عوامی مجلس عمل حلقہ ملہ باغ کے صدر کی والدہ فوت، میر واعظ کا اظہار تعزیت
سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سربراہ و حریت(ع) چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے تنظیم کے حلقہ ملہ باغ سرینگر کے صدر اور میرواعظ خاندان کے دیرینہ محب حاجی بشیر احمد شیخ کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی بیان میں میرواعظ نے مرحومہ کی دینداری، بلند اخلاق اور کردار کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اﷲ تعالیٰ سے مرحومہ کی مغفرت اور جنت نشینی کے علاوہ حاجی بشیر احمد شیخ اور دیگر پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی ہے۔اس دوران محبوس میرواعظ کی ہدایت پرتنظیم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد جس میں مولانا ایم ایس رحمن شمس، یوتھ رہنما صوفی مشتاق احمد، پیر غلام نبی، ایڈوکیٹ یاسر روئوف دلال، محمد صدیق ہزاراور خورشید احمدشامل تھے کے علاوہ تنظیم کے متعدد حلقہ صدور نے مقامی لوگوں کے ساتھ مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ نماز جنازہ کی پیشوائی مولانا شمس نے کی اور بعد میں مرحومہ کو پُر نم آنکھوں سے اپنے آبائی مقبرے میں سپرد خاک کیا گیا۔
صورہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد
سرینگر//سرینگر پولیس نے ایس ایس پی کی ہدایات پر لوگوں کے ساتھ بہتر تال میل قائم رکھنے کی غرض سے پولیس اسٹیشن صورہ میں پولیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔ایس ایس پی سرینگر امتیاز اسماعیل کی ہدایات پر پولیس اسٹیشن صورہ میںپولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ایس ایچ او صورہ نے کی ۔میٹنگ میں اچھی تعداد میں ذی عزت شہریوں نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل اجاگر کئے ۔ایس ایچ او نے لوگوں کے مسائل کافی دلچسپی سے سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچایا جائے گا۔ میٹنگ میں سماج میں پھیلی برائیوں کے خاتمے کیلئے پربھی بات چیت ہوئی ۔ لوگوں نے پولیس کی جانب سے منشیات ودیگر جرائم کے خلاف اُٹھائے گئے اقدامات کی سراہنا کی ۔انہوں نے پولیس کو یقین دلایا کہ وہ منشیات و دیگر جرائم کے قلع قمع کرنے کیلئے اپنا تعاون دینگے ۔ پولیس نے شرکاء سے کہا کہ وہ اپنے رہایشی مکانوں کو خالی نہ رکھیں تاکہ نقب زنوں کو کوئی موقعہ فراہم نہ سکے ۔