گوجربکروال طبقہ کیخلاف ہتک آمیزالفاظ کی ویڈیووائرل
گوجرتنظیموں کی طرف سے فرقہ پرست عناصرکی شدیدالفاظ میں مذمت
جموں//جموں وکشمیرگوجربکروال یوتھ کانفرنس اورجموں وکشمیرگوجربکروال فیڈریشن نے اکھنورمیںایک احتجاجی مظاہرے کے دوران چند فرقہ پرست عناصرکی طرف سے مخصوص گوجربکروال طبقہ کے خلاف ہتک آمیزالفاظ استعمال کرکے فرقہ پرستی پھیلانے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ فرقہ پرست عناصرکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔یہاں جاری مشترکہ پریس بیان میں جموں وکشمیرگوجربکروال یوتھ کانفرنس کے ریاستی صدرزاہدپروازچوہدری ، ریاستی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ محمداکرم چوہدری اورجموں وکشمیرگوجربکروال فیڈریشن کے ریاستی صدرشوکت گوجر، بابرعلی، محمدعارف، سجاداحمداوردیگرعہدیداران نے کہاہے کہ دوروزپہلے اکھنورمیں ایک معاملے کولے کراحتجاج کررہے چندفرقہ پرست لوگوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے گوجربکروال طبقہ کے خلاف ہتک آمیزالفاظ کااستعمال کیاجوناقابل برداشت ہیں۔انہوں نے کہاکہ فرقہ پرست عناصرکی طرف سے گوجربکروال طبقہ کے خلاف ہتک آمیزالفاظ کا استعمال کرکے مخصوص طبقہ کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ چندروزقبل اکھنورمیں ریاست کے معروف سماجی کارکن اورڈاکٹرغفورکے چوہدری ہسپتال میں ایک خاتون کی موت واقع ہوئی تھی جس پرمتوفی خاتون کے اہل خانہ نے وائویلامچاکرہسپتال میں توڑپھوڑ کی تھی اوربڑے پیمانے پرپراپرٹی کونقصان پہنچایاجس کے بعدپولیس نے معاملہ درج کرکے تفتیش شروع کی تھی لیکن اس واقعہ کے بعداکھنورمیں چندفرقہ پرست عناصر مقامی مسلمانوں کوہراساں کرنے کے مقصدسے منصوبہ بندساز ش کے تحت احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں ۔زاہدپروازچوہدری ،ایڈوکیٹ محمداکرم چوہدری اورشوکت گوجرودیگران نے کہاکہ اکھنورمیں مظاہرے کے دوران چندفرقہ پرست عناصرنے گوجربکروال طبقہ کے خلاف ہتک آمیزالفاظ کیے جس کی ہم شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرغفورنے پوری زندگی غریب عوام کی خدمت کی اوراکھنورمیں ایک عظیم الشان ہسپتال قائم کیاجہاں سے ریاست بھرکے لوگ طبی سہولیات حاصل کرکے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرغفورکی طرف سے غریب عوام کیلئے مختلف مقامات پرطبی کیمپوں کاانعقادکیاجاتارہاہے لیکن کچھ فرقہ پرست عناصرنہ صرف ڈاکٹرغفورکی شبیہ کوخراب کررہے ہیں بلکہ گوجربکروال طبقہ کوبھی بدنام کرکے فرقہ پرستی پھیلارہے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ ڈاکٹرغفورسے متعلق معاملے کی باریک بینی سے جانچ کررہی ہے اورقانون اپناکام کررہاہے لیکن فرقہ پرست عناصرکی طر ف سے گوجربکروال طبقہ کے خلاف ہتک آمیزالفاظ کااستعمال کیاجارہاہے جس کی ہم شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہیں اورحکومت سے پرزورمانگ کرتے ہیں کہ اکھنورمیں احتجاجی مظاہرے کے دوران مخصوص طبقہ کونشانہ بناکرفرقہ پرستی پھیلانے والوں کے خلاف معاملہ درج کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔واضح رہے کہ گوجربکروال طبقہ کے خلاف ہتک آمیزالفاظ کے استعمال سے جہاںریاست بھرمیں گوجربکروا ل آبادی میں شدیدناراضگی اورتشویش پائی جارہی ہے وہیں اکھنوراورگردونواح کے لوگوں میں خوف وہراس کاماحول پایاجارہاہے۔
بھیم سنگھ کی اقوام متحدہ سے ناوابستہ ممالک کی امن کانفرنس بلانے کی مانگ
جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی ، عالمی امن کونسل ۔ہندستان کے چیئرمین اور امن مشن کے تحت موٹر سائکل پر پوری دنیا کا دورہ کرنے والے پروفیسر بھیم سنگھ نے دنیا کو عالمی امن کے لئے متحد کرنے کے مشن کے تحت اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوئترس سے ناوابستہ ممالک کی امن کانفرنس بلانے کی مانگ کی ہے جس سے کچھ گروپ/لوگوں سے مشرق اور مغرب کے عالمی امن، بھائی چارہ اور بین الاقوامی سیکورٹی کو لاحق خطرہ کو ٹالا جاسکے۔پنتھرس سربراہ نے تمام ناوابستہ ممالک سے اپنے مقامی و قومی تنازعات کو فراموش کر عالمی امن اور انسانی وقار کے لئے متحد ہونے کی اپیل کی تاکہ پوری دنیا میں امن اور انسانی وقارکے مفادمیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہتھیاروں کی دوڑکو ختم کیا جاسکے ۔پروفیسر بھیم سنگھ نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل سمیت ہندستان کے وزیراعظم نریندر مودی، پاکستان کے وزیراعظم عمران خان اور سری لنکا کے صدر،(تمام ناوابستہ ممالک کے سربراہان) کے نام ایک خط میں کہا کہ تمام ناوابستہ ممالک کو متحد ہوکر عالمی امن اور انسانی وقار کے تحفظ کے لئے پہل کرنی چاہئے جس طرح 1955میں ہندستان ، یوگوسلاویہ اور کچھ دیگر ممالک نے بینڈنگ کانفرنس کا اہتمام کیا تھا جہاں ناوابستہ ممالک نے لاطینی امریکہ سے لیکر جنوب مشرق تک مکمل تخفیف اسلحہ، انسانی وقار، آزادی اور ترقی کے لئے ناوابستہ تحریک کی شروعات کی تھی۔ناوابستہ ممالک نے امن تحریک کو منظم کرنے میں منفرد کردار کیا تھا جبکہ ہندستان اور چین نے پنچ شیل معاہدہ پر دستخط کئے تھے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو یقین دلایا کہ وہ 60دن کے نوٹس پر اپنی آبائی ریاست جموں وکشمیر میں نیشنل پنتھرس پارٹی اور ناوابستہ کانگریس۔ہندستان کی مدد سے اپنے خرچ پر اس میٹنگ کااہتمام کرسکتے ہیں۔انہوں نے ہندستانی قیادت اور جنو ب مشرقی ایشیا سے عالمی امن اور انسانی بقا کے مفاد میں اس پہل کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔
زیشٹھ اشٹمی کے سلسلہ میں جگتی ٹینامنٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد
جموں // جگتی ٹینامنٹ کمیٹی اور سون کشمیر فرنٹ کی جانب سے یہاں جمعہ کے روز ایک اجلاس کا اہتمام زیر قیادت صدر شادی لعل پنڈتا منعقد ہوا۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں JTC/SKFکے عہدہ داروں نے شرکت کی،اجلاس میں زیشٹھ اشٹمی (میلہ کھیر بھوانی)یاترا کو حتمی شکل دی گئی ،جو کہ10.06.2019. کو منعقد ہو رہی ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پنڈتا نے زیشٹھ اشٹمی کے موقعہ پر یاتریوں کو لیجانے کے لئے مفت معقول ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔اسکے تحت ہی درج ذیل شیڈول طے پایا گیا ۔ 9.6.2019 کو یاتری سپورٹس اسٹیڈیم جگتی میں اکٹھا ہو جائیںگے اور اسی روز منزل و مقصود کی جانب روانہ ہو جائے گی۔جبکہ یاتری ماتا کھیر بھوانی کے درشن کرنے کے بعد11جون2019 کو واپس جموں کے لئے روانہ ہونگے۔اجلاس میں انتظامیہ سے کہا گیاکہ بعض یاتری پرائیویٹ گاڑیوں میں ماتا کھیر بھوانی کے درشنوں کے لئے5.6.2019 کو روانہ ہونگے اور11.6.19 کو دیگر یاتریوں کے ساتھ جموں واپس لوٹیں گے۔اجلاس میں سرکار سے اپیل کی گئی کہ یاتریوں کو مفت ایس آر ٹی سی بسوں میں یاترا کے لئے روانہ کیا جائے جیسا کہ ماضی میں کیا جاتا تھا ۔
امرناتھ شرائین بورڈ نے پجاریوں کیلئے دو روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد کیا
جموں//شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے پجاری جو پوتر گپھا میں پوجا پاٹھ کی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں کو یاتریوں میں مذہبی رہنمائی اور اطلاعات بھی فراہم کرتے ہیں۔ان پجاریوں کی ہنر اور قابلیت میں بہتری لانے اور پوجن ودھی کے فروغ کے لئے شرائین بورڈ نے ان پجاریوںکے لئے دو روزہ مفت ریفریشر کورس متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس طرح یہ ریفریشر آج کالیکا دھام جموں میں شرو ع ہوا ۔ شری امرناتھ جی شرائین بورڈ کے ممبر، سنسکرت کے معروف سکالر اور شری ماتا ویشنو دیوی گرکل کے ڈائریکٹر پروفیسر وشوا مورتی شاستری نے اس کورس کی صدارت کی جس میں 24پجاریوں نے شرکت کی۔کورس کے دوران پروفیسر شاستری نے کہا کہ پجاری مذہب کی جانکاری رکھتے ہیں اور سنسکرت، جوکہ ہندو دھرم کی مقدس زبان مانی جاتی ہے پر عبور رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ان پجاریوں کو سینکڑوں منترا زبانی یاد ہوتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اِن پجاریوں کو روحانی طور اعلیٰ مانا جاتا ہے۔انہوں نے پجاریوں پر زور دیا کہ وہ پوجن کے طریقۂ کار میں مزید بہتری لائیں ۔پروفیسر شاستری نے پجاریوں سے تلقین کی کہ وہ بھگوان شو کی پوجن ودھی میں خالص طریقۂ کار اپنائیں۔پوجا کے مختلف پہلوئوں پر بات کرتے ہوئے پروفیسر شاستری نے اُمید ظاہر کی کہ ریفریشر کورس پجاریوں کے لئے مفید ثابت ہوگا۔ایڈیشنل سی ای او انوپ کمار سونی نے کہا کہ ریفریشر کورس کا انعقاد بورڈ کے فیصلے کا ایک حصہ ہے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی سی ای او پروشوتم کمار اور وِکاس ورما بھی موجود تھے۔
پرنسپل ایڈوائزر سری دھرن نے مجوزہ جموں کوریڈور کا معائنہ کیا
جموں//ماس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کیلئے ریاستی حکومت کے پرنسپل ایڈوائزر، ای سری دھرن نے جموں کے مجوزہ کوریڈور ماس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کادورہ کرکے معائنہ کیا ۔ان کے ہمراہ پرنسپل سیکریٹری مکانات و شہری ترقی دھیرج گپتا ،صوبائی کمشنر سنجیو ورما ، چیف ایگزیکٹو افسر جموں وکشمیر ایرا ڈاکٹر راگھو لنگر، ڈپٹی کمشنر جموں رمیش کمار، مکانات و شہری ترقی کے ایڈیشنل سیکریٹری نریندر کھجوریہ ، چیف انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ناصر گونی ،چیف ٹائون پلانر افتخار حکیم اور دیگر افسران بھی تھے۔ اس دوران دھیرج گپتا نے ای سری دھرن کو جموں کوریڈور کے بارے میں بتایا۔ٹیم نے جموں میں مختلف مقامات بشمول کھیری ، جانی پور، نیو پلاٹ، امپھلا، کچی چھائونی ، پریڈ ،نمائشی میدان، جموں یونیورسٹی ، ریلوے اسٹیشن، تریکوٹہ نگر وغیرہ کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران سری دھرن نے اپنی طرف سے کچھ تجاویز بھی پیش کیں ۔انہوں نے تکنیکی کام کا بھی بغور جائزہ لیا اور موقعہ پر موجود افسران سے اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔
بھاجپا لیڈران بوکھلاہٹ کاشکار:رتن لعل گپتا
جموں //نیشنل کانفرنس کے ریاستی سیکریٹری و سابق ممبر قانون سا زکونسل رتن لعل گپتا نے کہاکہ بی جے پی لیڈران بوکھلاہٹ کاشکار بن کر نیشنل کانفرنس قیادت کے خلاف زہر افشانی کررہے ہیں ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں انہوں نے کہاکہ جموں کے بھاجپا لیڈران نیشنل کانفرنس قیادت کے خلاف غیر اخلاقی زبان کا استعمال کررہے ہیں جو ان کی بوکھلاہٹ کا عکاس ہے اوراسی سے ان کی سوچ کا پتہ چلتاہے ۔ گپتا نے کہاکہ عوام کی طرف سے جھٹلائے جانے کے بعد ان لیڈران نے گندگی سیاست شروع کردی ہے جو جموں کے اخلاقیات کے منافی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی لیڈران نے اپنے تین سالہ دور اقتدار میں عوام کے ساتھ دھوکہ بازی سے کام لیا اور ان کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ یہ لیڈران اپنے دوہرے معیار کی وجہ سے بدنام ہوگئے اور ان کا خود ساختہ ایجنڈا بھی عوام کے سامنے عیاں ہوا۔گپتا کاکہناتھاکہ ان لیڈران کی طرف سے اپنائی جارہی سیاست انہیں ضمانت فراہم نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی ریاستی صدر نیشنل کانفرنس قیادت کے خلاف غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کررہے ہیں جس سے نہ صرف وہ عوام کے سامنے بے نقاب ہورہے ہیں بلکہ ان کی جماعت بھی بے نقاب ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں کے مہذب شہری کبھی بھی اس طرح کے دوہرے معیار کو قبول نہیں کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ جمہوریت مثبت سیاست کیلئے ہوتی ہے نہ کہ مفادات کیلئے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس کو کسی سے سند کی ضرورت نہیں ہے اور اس جماعت نے ریاست کے تینوں خطوں کیلئے قربانیاں دی ہیں ۔
سانبہ میں طبی کیمپ کا اہتمام
سانبہ //گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ کی میڈیکل کمیٹی کی طرف سے ایک طبی کیمپ منعقد کیاگیا جس میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں کے ڈاکٹر بیاس دیو ، وریندر ہیلتھ سنٹر کے مالک دھرم سنگھ و دیگران بھی موجو دتھے ۔طبی تشخیص کے بعد ڈاکٹر بیاس نے صحت کے حوالے سے مفید مشورے دیئے اور کالج کے عملہ اور طلباء پر زور دیاکہ وہ اپنی صحت پر خصوصی توجہ دیں ۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر جی ایس رکوال نے اس اقدام کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے طبی کیمپ آئندہ بھی منعقد کئے جائیں گے ۔
کارپوریٹر اور ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای نے وارڈ نمبر 50اور51کا دورہ کیا
جموں //بی جے پی کے ریاستی ایگزیکٹو ممبر و کارپوریٹر راج کمار نے ریاستی نائب صدر مہلا مورچہ و کارپوریٹر نینا گپتا، ریاستی نائب صدر یوتھ ایڈووکیٹ ایشانت گپتا، ضلع سیکریٹری جموں بلوان سنگھ، گاندھی نگر منڈل سیکریٹری راجندر مہتا، وارڈ صدر اوم پرکاش، وارڈ صدر مہلامورچہ پونم گپتاکے ہمراہ ایگزیکٹو انجینئر محکمہ پی ایچ ای سیول جموں سائوتھ جے بی سنگھ کے ساتھ ملاقات کی اور پھر اس کے بعد وارڈ نمبر پچاس اور وارڈ نمبر اکیاون چھنی ہمت کا دورہ کیا ۔دورے کے دوران پانی کے اخراج اور نئے ٹیوب ویلز کے امکانات کاجائزہ لیا ۔اس دوران مقامی لوگوں نے محکمہ پی ایچ ای کے افسران سے ملاقات کرکے انہیں پانی کی سپلائی کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے شکایت کی کہ کچھ جگہوں پر پانی ضائع ہورہاہے ہے جبکہ کچھ جگہوں پر گندہ پانی سپلائی کیاجارہاہے ۔کارپوریٹر راج کمار نے کہاکہ انہیں نڑوال سے مناسب پانی سپلائی نہیں ہورہا جو ایک بہت بڑی مشکل ہے اور اسی کی وجہ سے چھنی ہمت میں پانی کی قلت کا مسئلہ بھی درپیش ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متو کالونی سے پانی کی سپلائی کو دوسرے محلوں کو فراہم کیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ پانی کی سپلائی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔
آگ بجھانے کی کارروائی کی مشق کی گئی
جموں //پلے وے سکول سوارن ویہار جموں ڈی آر ایس کڈز میں طلباء کو تعلیم دینے کیلئے آگ بجھانے کی کارروائی کی مشق کی گئی ۔ اس دوران طلباء کو فائر اسٹیشن روپ نگر لیجایاگیا جہاں انہوں نے دیکھاکہ کس طرح سے آگ لگ جانے پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔سکول پرنسپل مس مونیکا شرما نے فائر سروس ٹیم کی فوری کارروائی پر سراہنا کی اور کہاکہ اس مشق سے طلباء کا کافی کچھ سیکھنے کا موقعہ ملا ۔
بی جے پی نے جھوٹے وعدوں کرکے جذبات سے کھلواڑ کیا :ہرش دیو
رام نگر//جموں وکشمیر نیشنل پنتھر ز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر ہرش دیو سنگھ نے بی جے پی ریاست اور مرکز میں بی جے پی پر عوام کی خواہشات سے کھواڑ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے جھوٹے وعدوں اور فرضی نعروں سے رائے دہندگان کو بیوقوف بنایا۔ یہاں جاری بیان میں ہرش دیو سنگھ نے کہاکہ کرپشن کے خاتمہ ، سب کا ساتھ سب کا وکاس اور اچھے دنوں کے وعدو ں کے ساتھ زعفرانی جماعت اقتدار میں تو آگئی لیکن ایک بھی وعدہ پورا نہیںہوا اور الٹا ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایاگیا جبکہ تیل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ انہی وعدہ خلافیوں کے نتیجہ میں رائے دہندگان کے اس جماعت کے خلاف غصہ میں اضافہ ہورہاہے ۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار دھیراں، بریالتہ ، دھنوالتا، دھنو، فرول گائوں میں اجتماعات سے خطاب میں کیا ۔ہرش دیو سنگھ کاکہناتھاکہ بی جے پی صرف حکمرانی میں ہی ناکام نہیں ہوئی بلکہ امن و قانون کی صورتحال بھی بگڑ کر سب سے خراب ہوگئی ۔ انہوں نے کہاکہ اندرونی سلامتی بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے اور پلوامہ حملے میں 44اہلکاروں کی ہلاکت سے سیکورٹی ناکامیاں پوری طرح سے عیاں ہوگئیں ۔ انہوں نے کہاکہ اتنی بڑی مقدار میں بارود لاکر اسے اڑادینا سیکورٹی کی بہت بڑی خامی ہے جس کا حکومت کو قوم کو جواب دیناچاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ بیروزگاری میں زبردست ضافہ ہوا اور دو کروڑ ملازمتوں کا وعدہ سراب ثابت ہوابلکہ اس کے برعکس نجی سیکٹر سے بھی روزگار کے مواقع کم کردیئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے جموں کو ہر ایک اعتبار سے نظر انداز کیا اور پچھلے تین سال سے زائد عرصہ کا اقتدار ناکامی سے عبارت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ و ہ کام بھی روک دیئے گئے جو اس سے قبل شروع ہوئے تھے جبکہ کرپشن کے کلچر کو نئے سرے سے فروغ دیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ پیسوں کے بدلے تبادلے اور سیاسی اقرباپروری کو بڑھاوا ملا اور ہر ایک سطح پر غیر یقینی کی صورتحال برپاکی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ پنتھرز پارٹی نے حکومت اور اپوزیشن دونوں جگہوں پر رہ کر اپنے آپ کو ثابت کیا اور جموں خطے کے لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کی ۔