں انتظامیہ کو رشوت خوری سے مکمل طور پاک کرنے کے لئے لگن اور تندہی کے ساتھ کام کرنے کا عزم دہرایا۔پروگرام میں کمیشن کے ڈپٹی سیکرٹری سنیل کمار، جوائنٹ ڈائریکٹر مشتاق احمد راتھر اور امپا کے فکیلٹی ممبران بھی موجود تھے۔
جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آبی ذخائر کی صفائی مہم کا اہتمام
جموں //جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے محکمہ آبپاشی ار راوی رتوی اریگیشن کمپلیکس جموں کے اشتراک سے پیر کے روز آبی ذخائر، دریائوں، تالابوں ، نالوں ،دریا کے کناروں کی صفائی مہم کا اہتمام کیا گیا۔دکانداروں اور کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے والوں کو صلاح دی گئی کہ وہ کسی بھی قسم کا کوڑا کرکٹ دریا میں نہ پھینکیں۔متعدد مندر وں کے احاطوں میں منعقدہ مندر کمیٹیوں کے ساتھ اجلاس میںانہیں پھول اور پالی تھین دریائوں یا نہر میں نہ ڈالنے کی صلاح دی گئی ۔ممبران نے شہر میں سوچھ بھارت ابھیان لا گو کرنے کا وعدہ کیا۔اس موقعہ پر جین نگر، تالاب تلو، کیمپ گول گجرال روڈ کے مکینوں نے بتایا کہ 15سال قبل لوگ نہر کا پانی پیتے تھے لیکن15سال بعد نہر کا بُرا حال ہو اہے کیونکہ اس میں کوڑا کرکٹ پھینکا جاتا ہے، جو کافی دکھ کی بات ہے۔ایک او رکیمپ میںلوگوں نے کہا کہ ہم نے نہر کے کناروںپر کوڑا کرکٹ نہ پھینکے کے لئے بورڈ لگائے تھے لیکن لوگوں نے ان بورڈوں کو بھی ہٹالیا ہے۔انہوںنے ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ سوچھ بھارت ٹیم کے ممبران زور آور سنگھ ،وید پال شرما ،اشونی کمار، و دیگران نے گھر گھر جاکر لوگوں کو اپنے گرد و نواح کو صاف رکھنے کی صلاح دی۔
بھارتیہ کلا سنگم کا منشیات مخالف بیداری پروگرام کا اہتمام
جموں //عام لوگوں میں منشیات کے مُضر اثرات کے بارے میں جانکاری دینے کے لئے بھارتیہ کلا سنگم کی جانب سے پیر کے روز رائے پور،ستواری میں ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا ، جس میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔نامور اشخاص کے علاوہ پروگرام میںسماجی کارکن اور بھارتیہ کلا سنگم کی صدر ویشنو دیوی،چیئر مین ٹی آر شرما ، ڈائریکٹر بھارتیہ کلا سنگم رمیش سنگھ چب نے بھی شرکت کی۔پروگرام کو معنی خیز بنانے کیلئے ماہروںنے شرکا میںمنشیات کے مضر اثرات کی جانکاری ، جس کے بعد سول و جواب کی نشست بھی منعقد کی گئی ، جس دوران ماہریں نے اطمینان بخش جواب دیکر شرکا کو مطمئن کیا۔رجنی انو بھو نے نظامت کے فرائض انجام دئے جبکہ ڈائریکٹر بھارتیہ کلا سنگم رمیش سنگھ چب نے شکریہ کا ووٹ پیش کیا ۔