ایمپلائز کا چھاترو میں اجلاس ۔SFC
انتظامیہ سے مطالبات حل کرنے کی اپیل
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ// سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن ایمپلائز یونین وادی چناب کا ایک ہنگامی اجلاس زیر قیادت صدر ایم اے صدیقی بدھ کے روز چھاترو میں منعقد ہوا ،جس میں ملازمین نے کافی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں شرکا نے وادی چناب کی باڈی کو مستحکم بنانے اورکارپوریشن کے ملازمین کے مفاد کے لئے کاوشیں کرنے کا فیصلہ لیاگیا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ لیا گیا کہ عدالت اعظمیٰ کے صلاح کے پیش نظر پنشن فوائد کا کیس جے اینڈ کے ہائی کورٹ میں دائر کیا جائے گا۔اجلاس میں ملازمین کے دیگر مسائل جیسے کہ بقایا ڈی اے واگُذار کرنا، ڈی پی سی کلیرنس، درجہ چہارم ملازمین کے لئے ٹائم باونڈ ترقی کے فوائد و غیرہ پر بھی غور و خوض کیا گیا میٹنگ کے اختتام پر سرکار و کارپوریشن کے منیجمنٹ سے اپیل کی گئی کہ وہ ملازمین کے حق میں بقایا ڈی اے واگُذار کرنے کے ساتھ ساتھ التوا میں پڑے دیگر بقایا جات کو بھی واگُذار کیا جائے۔
آپسی رواداری کے موضوع پرکشتواڑ میں سیمنار
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول کشتواڑ میں بدھ کے روز فوج کی جانب سے میں آپسی رواداری کے موضوع پر ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا ۔اس ایونٹ کا مقصد فوج اور عوام کے درمیان رشتوں کو مزید استحکام بخشنا تھا ۔سیمنار میں کل ملا کر تقریباً ایک سو افراد نے شرکت کی جن میں فوجی آفیسروں کے نمائندے، مقامی معزز ہستیاں، سول انتظامیہ کے اہلکار،نوجوان و طلبا شامل تھے۔سیمنار میں مذہبی رہنمائوں نے بھی شرکت کرکے آپسی رواداری، بھائی چارے ،سیکولر ازم اور خوشحالی کی اہمیت پر اپنا نقطہ و نگاہ پیش کیا۔فوج نے ہمیشہ سے ہی مختلف دوستانہ پروگرام ،آپسی رواداری پر ورکشاپ منعقد کئے،تاکہ مقامی لوگوںمیں بھائی چارے کا احساس ہو ۔سیمنار میں شرکت کرنے والوںنے مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کرنے کی درخواسست کی، تاکہ کشتواڑ کے عوام کو فائدہ ہو۔
ناقص ٹرانسفر پالیسی سے رام بن کی عوام پریشانیاں
ایم ایم پرویز
رام بن //ریاستی سرکار کی نام نہاد ٹرانسفر پالیسی سے یہ حقیقت چھُپ نہیں سکتی ہے کہ ضلع میں کافی ملازم ایک ہی جگہ پر اپنی من پسند تعیناتی کے مقام پرکافی عرصہ سے تعینات ہیں۔بعض محکموں کے ملازمین کا مبینہ الزام ہے کہ پی ڈبلیو ڈی و آر اینڈ بی کے ہائیڈرالک ڈویژن اوردیہی ترقیاتی محکمہ ،تعلیم، صحت ،پولیس اور بعض محکموں میں منظور النظر افراد اعلیٰ مقامات پر تعینات ہیںکیونکہ انکا اعلیٰ حُکام کے ساتھ اچھا رابطہ ہے۔ایسا منظر تقریباً ضلع کے ہر محکمہ میں دیکھا جاتا ہے ،جہاں پر اثر و رسوخ والے لوگوں کے بچے دہائیوں سے اعلیٰ تعیناتیوں پر فائض ہیں۔ان لوگوں کی یہ بھی شکایت ہے کہ زائد المعیاد عرصہ سے تعینات ان ملازموں نے اپنے دفاتر کو اپنی جاگیر بنایا ہے،جسکی وجہ سے رشوت خوری کا بازار ان دفاتر میں گرم ہے۔ان لوگوں نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ بعض ملازمین نے اعلیٰ حُکام کے تعاون سے اچھی تعیناتیاں کر رکھی ہیں،جسکی وجہ سے ان دفاتر میں ورک کلچر بُری طرح سے متاثر ہوا ہے۔ان لوگوں نے مبینہ الزام لگایا ہے کہ سرکار کی ٹرانسفر پالیسی غلط طریقہ سے لاگو کرنے کی وجہ سے عوام کو اکفی پریشانیاں اُٹھانی پڑتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ با رسوخ ملازم ایک ہی جگہ پر کئی برسوں سے تعینات ہیں جبکہ بعض اٹئیچ مینٹ کے تحت ایک ہی جگی پر کئی دہائیوںسے تعینات ہیں۔
عدالت سے مبینہ منشیات فروش کی ضمانت منظور
ایم ایم پرویز
رام بن//پرنسپل سیشن جج رام بن اندر سنگھ کی عدالت نے ملزم ایک مبینہ منشیات فروش عبدالمجید ولد دین محمد ساکنہ رام بن کی ضمانت عرضی منظور کرلی جس کے قبضہ سے رام بن پولیس نے840گرام چرس برآمد کی تھی ۔ایڈوکیٹ تنویر احمد وانی نے منجانب مبینہ ملزم 9اکتوبر2017 کو ضمانتی درخواست دائر کی تھی،جس میںدرخواست دہندہ نے اس پر لگائے گئے الزام جھوٹے اور مصنوعی قرار دئے تھے۔عدالت نے ضمانت منظور کرتے ہوئے مشاہدہ کیا کہ مبینہ ملزم کافی عرصہ سے حراست میں ہے اور اُس کی ضمانت کے دوران کوئی رکاوٹ ڈالنے کا امکان نہیں ہے۔عدالت نے مزید مشاہدہ کیا کہ قانونی طور سے تب تک مبینہ ملزم بے گناہ ہے جب تک کہ اسکے خلاف جرم ثابت نہیں ہوتا ہے۔ان مشاہدات کے ساتھ ہی عدالت نے مبینہ ملزم کو ایک لاکھ روپے کے ذاتی بانڈ اور مچلکہ پر ضمانت دینے کاحُکم جاری کیا ۔