جیلوں کے اندر محبوسین غیر محفوظ:تحریک حریت
عبد الصمد انقلابی کا صورہ میڈیکل انسٹیچیوٹ میں معالجہ
سرینگر//تحریک حریت نے عبدالصمد انقلابی کی کٹھوعہ جیل میں مارپیٹ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب آزادی پسند قائدین و کارکنان جیلوں میں بھی محفوظ نہیں ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ریاست اور بیرون ریاست جیلوں میں نظر بندوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں ۔بیان کے مطابق کٹھوعہ جیل میں شیو سینا کے حامیوں نے عبدالصمد انقلابی کو جسمانی تشدد کرکے شدید زخمی کردیا اور اسی طرح کے حالات کا سامنا دیگر محبوسین کو بھی ہے ۔اس دوران انقلابی کاصورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میںعلاج و معالجہ کیا گیا ۔وہ دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں اورگذشتہ کچھ عرصہ سے علیل ہیں ۔تحریک حریت بیان میں کہا گیا کہ ان جیلوں میں قیدیوں کو ناقص غذا فراہم کی جارہی ہے اور طبی سہولیات کا فقدان ہے ۔تحریک حریت نے تنظیم سے وابستہ ذمہ داروں نذیر احمد مانتو،ماسٹر علی محمد اور عبدالحمید پرے کی پولیس تھانہ شوپیان اور حاجن میںبلا جواز بند رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں گزشتہ دو سال سے نظر بند ہیں جبکہ ان پر عائد پی ایس اے کئی بار کالعدم ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جاتا ۔بیان کے مطابق نذیر احمد کو ڈاکٹروں نے ناک کی جراحی کرانے کا مشورہ دیا ہے ،مگر انتظامیہ انہیں رہا کرتی ہے اور نہ انہیں مناسب طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے ،جس کی وجہ سے انہیں شدید جسمانی درد کا سامنا ہے جبکہ 75سالہ ماسٹر علی محمدعمر رسیدہ ہونے کے باوجود رہا نہیں کیا جارہا ہے ۔ بیان کے مطابق عبدالحمید پرے گزشتہ دو سال سے فرضی الزامات کے تحت بند ہیں ۔ادھر تحریک حریت نے عمر عادل ڈار ،مولوی مدثر ندوی اور عبدالاحد کے ذاتی موبائل فون تھانہ اسلام آباد کے اہلکاروں کے ذریعے ضبط کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیاکہ اس سلسلے میں پولیس ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔
پی ڈی پی صدر اور نائب صدر کاپارٹی کارکن کے انتقال پر اظہار رنج
سرینگر //پی ڈی پی نے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے سینئر رکن عبدالعزیز نجار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے پارٹی صدر محبوبہ مفتی اور نائب صدر سرتاج مدنی نے کہا ہے کہ مرحوم لوگوں کی خدمت اور سماجی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے۔ ادھر پارٹی صدر محبوبہ مفتی اور نائب صدر سرتاج مدنی اور ضلع صدر اننت ناگ ایڈوکیٹ شیخ جاوید نے مرحوم کے گھر جاکر غمزدہ کنبے کے ساتھ تعزیت پرسی کی ۔
مزاحمتی قائد غلام نبی سمجھی کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر// حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پرحریت کے ایک وفدنے حریت جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی کے ساتھ اُن کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت پرسی کی۔ وفد میں ترجمان غلام احمد گلزار اورمحمد یوسف مجاہد شامل تھے۔اس موقعہ پر ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفد نے پندرہ روز میںغلام نبی سمجھی کی دو بہنوں کی وفات کو ایک المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور جنت نشینی کے لیے اللہ کے حضور دُعائیں کیں۔ وفد نے سمجھی کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری حریت کانفرنس ان کے اس دُکھ میں برابر کی شریک ہے۔ اس دوران مسلم لیگ،پیپلز لیگ اورحریت (جے کے)نے حریت (گ)کے جنرل سیکریٹری اور مسلم کانفرنس چیئرمین حاجی غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مسلم لیگ نے غلام نبی سمجھی اور دیگر سوگواروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔پیپلز لیگ نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ ایک دیندار خاتون تھیں اور تحریک آزادی کشمیر کے تئیں ان کی وابستگی اور ان کے رول کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔حریت کانفرنس (جے کے) نے غمزدہ خاندان خاصکر غلام نبی سمجھی کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
۔26جنوری انتظامات
شوپیان،بڈگام اور کپوارہ میں ضلع کمشنروں نے جائزہ لیا
شوپیان//ضلع ترقیاتی کمشنر شوپیان محمد اعجاز نے شوپیان ضلع افسران کی ایک میٹنگ میں 26جنوری کیلئے کئے گئے انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں سب سے بڑی تقریب ضلع پولیس لائینز شوپیان میں منعقد ہوگی جہاں مہمان خصوصی ترنگا لہرائیں گے اورمارچ پاسٹ پر سلامی لیں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام محمد ہارون ملک نے ایک میٹنگ میں انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع میں سب سے بڑی تقریب سپورٹس اسٹیڈیم میں منعقد کی جائے گی ۔ترقیاتی کمشنر نے اے ڈی سی کو تقریب کے سلسلے میں منیجر نامزد کیا۔اس کے علاوہ پریڈ اور ثقافتی پروگراموں کے لئے بھی نوڈل آفیسران کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔میٹنگ کے دوران تقریب کے مقام پر لازمی انتظامات مثلاً بجلی،پانی،طبی سہولیات ،سیٹنگ اورمارچ پاسٹ کے لئے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلع کپوارہ میں بھی تقریبات کو احسن طریقے سے منانے کے لئے ترقیاتی کمشنر خالد جہانگیر کی صدارت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی گئی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں سب سے بڑی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس لائینز زانگلی میںمنعقد ہوگی ۔
چرارِ شریف کے ایک وفدکی ہانجورہ سے ملاقات
جموں //چرارِ شریف حلقے سے تعلق رکھنے والے ایک وفد نے وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں حلقے میں لوگوں کو خاص طور سے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے درپیش مشکلات کے بارے میں جانکاری دی ۔ وفد نے وزیر کو بتایا کہ بجلی محکمہ بجلی کٹوتی کے شیڈول پر کوئی عمل نہیں کر رہا ہے اور یہ کہ لوگوں کو سردی کے ان ایام میں بار بار کی بجلی کٹوتی سے گوں نا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ وزیر زراعت نے ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں کہ وہ حلقے میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لانے اور بلا خلل بجلی کی دستیابی کیلئے فوری اقدامات کریں ۔ وزیر نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے کہا کہ وہ چیف انجینئر پی ڈی ڈی کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کر کے چرارِ شریف کے رسیونگ سٹیشن کو بڑھاوا دینے کے امکانات تلاش کریں ۔
ہندوارہ اسپتال میںعارضہ قلب میں مبتلا خاتون کا کامیاب علاج
اشرف چرا غ
کپوارہ/ /ضلع اسپتال ہندوارہ میں ڈاکٹرو ں نے عارضہ مبتلا میں مبتلا ایک خاتون مریضہ کو بر وقت علاج کرکے اس کی زندگی بچائی جسے لوگوں نے کا فی سراہا ۔ زونہ بیگم ساکن کرالہ گنڈ کو پیر کی شام کو عارضہ قلب کی شکایت محسوس ہوئی جس کے بعد لواحقین نے انہیں فوری طور ضلع اسپتال میں علاج و معالجہ کے لئے دا خل کیا ۔ضلع اسپتال ہندوارہ میں تعینات ڈاکٹرو ں نے مریضہ کو ایمر جنسی وارڈ میں داخل کیا جس کے بعد ڈاکٹر ثناء اللہ قریشی کی قیادت میں ایک ٹیم نے مریضہ کا علاج و معالجہ کیا جس کے بعد مریضہ کی حالت مستحکم ہوگئی اور ڈاکٹرو ں نے اس کی جان بچانے کے بعد صورہ میڈیکل انسٹچوٹ جانے کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹر ثناء اللہ قریشی نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ ضلع اسپتال ہندوارہ میں پہلی مرتبہ ایسے مریض کا علاج کیا گیا جو کامیاب رہا ۔انہو ں نے بتا یا کہ یہ خاتون ایک ایسی بیماری میں مبتلا تھی کہ اگر اس کو بروقت اسپتال نہیں پہنچایا جاتا تو اس کی موت بھی واقع ہو سکتی تھی۔
پٹن میں 110کلو گرام فکی ضبط ،3 افراد گرفتار
فیاض بخاری
بارہمولہ // شمالی قصبہ پٹن میں پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن کی تحویل سے 110کلو گرام فکی کوبرآمد کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق انہوں نے مصدقہ اطلاع ملنے پر پٹن شاہراہ پر ایک ویگن آر گاڑی زیر نمبر DL7CB/9967 سے ایک سو دس کلو گرام فکی ضبط کی جبکہ اس میں تین اسمگلر وں مظفر احمد لون ،شاہین احمد میر ساکنان پلہالن اورمحمد رجب تیلی ساکن پٹن کو گرفتا ر کیا۔
مولانا مسرور عباس کی کامیاب سرجری
مولانا عباس انصاری کا اظہار تشکر
سرینگر/اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ و سینئر حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے اپنے فرزند مولانا مسرور عباس انصاری کی کامیاب سرجری پر اﷲ تبارک و تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مولانا مسرور عباس کو اپنے نیک دعاوں میں ہر وقت یاد رکھا ور اس کی سلامتی کیلئے دعاؤں کی مجالسوں کا اہتمام کیا جو ناقابل فراموش ہے ۔انہوںنے ایران ،پاکستان ،ہندوستان جموں و کشمیر سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے وابسطہ علمائے کرام ،زاکرین،حریت رہنماؤں اور دیگر افراد کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے مولانا مسرور عباس کی سرجری کے موقع پر دعاؤں کے ذریعے ،فون کے ذریعے ،گھر یا اسپتال آکرمولانا کو یاد کیااور سرجری کی کامیابی کیلئے کوشاں رہے ۔
ڈاکٹر عبدالاحد گورو کی والدہ نسبتی کے
انتقال پر یاسین ملک کا اظہار تعزیت
سرینگر// لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے شہید حکمت ڈاکٹر عبدالاحد گورو ؒ کی خوشدامن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وہ یک وفد کے ہمراہ کل مگرمل باغ پہنچے جہاں انہوں نے شریفہ بیگم زوجہ میاں محمد شفیع کے انتقال پر انکے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ مرحومہ شہید حکمت ڈاکٹر عبدالاحد گورو ؒ کی خوشدامن اور میاں عاشق حسین کی والدہ تھیں۔ مرحومہ کی خدمات اور قربانیوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے ملک نے ان کے غم زدہ لواحقین کے ساتھ بھی یکجہتی و تعزیت کا اظہار کیا۔
اکرم الحسن کو صدمہ،والدہ نسبتی فوت
سرینگر//معروف قلمکار اورشیرکشمیر انسٹچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے ریجینل کینسر سنٹر میںتعینات اکرم الحسن کی والدہ نسبتی ساجہ بیگم زوجہ مرحوم عبدالغنی میر ساکن زونگل پورہ کولگام طویل علالت کے بعد منگل کو بعد دوپہر انتقال کرگئیں۔انہیں اپنے قبرستان واقع زونگل پورہ میں سپرد خاک کیا گیا۔اس دوران سماج کے مختلف طبقوں سے وابستہ افراد اور اداروں نے اکرم الحسن کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ کشمیر عظمیٰ سے وابستہ عملہ ادارت نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے۔
آ غا حسن کا اظہار تعزیت
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ او ر سینئر حریت رہنما آ غا سید حسن نے باب العلم کے لائبریری انچارج سید الطاف حسین رضوی کے والد سید محمد رضوی کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین و پسماندگان بالخصوص سید الطاف حسین سے تعزیت کی ہے ۔