بارہمولہ میں عام لوگوں کے نمونے حاصل
سات افراد مثبت پائے گئے
فیاض بخاری
بارہمولہ// بارہمولہ کے خواجہ باغ علاقے میں بی ڈی او و ایڈمنسٹریٹر ریڈ زون بارہمولہ ذیشان خان نے کووڈ۔19 کے سلسلے میں عام لوگوں کے نمونے حاصل کئے ۔ خواجہ باغ میں سوموار کوسات سو سے زیادہ ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 7 افراد مثبت پائے گئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جمعرات کو بارہمولہ کے 8 علاقوں کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیاتھاجن میں خواجہ باغ لوئر پٹرول پمپ سے جیٹی روڈ ، چک کانسپورہ پورہ ، سنگری کالونی ، کانلی باغ ، دیوان باغ اور دلنہ کے قاضی محلہ ، راوت پورہ ، دلنہ گھاٹ اور میلات کالونی ، شیروانی ، لون محلہ اور فیروزپورہ ٹنگمرگ شام ہیں۔ان علاقوں میںمحدودبندشیں عائد کر گئیں۔
گوگلڈارہ میںریچھ کے حملے میں جنگلات کا ملازم زخمی
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ // ٹنگمرگ کے گوگلڈارہ علاقے میں پیر کوایک ریچھ نے محکمہ جنگلات کے ملازم کو حملے میں شدید زخمی کردیا ۔ محکمہ جنگلات میں تعینات ملازم محمد سلطان ماگرے ولد عبدالرحمان ماگرے ساکن پنڈت پورہ ٹنگمرگ پر ریچھ نے گوگڈارہ ٹنگمرگ کے کمپارٹمنٹ نمبر66 /Aمیں اس وقت ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا جب وہ ڈیوٹی میں مصروف تھا ۔ مذکورہ ملازم کو علاجہ ومعالجہ کیلئے ٹنگمرگ سپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اُسے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ۔
نقب زنی کی وارداتیں
بانڈی پورہ میں معاملہ24گھنٹوں میں حل
ترال میں دن دہاڑے دوائی دکان سے پیسے اڑالئے گئے
سرینگر// ضلع بانڈی پورہ میں پولیس نے چوری کا ایک معمہ24گھنٹوں میں حل کر تے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا اور مال مسروقہ برآمد کر لیا ۔ایس ایس پی بانڈی پورہ محمد زاہد کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی تاکہ ملزمین کو گرفتار کیا جا سکے۔ٹیم کی سربراہی ایس ایچ او پیٹھ کوٹ تنویر احمد کررہے تھے ۔پولیس نے دو ملزموں کو گرفتار کیا جن کی شناخت محمد امین حجام اور طارق احمد میرساکنان پزل پورہ بانڈی پورہ کے بطور ہوئی۔ابتدائی تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ دونوں ملزم منشیات کے عادی ہیں ۔ملزموں نے جرم قبول کیا اور پھر ان سے تمام سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔ادھرقصبہ ترال میں گزشتہ ایک ماہ سے چوری کی وارداتوں میں اچانک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں تشویش پائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ چوروں نے حال ہی میں ترال بالا میںایک موٹر میکنک بلال احمد ڈار کی دکان سے باغات میں دوا ئی چھڑکنے والے 20موٹر دوران شب اڑالئے۔ اسی طرح قصبے میںاتوار اور پیر کی درمیانی شب کو چوروں نے یاسین فوٹو اسٹیٹ نامی دوکان سے ایک جنریٹر چرالیا ۔اس سے قبل جمعہ کو بس اسٹینڈ ترال میں چوروں نے زیشان میڈیکٹ کا شٹر اٹھا کر دن کے ا جالے میں یہاں موجود ساری رقم اڑا لی ۔ادھر رٹھسونہ ترال میں بھی چوری کی ایک واردات رونما ہوئی ہے ۔
محکمہ بجلی کے ملازمین تنخواہوں سے محروم
سرینگر// محکمہ بجلی کے ملازمین نے مارچ کی تنخواہ واگزار نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹننٹ گورنر سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی۔ الیکٹرک ایمپلائز یونین کی میٹنگ میں سرکل صدرپلوامہ غلام محی الدین منعقد ہوا ،جس میں ملازمین کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ ملازمین کو مارچ کی تنخواہ اب تک واگزار نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں عملے کو ماہ رمضان کے ان مقدس ایام میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں ملازمین نے محکمہ کے بقایاجات صارفین سے وصول کرنے کیلئے دن رات کام کیا،تاہم اس کے باوجود ملازمین کو پس پشت ڈال کر نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے لیفٹننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور ملازمین کی تنخواہوں کو واگزار کرائیں۔
نیشنل کانفرنس کا عبدالغنی ویری کوبرسی پرخراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے معروف سیاست دان اور پارٹی کے بزرگ رہنما عبدالغنی شاہ ویری کو چھٹی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کیلئے قابل قدر کام کیا۔ مرحوم کی خدمت خلق کے پیش نظر لوگوں نے مرحوم کو 4بار ممبر اسمبلی چُنا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالغنی شاہ ایک مرد آہن، دین دار شخصیت کے مالک تھے اور آخری دم تک وہ راہ راست پر قائم رہے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال ، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران سکینہ ایتو ، الطاف احمد وانی اور ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی مرحوم لیڈر کو برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔
بڈگام کا ٹھیکیدارمالی بحران کا شکار
سات سال سے بلوں کی ادائیگی نہیں ہورہی ہے
سرینگر//بڈگام کے ایک ٹھیکیدارنے الزام عائد کیا ہے کہ واجب الادا رقوم کی عد م فراہمی سے وہ مالی بحران کا شکار ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ7 سال قبل اُس نے کام کئے ہیں لیکن بلوں کو آ ج تک واگذار نہیں کیا گیا۔ محمد یوسف ایتوساکن کیچھ رازگیر نامی اس ٹھیکیدارنے پریس کالونی میںذرائع ابلاغ کوبتایا کہ انہوںنے سال2013 سے2017کے دوران بسنت باغ ،خانصاحب اور دودھ پتھر ی کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی مختلف تعمیراتی کام انجام دئے ہیں لیکن بلوں کو آ ج تک واگذار نہیں کیا جارہا ہے۔انہوںنے دعویٰ کیا کہ قریب10لاکھ روپے کی رقم محکمہ کے پاس واجب الادا ہے اورپی ایچ بڈگام اسے سر سری لے رہی ہے۔انہوں نے کہا ’’ میںنے بینکوں سے قرضہ لیاہے اور اب اُس کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگیا ہے‘‘۔ا نہوںنے کہا کہ اگر چہ یہ معاملہ کئی بارحکام کی نوٹس میں لایا گیا تاہم کوئی دادرسی نہیں کی گئی۔ انہوںنے مزید کہا کہ اس صورتحا ل کی وجہ سے وہ اپنے اہل وعیال سمیت فاقہ کشی پر مجبور ہے اور اب ان کے گھرمیں چولہا بھی مشکل سے چلتا ہے۔ ایتونے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ واجب الادا بلوںکو فراہم کرانے کے سلسلے میں ہنگا می بنیادوں اقدامات کئے جا ئیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے بلاک صدرہوم شالی بُگ حاجی جمال ڈار کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوارکنبے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدرعمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران سکینہ ایتو، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور ترجمان عمران نبی ڈار نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پارٹی لیڈران نے سجادہ نشین درگاہِ حضرت شیخ یعقوب صرفیؒ زینہ کدل پیر بشیر احمد نوری اور مولانا شوکت حسین کینگ کے برادرِ اصغر عنایت حسین کینگ قادری کے انتقال پر بھی رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگواران خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔
بچوں کا تحفظ اورنفسیاتی نگہداشت
۔10رکنی ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل کا اعلان
بلال فرقانی
سرینگر// سرکار نے بچوں کے تحفظ اور انکی ذہنی و نفسیاتی نگہداشت سے متعلق قومی پہل برائے مربوط وسائل پروگرام کیلئے ماہرانہ کمیٹی کو تشکیل دینے کا اعلان کیا جبکہ اس کمیٹی کی کمان فائناشل کمشنر صحت و طبی تعلیم کو سونپی گئی۔کمشنر سیکریٹری عمومی انتظامی محکمہ منوج دیویدی کی جانب سے پیر کو جاری حکم نامہ میں کہا کہ مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر کے اطراف و اکناف میں ’’ بچوں کے تحفظ اور انکی ذہنی و نفسیاتی نگہداشت سے متعلق قومی پہل برائے مربوط وسائل پروگرام کے نفاذ کیلئے ماہرانہ کمیٹی کی تشکیل کو منظوری دی‘‘۔حکم نامہ کے مطابق 10رکنی کمیٹی میں مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ممبر سیکریٹری ہونگے،جبکہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں اور سرینگر کے شعبہ نفسیات کے سربرہاں کے علاوہ محکمہ تعلیم کے نمائندے،محکمہ سماجی بہبود کے نمائندے،جوئنائل جسٹس بورڈ کے نمائندے،آئی سی ڈی ایس کے نمائندے،آئی سی پی ایس کے نمائندے اور ایم ایم پی ایس و این ایچ ایم کے پروگرام منیجر ممبر ہونگے۔
ضلع عدالت بڈگام کے احاطے میں مس فائر
ایڈوکیٹ کی گاڑی کونقصان
ارشاداحمد
بڈگام//ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس بڈگام کے احاطے میں سوموار سہ پہر کوایک پولیس اہلکار کی رائفل سے حادثاتی گولی نکل کر وکیل کی کار کو جالگی۔پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق پولیس اسٹیشن بڈگام کی پولیس پارٹی ایک ملزم کے ریمانڈ کے لئے بڈگام عدالت بھیجی گئی تھی۔ اس موقع پر زاہد احمد نامی کانسٹیبل کی سروس رائفل سے حادثاتی طور پر گولی نکل گئی جو ایڈوکیٹ فیروز احمد میر کی ذاتی گاڑی زیر نمبر JK01Q-3918کوجالگی جس سے گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم اس موقع پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈاکٹرفاروق اورعمر،منموہن سنگھ کی جلد صحتیابی کے دعاگوں
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے سابق وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی جلدصحتیابی کی دعاکی ہے جو کووِڈ- 19میں مبتلاء پائے گئے ہیں۔88برس کے ڈاکٹرمن موہن سنگھ کاکوروناٹیسٹ مثبت آیا اورانہیں آل انڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز دہلی میں ہلکے بخار کے ساتھ داخل کیا گیا۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ،عمر عبداللہ اور پارٹی کے دیگررہنمائوں نے ان کی فوری صحتیابی اور کوورونا وائرس کی بیماری سے مکمل شفا کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ سنگھ کی صلاح اورمدبرانہ مشورروں کی ملک کو آنے والے مہینوں اور برسوں میں کافی ضرورت ہے کیوں کہ ملک اس وقت مشکل دور سے گزررہا ہے۔ڈاکٹر من موہن سنگھ نے اتوار کو وزیراعظم نریندرمودی کو ایک مکتوب لکھا تھا جس میں کووِڈ- 19کے بحران سے نمٹنے کیلئے ٹیکہ کاری مہم کو تیزکرنے اور ادویات کی سپلائی میں سرعت لانے کا مشورہ دیاگیاتھا۔مکتوب میں کانگریس کے کہنہ مشق رہنما نے کہاتھا کہ ہمیں غیرمشروط اعدادوشمار دیکھنے کے بجائے کل آبادی کے فیصد جنہیں ٹیکہ لگایا گیاہے، پرنظر رکھنی چاہیے۔