سوگام ریسونگ سٹیشن کابڑھاوا
اگلے مالی سال میں کام ہاتھ میں لیا جائے گا: نائب وزیر اعلیٰ
جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے ایوان کو قیصر جمشید لون کی توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے جانکاری دی کہ سوگام ریسونگ سٹیشن کو بڑھاوا دینے کا کام اگلے مالی سال کے دوران ہاتھ میں لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ رقومات کی دستیابی کے لئے پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ مونیٹرنگ محکمہ کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے ۔اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے علاقے میں بجلی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کا تفصیل سے ذکر کیا۔
سوپور قصبہ میں آج ہڑتال کی کال
سوپور//غلام محمد//ٹریڈرس فیڈریشن سوپور حاجی محمد اشرف گنائی نے آج یعنی بدھوار کو قصبہ میں ہڑتال کال دی ہے۔ انہوںنے یہ کال لولاب کے لاپتہ صراف طارق احمد ملک کے قتل کیخلاف دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقبال مارکیٹ سوپور میں مرحوم کی نماز جنازہ ادا 2بجے ادا کی جائیگی۔
۔400سکولوں کا درجہ بڑھانے کو منظوری دی گئی :الطاف بخاری
جموں// وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے قانون ساز کونسل میں وبود ھ گپتا کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ریاست میں200مڈل سکولوں اور 200ہائی سکولوں کا درجہ بڑھانے کو منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کام موجودہ قوانین اور جی آئی ایس میپنگ کے مطابق عمل میں لایاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی 2154اسامیاں جے کے ایس ایس بی کو ریفر کی گئی ہے جن میں راجوری ضلع کی 14اسامیاں بھی شامل ہیں۔سریندر کمار چودھری نے اس موقعہ پر ضمنی سوال پوچھا۔
سرحدی آبادی کو قوانین کے مطابق ریزرویشن فوائد دئیے جاتے ہیں: سجاد لون
جموں//سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون نے ایوان میں ست پال شرما کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہایش پذیر لوگوں کو جے اینڈ کے ریزرویشن ایکٹ کے مدعوں کے مطابق ریزرویشن فوائد مہیاء کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو ایل او سی کے نزدیک رہایش پذیر لوگوں کے برابر ریزرویشن کے فوائد نہیں دئیے جا سکتے ۔ کلدیپ راج ، راجیو جسروٹیہ اور جاوید احمد رانا نے اس موقعہ پر ضمنی سوالات پوچھے اور سرحد پار کی فائیرنگ کے تناظر میں سرحدی لوگوں کو درپیش مشکلات کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کرائی ۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک جامع باز آباد کاری پالیسی کا مطالبہ کیا ۔
پنچایتی انتخابات عنقریب عمل میں لائے جائینگے: عبدالحق خان
جموں//دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے قانون ساز کونسل میں قیصر جمشید لون، علی محمد ڈار اور اشوک کھجوریہ کے مشترکہ سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ حکومت ریاست میں عنقریب ہی پنچایتی راج اداروں اور شہری بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے عمل میں لائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنچایتی انتخابات سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ایک کل جماعتی میٹنگ طلب کی جارہی ہے ۔اس موقعہ پر غلام نبی مونگا نے ضمنی سوال بھی پوچھا۔
اراضی ریکارڈ س کی ڈیجیٹائزیشن جاری :ویری
جموں//مال کے وزیر عبدالرحمان ویری نے اجات شترو سنگھ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے قانون ساز کونسل کو جانکاری دی کہ ریاست میں اس وقت ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈ جدیدکاری پروگرام کے تحت اراضی کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے کام شد و مد سے جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ 164.61لاکھ روپے ریونیو دستاویزات کی ڈیجیٹائزیشن کی جاچکی ہے۔نریش کمار گپتا اور رومیش اروڑہ نے اس موقعہ پر ضمنی سوالا ت کے کئی معاملات اُبھارے۔وزیرموصوف نے وکرم رندھاوا کے سوال کا جوا ب دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کو جے اینڈ کے لینڈس ایکٹ 2001کے تحت 100کنال یا ا س سے زیادہ اراضی کے مالکان حقوق نہیں دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایکٹ کے تحت 172244کنال اراضی کو باقاعدہ بنایا گیا ہے۔
پنچایت گھروں کے اراضی مالکان کو معاوضہ دینازیر غور:حق خان
جموں//دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے ایوان بالا میں غلام نبی مونگا کی توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے پنچایت گھروں کی تعمیر کے لئے کوئی بھی زمین حاصل نہیں کی ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کئی مالکان نے پنچایت گھروں کی تعمیر کے لئے اراضی عطیے کے طور پر دی ہے۔
پہلگام میں پیپلز لیگ کے اہتمام سے دعائیہ مجلس
نظر بندوں کی صحتیابی اور رہائی کیلئے دعاکی گئی
سرینگر//پیپلز لیگ کی جانب سے جامع مسجد پہلگام میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیاگیا، جس میں لیگ کے ضلع صدراسلام آباد غلام قادر رینہ کے علاوہ کارکنوں اور عام لوگوں کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔اس موقعہ پر لیگ کے محبوس و علیل چیئرمین غلام محمد خان سوپوری سمیت تمام نظر بندوں کی صحتیابی اور رہائی کیلئے دعا کی گئی۔ رینہ نے خان سوپوری کی کٹھوعہ جیل میں بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جان بوجھ کر علیل رہنما کو موت کے منہ میں دھکیل رہی ہے اور انہیں خاطر خواہ علاج کرنے میں لاپرواہی برت رہی ہے ۔۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی اور مقامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ غلام محمد خان سوپوری کی کٹھوعہ جیل میں حالت زار کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کے مناسب علاج معالجے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں۔
شوپیان کی آبادی دہشت زدہ:حریت (گ)
سرینگر// حریت (گ) وفد نے شوپیان جاکر شاکر احمد میر، سہیل احمد اور جاوید احمد کے علاوہ زخمیوں رئیس احمد، سمیہ اور صبرینہ اور دوسرے زخمیوں کے گھر جاکر ہمدردی کا اظہارکیا۔حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر اس وفد کی قیادت محمد رفیق اویسی کررہے تھے ۔وفد میں اشفاق احمد، مختار احمد، فیصل احمد اور گلزار احمد بھی شامل تھے۔ موصولہ بیان کے مطابق مختلف مقامات پر لوگوں نے وفد کو بتایا کہ فورسز نے شوپیان میں جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے لوگوں پر بندوقوں کے دہانے کھول دئے ۔ لوگوں نے مزید بتایا کہ فورسز نے گھروں میں بیٹھی خواتین کو بھی نہیں بخشا اور جو دوبچیاں اس وقت صورہ اسپتال میں موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں وہ کسی بھی احتجاج یا مظاہرے کا حصہ نہیں تھیں، بلکہ اپنے گھروں میں موجود تھیں۔وفد کے مطابق شوپیان میں قیامت صغریٰ بپا کی گئی ہے اور لوگ خوف ودہشت سے سہمے ہوئے ہیں۔
سالویشن مومنٹ نے پارٹی لیڈر کی رہائی کا مطالبہ کیا
سرینگر//سالویشن مومنٹ نے کہا ہے کہ قربانیوں کی بدولت آج مسئلہ کشمیر عالمی سطح کے ایوانوں میں گونج رہا ہے۔تنظیم سے وابستہ لیڈران مفتی مدثر اور عدنان سلفی نے شوپیان جبکہ مولوی مشتاق، اعجاز احمد اور حنیف احمد پر مشتمل وفد نے بڈگام میں کئی مقامات پر خطاب کیا۔اس دوران ترجمان نے تنظیم کے سینئر لیڈر ہلال بیگ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
گورنر ،وزیراعلیٰ اور دیگر ارکان قانون سازیہ کا ڈاکٹر سونم کے لواحقین سے اظہاریکجہتی
جموں//گورنر این این ووہرا ،وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی ، نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ،قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی،امدادِ باہمی اور لداخ امور کے وزیر چیرنگ دورجے ،رکن اسمبلی زانسکار سید محمد باقر رضوی نے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر سونم داوا لومپو کے اچانک فوت ہونے پر دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ ایک پیغام میں گورنر نے آنجہانی کے آتما کی شانتی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے لداخ خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو بڑھاوا دینے کے لئے آنجہانی کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کام کو ایک لمبے عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹرنرمل سنگھ نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی۔قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔چیئرمین نے سوگوار کنبے کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کی آتماکی شانتی کے لئے دعا کی۔امدادِ باہمی اور لداخ امور کے وزیر چیرنگ دورجے نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ سونم داوا کے فوت ہونے سے ریاست بالخصوص لداخ خطے میں ایک بڑا خلاءپیدا ہوا ہے ۔رکن اسمبلی زانسکار سید محمد باقر رضوی نے سوگوار کنبے کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔
ووہرا ،محبوبہ اورنرمل سنگھ کا گورو روی داس جینتی پر عوام کو مبارک
جموں//گورنر این این ووہرا ،وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے گورو روی داس جینتی کے موقعہ پر لوگوں کو مبارکباد دی ہے ۔ مبارکبادی کے اپنے ایک پیغام میں گورنر نے گورو روی داس کو ایک عظیم سماجی اصلاح کار قرار دیا جنہوں نے ہمیشہ لوگوں بالخصوص سماج کے پچھڑے طبقے کی بہبودی کیلئے کام کیا ۔ گورنر نے کہا کہ گورو جی کی امن ، اخوت اور بھائی چارے کی تعلیمات سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ایک پیغام میں کہا کہ گورو روی داس ایک بلند پایہ¿ کے سماجی اصلاح کارتھے جنہوں نے سماج سے ذات پات اور جنس کی فرق کو دور کرنے کا درس دیااور انہوں نے آپسی رواداری کے اقدار کو فروغ دینے میں بھی اہم رول ادا کیا۔
خون ناحق بہانے کیلئے افسپا فورسز کی لائسنس:محاذ آزادی
سرینگر// محازآزادی کے صدر سید الطاف اندرابی نے فورسز اہلکاروں کی طرف سے جاری کارروائیوں پر شدید غم و غصہ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق اندرابی نے کہا کہ معصوم اورنہتے کشمیریوں کے قتل عام کو قانون کا نام دیاجارہا ہے اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار جمہوری عمل یعنی حق خودارادیت کی منحرف ہے۔انہوں نے کہا کہ افسپاکشمیر میںفورسز کیلئے خون ناحق بہانے کا ایک لائسنس ہے۔
محکمہ اطلاعات کا اپنے ساتھیوں کی سبکدوشی پرالوداعیہ
جموں//محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات ( ہیڈ کوارٹر) عبدالمجید زرگر اور سی سی ڈی محمد یعقوب نجار کو اُن کی سبکدوشی پر گرمجوشی کے ساتھ الوداع کیا۔اس حوالے سے جموں میں ڈی آئی پی آر کی طرف سے ایک الوداعیہ تقریب منعقد ہوئی جس دوران ان شخصیات کی بے لوث خدمات کو یاد کیا گیا ۔ناظم اطلاعات منیر الاسلام نے اس موقعہ پر عبدالمجید زرگر کو نیک خواہشات دیتے ہوئے محکمہ اطلاعات کے کام کاج کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے اُن کے رول کی سراہنا کی ۔ انہوں نے محمد یعقوب نجا ر کی خدمات کو بھی قابل ستائش قرار دیا۔ منیر الاسلام نے ان دو ملازمین کے لئے سبکدوشی کے بعد ایک پُرسکون اور اطمینان بخش زندگی بسر کرنے کی دعا کی۔ انہوں نے سبکدوش ہونے والے ملازمین کو مومنٹوز اور شال پیش کئے۔عبدالمجید زرگر نے اپنی سروس کے دوران محکمہ اطلاعات کے ملازمین اور افسروں کے تعاون کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
گیلانی کا اپنے چچا زاد بھائی کی رحلت پر اظہار رنج
سرینگر//حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے چچا زاد بھائی سید میرک شاہ گیلانی کی وفات پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ سید میرک شاہ گیلانی 29جنوری کو انتقال کرگئے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کچھ عرصہ پہلے اُن کے جواں سال فرزند ایک حادثے میں انتقال کرکے والدین اور پورے خاندان کو داغِ مفارقت دے گئے۔حریت بیان کے مطابق سید علی گیلانی گزشتہ کئی برسوں سے خانہ نظربند ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے رشتہ داروں کی خوشی یا غم کے مواقع پر شرکت نہیں کرپاتے ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور جنت نشینی کی دُعا کی۔
بھارت کی سیکولر روایات کو خطرہ لاحق:کانگریس
مہاتما گاندھی کو یوم وصال پرخراج عقیدت
سرینگر//مہاتماگاندھی کو 70ویں یوم وصال پرخراج پیش کرتے ہوئے پردیش کانگریس نے خبردارکیاہے کہ بھارت کی سیکولرروایات اورمذہبی رواداری کوسنگین خطرہ لاحق ہے ۔موصولہ بیان میں پردیش کانگریس نے کہاہے کہ گاندھی کی جدوجہدآزادی ، ملک ،سماج اورانسانی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیاجائے گابلکہ اسی جذبے کے تحت ملک وقوم کی خدمت کی جائے گی ۔بیان کے مطابق گاندھی جیسے رہنماﺅں نے جن اصولوں اوراقدارکیلئے قربانیاں دیں اور ملک کوسیکولربنانے میں کلیدی رول اداکیالیکن اُن روایات کوبھارتیہ جنتاپارٹی ،آرایس ایس اوردوسری ایسی جماعتوں نے سنگین خطرے سے دوچارکردیاہے ۔پارٹی دفترواقع مولاناآزادروڑپرمنعقدہ میٹنگ میں شامل کانگریس کے لیڈروں اورسینئراراکین نے کہاکہ آج گاندھی جی کی تعلیمات اوراصولوں کی جتنی ملک کوضرورت ہے ،اُتنی آزادی کے بعدکبھی نہیں تھی ۔
منشیات مخالف مہم کنگن میں ایک شخص گرفتار
کنگن/غلام نبی رےنہ/ کنگن پولےس نے کشہ نمبل کنگن مےں ایک ناکے کے دوران اےک شخص کی گرفتاری عمل مےں لاکر اُس کے قبضے سے 1.4کلو گرام چرس نما شئے برآمد کرکے اسکے خلاف کےس درج کرکے تحقےقات شروع کردی۔ پولےس ذرائع نے بتاےا کہ اےک اطلاع ملنے پر کنگن پولےس کی اےک ٹےم نے کنگن علاقے کی کشہ نمبل مےں ناکہ لگاےا جس کے دوران وہاں سے اےک مشکوک شخص کی شناخت عبدالرشےد لون ساکن چھتر گل کنگن کوحراست میں لیا اورتلاشی کے دوران مذکورہ شخص سے 1.4کلو گرام چرس نما شئے کو برآمد کےا گےا ۔پولےس نے کیس درج کرکے مزےد تحقےقات شروع کردی۔
پٹن کے کئی دےہات میں بجلی بحران
بارہمولہ/ فیاض بخاری/شمالی قصبہ پٹن کے متعدد دےہات مےں بجلی کی آنکھ مچولی مسلسل جاری ہے۔سنگھپورہ اور ہانجی وےرہ سمےت پٹن کے بےشتر دےہات کے لوگوں نے محکمہ بجلی پر الزام عائد کیاکہ محکمہ معقول بجلی فراہم کرنے مےں بری طرح ناکام ہے ۔لوگوں نے بتا ےا کہ سردی کے ان سخت اےام مےں بھی انہیں بجلی کی آنکھ مچولی کا سامنا ہے ۔لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کےا کہ ان دےہات کو فوری طور پر معقول بجلی فراہم کی جائے تاکہ لوگوں کو درپےش مشکلات سے چھٹکارا ملے بصورت دےگر وہ سرےنگر مظفرآباد شاہرہ پر احتجاج کرنے کیلئے مجبور ہوجائیں گے۔
عوامی شکایات کے ازالہ ،کپوارہ اوراوڑی میںعوامی دربار
کپوارہ+بارہمولہ// کپوارہ اور اوڑی میںضلع انتظامیہ کی طرف سے عوامی شکایات کے ازالے کے کیمپوں کا انعقاد کیا گیا جس دوران لوگوں نے درپیش مشکلات اورمعاملات کو اجاگر کرنے کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے سامنے مختلف مطالبات پیش کئے۔ کپوارہ میں ضلع ترقیاتی کمشنرخالد جہانگیر کی صدارت میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا گیا۔اس موقعہ پر لوگوں نے پینے کے صاف پانی،بجلی سپلائی میں باقاعدگی لانے،سڑکوں کی تعمیر وتجدید،غیر محفوظ سکولی عمارات کی تعمیر نو اورکیگا م تک بس سروس شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ترقیاتی کمشنر نے افسران کو ہدایت دیکر کئی معاملات کو موقعہ پر ہی حل کیا۔ادھر سلام آباد اوڑی میں ترقیاتی کمشنرڈاکٹر ناصر احمد نقاش کی صدارت میں منعقدہ عوامی دربارمنعقد ہوا۔اس موقعہ پر کئی سول سوسائٹی کے ممبران اور سرکردہ شہریوں نے غیر تسلی بخش مواصلاتی سہولیات،جنگلات کی ترقی اور شادرا کملا کوٹ سڑک پر میکڈم بچھانے اور سرکاری سکولوں میں عملے کی کمی کی بھی حکام سے شکایت کی ۔
سپر سپیشلٹی ہسپتال میں 24گھنٹے آکسیجن سپلائی دستیاب: آسیہ نقاش
جموں//صحت و طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے قانون ساز کونسل میں رمیش اروڑہ کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سپر سپیشلٹی ہسپتال میں 24 گھنٹے آکسیجن کی سپلائی بہم کرائی جارہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سپر سپیشلٹی ہسپتال جموں میں تین جنریٹر نصب کئے گئے ہیں۔
مخلوط سرکار ہر محاذ پر ناکام :چودھری رمضان
شوپیان واقعہ کے بعد وادی میں اضطراب کی لہر
اشرف چراغ
ہندوارہ//مخلوط سرکار کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیتے ہوئے ہوئے نیشنل کا نفرنس کے سینئر لیڈر چودھری محمد رمضان نے کہا کہ آئے روز ہلاکتو ں کے بعد وادی میں مایوسی اور اضطراب کی لہر دوڈ گئی ہے ۔ چودھری محمد رمضان منگل کو ہندوارہ میں پارٹی ورکرو ں سے خطاب کررہے تھے ۔چودھری رمضان نے کہا کہ ریاست میںتعمیر و ترقی کا کوئی نام و نشان نہیں ہے جس کی وجہ سے لوگو ںکے مشکلات میں آئے روز اضافہ ہو تا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخلوط سرکار نے دفعہ370اور35Aختم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ وادی میں موجود ہ حالات سے ہر طرف بے چینی پائی جارہی ہے اور حالات دن بہ دن ابتر ہوتے جارہے ہیں ۔چودھری رمضان نے شوپیاں ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتا یا کہ فوج کو گولی چلانے کی کھلی چھو ٹ دی گئی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ شو پیان ہلاکتو ں کے بعد پوری وادی میں مایوسی اور اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے۔