عوامی جائیداد ایکٹ 1985 سے متعلق ترمیمی بل پیش
جموں//مال ، حج و اوقاف اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدالرحمان ویری نے وزیر اعلیٰ کے بدلے ایوان میں جموں کشمیر پبلک پراپرٹی ایکٹ 1985 سے متعلق ایک ترمیمی بل پیش کیا ۔
۔ 40000 پنشن معاملات کا نپٹارا جلد
منصوبہ محکمہ خزانہ کو ارسال کیا گیا: سجاد لون
جموں//سماجی بہبود کے وزیر سجاد غنی لون نے ایوان زریں میں محمد شفیع کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اولڈ ایج پنشن اور بیوائوں کے پنشن سے جڑے التوا میں پڑے 40,000کیسوں کو کلیئر کرنے کا منصوبہ خزانہ محکمہ کو بھیج دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اوڑی حلقے میں آئی ایس ایس ایس اور این ایس اے پی کے 16665معاملات التواء میں ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ یہ معاملات رقومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے رُکے پڑے ہیں۔
رنگ روڈ کیلئے حصولِ اراضی کا معاملہ
اراضی مالکان کومعاوضہ قوانین کے مطابق دیا گیا: ویری
جموں//مال ، پارلیمانی امور اور حج و اوقاف کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایم وائی تاریگامی اور اعجاز احمد خان کی مشترکہ توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جموں اور سرینگر میں رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے حاصل کی گئی اراضی کے مالکان میں دیہی و شہری علاقوں میں بالترتیب چار گنا اور دو گنا اضافی معاوضہ ادا کرنے کا کوئی بھی مد موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تا ہم حصولِ اراضی کے لازمی موڈ کے تحت اراضی مالکان لینڈ ایکو زیشن ایکٹ کے تحت ایوارڈ رقم سے 1.5 فیصد زیادہ رقم حاصل کرنے کے حقدار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں کہ اراضی کے مالکان کو لینڈ ایکو زیشن ایکٹ کے مدوں کے تحت ہی معاوضہ ادا کیا جا سکے ۔
آیور ویدک اینڈ یونانی پریکٹیشنر ایکٹ 1959 میں ترمیم سے متعلق بل منظور
جموں//؎؎ایوان نے کل جموں کشمیر آیور ویدک اینڈ یونانی پریکٹیشنر ایکٹ 1959 کو منظوری دی ۔ اس سے پہلے یہ بل صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت نے ایوان میں پیش کیا جسے بعد میں زبانی ووٹ کے ذریعے پاس کیا گیا ۔ اس دوران یوان نے آج جموں کشمیر لینڈ ریونیو ایکٹ سموت 1996 سے متعلق ترمیمی بل پاس کیا ۔ یہ بل مال کے وزیر عبدالرحمان ویری نے ایوان میں پیش کیا جسے بعد میں زبانی ووٹ کے ذریعے پاس کیا گیا ۔
وزیر اعلیٰ کا سرحد پر فوجی جوانوں کی ہلاکت پراظہار رنج
جموں //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے راجوری میں سرحد پار کی شلنگ سے ایک آفیسر سمیت چار فوجی اہلکاروں کی ہلاکت پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔وزیرا علیٰ نے ان فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
پہلی پورہ بونیار سڑک خستہ
عوام کو مشکلات کا سامنا
فیاض بخاری
بارہمولہ// ضلع بارہمولہ کے پہلی پورہ بونیارعلاقے کی سڑک خستہ حال ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوںاور ٹرانسپورٹروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گانٹہ مولہ کالونی سے پہلی پورہ تک کی رابطہ سڑک کی مرمت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے اس بارے میں کئی بارمتعلقہ محکمہ کے افسران کومطلع کیالیکن اُنہوں نے کوئی اقدام نہیں کیا ۔ ایک مقامی شہری محمدشفیع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن گئے ہیں اورآمدورفت میں سخت مشکلات پیش آتے ہیں ۔لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی فوری طورمرمت کریں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔
لشکر طیبہ کا آن لائن میگزین ’ویتھ‘ عنقریب جاری ہوگا
سرینگر// لشکر طیبہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اُن کی تنظیم ایک آن لائن میگزین ’’ویتھ‘‘ جاری کرنے جا رہی ہے۔بیان کے مطابق اس میگزین کا مقصد اہلیان کشمیر کو زمینی حقائق سے آگاہ کرنا ہے۔بیان کے مطابق موجودہ حالات میں کشمیر ی عوام کو سب سازشوں سے آگاہی دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور’’ویتھ‘‘آنے والے وقت میں اہل کشمیر کے لئے ایک کارآمدمعلوماتی ذریعہ ثابت ہوگا۔
بانڈی پورہ کی گوجراور پہاڑی علاقوں میں تعمیر وترقی کا فقدان:ایڈوکیٹ ملک
بانڈی پورہ//نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور جموں کشمیر ہائی کورٹ کے سینئر ایڈوکیٹ نذیر ملک نے ضلع بانڈی پورہ کی پہاڑی اور گوجر بستیوں میں تعمیرو ترقی کے فقدان پر مایوسی کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ ان علاقوں کی طرف حکومت کوئی دھیان نہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے ژونٹھ مولہ،ارن گام ، گجر پتی ،کڈارا، اپر کڈارا، چٹھی بانڈی، گوری ہاجن، ملنگام، دھبن ، شیخ مقام، چیچی نار، سرُندر اور کئی علاقے ابھی بھی قدیم دور میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔نذیر ملک نے کہا’’ان علاقوںکی سڑکیں خستہ ہیں جبکہ پانی اور بجلی کی عدم دستیابیاور طبی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مکین بہت پریشان ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان علاقوں کے لئے شیڈول ٹرائب اور شیڈول کاسٹ کے مد پر خصوصی مالی پیکیج واگذارہوتے ہیں مگر ازمینی سطح پر کچھ بھی دکھائی نہیں دیتا ہے۔ایڈوکیٹ ملک نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ ان علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
آئن راجپورہ میں دوران شب کئی نوجوانوں گرفتار
سرینگر/ /جنوبی ضلع پلوامہ کے راجپورہ میں فوج اور پولیس ٹاسک فورس نے دوران شب چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران نصف درجن افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ادھر مقامی لوگوں نے ان گرفتاریوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔سی این ایس کے مطابق فوج و پولیس ٹاسک فورس نے دوران شب راجپورہ پلوامہ کے آئن گنڈ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی۔فورسز نے اس دوران مکانوں کی تلاشی لی جس دوران چھ افراد کو گرفتار کر لیا۔مقامی ذرائع نے کہا کہ جو افراد گرفتارکئے گئے ہیں اُن میں مظفر احمد وانی ،عرفان احمد وانی،سہیل منظور بٹ،جاوید احمد میر اورمنظور احمد میر شامل ہیں۔ اس دوران مقامی لوگوں نے فورسز پر الزام عاید کیاکہ انہوں نے ہانجن پلوامہ سے آئے ایک مہمان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی ہے۔مقامی لوگوں نے گرفتاریوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے انتظامیہ سے اُن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
منموہن وزیر کے انتقال پر ڈاکٹر فاروق کا اظہار تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ریاست کے سابق پولیس سربراہ منموہن وزیر کے فوت ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس صدمہ پر آنجہانی کے جملہ سوگوران اور اہل خانہ کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔دریں اثناء ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گوگو رنگریٹ جاکر مرحومہ حبلہ بیگم کے اہل خانہ اور پسماندگان کے ساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی ۔