ڈوڈہ میں طبی کیمپ کا اہتمام
ڈوڈہ//فوج کی جانب سے جمعرات کے روز ضلع ڈوڈہ کے موضع پنچاری کے مکینوں کے لئے ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ کیمپ منعقد کرنے کا مقصد موضع پنچاری کے دور دراز علاقہ کے لوگوں کو طبی ریلیف مہیا کرنا تھا،جہاں پر طبی خدمات نا معقول تھیں۔طبی کیمپ کی قیادت فوج کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کر رہی تھی جنھوں نے 150سے زائد مریضوں کا معاینہ کیا اور مفت ادویات بھی تقسیم کیں۔اس موقعہ پر صحت، مقوعی غذا اور بچوں کی پرورش سے متعلق پمفلٹ بھی لوگوں میں تقسیم کئے گئے، تاکہ ان میں صحت سے متعلق بیداری پیدا کی جائے۔مقامی لوگوں نے فوج کی جانب سے یہ طبی کیمپ منعقد کرنے پر فوج کے تئیں اظہار تشکر کیا ۔
بھدرواہ کا مفرور ملزم گرفتار
بھدرواہ//طاہر ندیم خان //بھدرواہ پولیس نے ایک مفرو ملزم کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے، جو مبینہ طور سے موضع سورا بھالہ کی ایک کمسن لڑکی کے ساتھ ایک عصمت ریزی کے واقعہ میں ملوث ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق بھدرواہ پولیس نے ایک جانکاری پر کاروائی کرتے ہوئے مبینہ ملزم شاہد حُسین کو موضع سورا سے گرفتار کیا ہے۔پولیس کو مورخہ 05/12/2017کو ایک تحریری شکایت میں متاثرہ کے والد نے بتایا تھا کہ ایک شاہد حُسین ولد گلشیر احمد گنائی ساکنہ لواسہ اسکی کمسن بیٹی کو بہلا پھسلا کر اپنے گھر لواسہ لیا اور وہاں پر کئی مرتبہ اسکی آبرو ریزی کی۔پولسی نے اس شکایت پر ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 148/2017 درج کرکے تحقیقات شروع کی تھی۔کیس درج ہونے کے بعد ہی مبینہ ملزم فرار چل رہا تھا ۔پولیس نے اپنی کوششوں میں تیزی لاتے ہوئے اسے بھالہ کے موضع سوراسے گرفتار کیا ہے۔ پولیس ٹیم کی قیادت انچارج بھالہ پوسٹ ایس آئی سنیل پریہار اور انچارج بھالرا پوسٹ ایس آئی طالب حُسین کر رہے تھے۔پولیس ٹیم نے یہ کاروائی زیر نگرانی اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ ،ایس ڈی پی او بھدرواہ برجیش شرما اور ایس ایچ او منیر خان انجام دی ۔
شو کھوڑی میں 7روزہ یوگاکیمپ کا افتتاح
نیوز ڈیسک
ریاسی // شو کھوڑی شرائن کے ایگزیکٹو افسر اوم پرکاش نے کی جانب سے جمعرات کے روز 7روزہ یوگا کیمپ کا افتتاح کیا گیا ،کیمپ 21دسمبر سے 27 دسمبر تک جاری رہے گا،جس کا انعقاد ایس ایس کے ایس بی نے پتانجلی یوگا سمتی رنسو کے اشتراک سے کیا ہے۔کیمپ میں ایس ایس کے ایس بی کے ملازمین، طلاب اور مقامی لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔لوگوں نے اس کیمپ میں خاص دلچسپی دکھائی۔اور ایس ایس کے ایس بی کی جانب سے ایسا سماجی پروگرام منعقد کرنے کی ستائش کی۔اس موقعہ پر ایگزیکٹو افسر ایس ایس کے ایس بی نے بتایا نئی پیڑھی میںہندو شرائنوں خصوصاً شو کھوڑی شرائن کے متعلق جانکاری دینے کے لئے اپنی کاوشوں کے تحت یوگا کو فروغ دینے کیلئے یہ پروگرام منعقد کیا ہے۔ افتتاح کے موقعہ پر تحصیلدارپونی راجیش کماربارو، منیجر جے اینڈ کے بینک، پتانجلی یوگا سمتی کے منڈل پربھاری کرن سنگھ بھی موجود تھے۔
39ویں سینئر نیشنل سوفٹ بال چمپئن شپ
ریاست کی مرد و خواتین ٹیموں کا اعلان
عظمیٰ نیوز
جموں//39ویں سینئر نیشنل سوفٹ بال چمپئن شپ کے لئے ریاست کی مردوں اور خواتین ٹیموں کا اعلان کر دیا گیا ہے ، یہ چمپئن شپ کولکتہ مغربی بنگال کے داتہ پلیا شہر میں 25دسمبر سے شروع ہو کر 30دسمبر کو ختم ہو ں گی۔ مردوں کی ٹیم میں جسبیر سنگھ، اجے سنگھ، وکرم سنگھ چب، آیوش سنگھ، سچن سنگھ، شاہنواز بابا، گھاار سنگھ، پرشانت سنگھ، امت امن سنگھ ، وکرم سنگھ چب، پردیپ سنگھ، ساگر چب ، سمیت سنگھ، ساحل تھاپا، روشن ، ارون اور اشفاق شامل ہیں۔ خواتین کی ٹیم کومل، زینب، ذیبا، ہرسیرت، ہرش پریت، ہرویندر، ناویہ، پیہو، نیہا چب، ریتکا، مدھو، گلشن، ہرشلین، شلپی، جپلین، عرشیہ، بھومی اور مونیکا پر مشتمل ہے ۔ راوت سنگھ اور روہت جموال ٹیم کے کوچ ہوں گے۔
کشتواڑ میں کیرم بورڈمقابلوں کا انعقاد
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//ضلع کے دور دراز علاقوں کے بچوں میں انڈور گیمز کو فروغ دینے کے لئے فوج کی جانب سے متعدد مقامات پر انڈور کھیلوں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے ۔ اس سلسلہ میں درنگ دھوراں میں کیرم بورڈ مقابلوں کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقہ کے 35بچوں نے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقعہ پر کھیل کود کی اہمیت بیان کرتے ہوئے منتظمین نے کہا کہ اس سے بچوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ترغیب ملتی ہے ۔ انہوں نے بچوں پر زور دیا کہ وہ کھیل کود کو اپنی روز مرہ کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی تقاریب سے بچوں میں بھائی چارے، رواداری اور امداد باہمی کا جذبہ پیدا ہو تا ہے ۔ مقابلہ میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات اور ٹرافیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
رام بن فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل
پرنوٹ کو ہرا کر کد فٹ بال کلب بنا چمپئن
ایم ایم پرویز
رام بن //یہاں منعقدہ فٹ بال ٹورنامنٹ جمعرات کو اختتام پذیر ہو گئی۔ اس ہفت روزہ ٹورنامنٹ کا اہتمام چندر کوٹ مقیم سی آر پی ایف کی 84ویں بٹالین کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں 8ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل مقابلہ پرنوٹ اور کد کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا ہے ۔ ضلع پولیس لائن گرائونڈر چندروگ میں ہوئے اس مقابلہ میں کد کی ٹیم نے 4گول کئے جب کہ پرنوٹ کے کھلاڑی صرف ایک ہی گول کر پائی اس طرح کد نے یہ مقابلہ 4-1کے فرق سے جیت لیا۔ جیتنے والی ٹیم کو صوبائی سطح کے جموں میں ہونے والے مقابلوں میں حصہ لینے کا موقعہ ملے گا۔ ڈی آئی جی سی آر پی سشیل کمار مشرا اس موقعہ پر مہمان خصوصی جب کہ ایس ایس پی رام بن موہن لال مہمان ذی وقار کے طور پر موجود تھے۔ فاتح ٹیم کو 15000روپے جب کہ دوسرے نمبر پر رہی ٹیم کو 10000 روپے نقد انعام کے علاوہ اسناد اور ٹرافیاں بھی دی گئیں۔ واضح رہے کہ جموں صوبہ کے 6اضلاع میں فٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کروائے جا رہے ہیں جن میں فاتح رہنے والی ٹیموں کو صوبائی سطح پر کھیلنے کا موقعہ ملے گا۔