سوپور میں صحت وصفائی کا فقدان
ڈائریکٹر لوکل باڈیز کا اعتراف،2غیر حاضر ملازمین منسلک
سرینگر//سوپورمیںصحت وصفائی کی صورتحال پرعدم اطمینان ظاہرکرتے ہوئے ڈائریکٹراربن لوکل باڈیزکشمیرنے میونسپل کونسل سوپورکے2غیرحاضرملازمین کو منسلک کردیا۔انہوں نے کونسل کے ایگزیکٹوآفیسر کی اس بات کیلئے سخت سرزنش کی کہ قصبہ میں کوڑے کرکٹ کوٹھکانے لگانے کاکوئی نظام ہی نہیں ہے۔ سوپورقصبہ کااچانک دورہ کرتے ہوئے ڈائریکٹراربن لوکل باڈیزکشمیرمنظوراحمدصوفی نے یہاں میونسپل کونسل میں تعینات 2ملازمین کوڈیوٹی سے غیرحاضرپاکرمحکمہ کے ڈائریکٹوریٹ آفس کے ساتھ منسلک کردینے کے احکامات صادرکردئیے ۔جن ملازمین کوغیرحاضررہنے کی پاداش میں منسلک کیاگیا،اُن میں ریاض احمدقادری اورحفیظ اللہ میرشامل ہیں ۔ڈائریکٹرموصوف نے سوپورمیونسپل کونسل کی کارکردگی اور قصبہ میںصحت وصفائی کی صورتحال پرعدم اطمینان ظاہرکیا۔انہوں نے کونسل کے ایگزیکٹوآفیسر کی اسبات کیلئے سخت سرزنش کی کہ قصبہ میں کوڑے کرکٹ کوٹھکانے لگانے کاکوئی نظام ہی نہیں ہے۔ڈائریکٹراربن لوکل باڈیزکشمیرنے ایگزیکٹوآفیسرسوپورمیونسپل کونسل کوہدایت دی کہ کونسل کی حدودمیں آنے والے سبھی علاقوں بشمول بازاروں میں صحت وصفائی کی صورتحال کوبہتربنانے کیلئے متعلقہ عملہ کوجوابدہ بنایاجائے ۔انہوں نے ایگزیکٹوآفیسر سے کہاکہ میونسپل اداروں کی بنیادی ذمہ داری یہی ہوتی ہے کہ بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صحت وصفائی کاخاص خیال رکھاجائے۔
تعلیم کو دلچسپ بنانے سے معیارمیں بہتری ممکن: پروفیسر مٹو
جموں//وزیرا علیٰ کے صلاح کار پروفیسر امیتابھ مٹو نے معیار تعلیم میں بہتر ی لانے کیلئے پبلک۔ پرائیویٹ شراکت داری کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ حصول تعلیم کو مزید دلچسپ بنایاجانا چاہیئے۔انہوں نے ان باتوں کا اظہار یہاں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کی تیسری میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اصغر سامون ، سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ ، سیکرٹری جے کے بی او ایس ای وینا پنڈتا، ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، ناظم تعلیم جموں رویندر سنگھ کے علاوہ محکمہ کے کئی دیگر اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی۔انہوںنے اس موقعہ پر حاجی پبلک سکول کی کارکردگی کی کافی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار میں بہتری لانے کے لئے ایک نقش راہ کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔انہوںنے ریاست کے باقی اضلاع میں بھی حاجی پبلک سکول کے ماڈل کو اپنانے میں اس سکول کے منتظمین کا تعاون طلب کیا۔ پروفیسر مٹو نے سیکرٹری تعلیم سے کہا کہ وہ حاجی پبلک سکول کا درجہ مڈل سے ہائی سکول تک بڑھانے کا عمل دو ہفتوں میں مکمل کریں ۔اس دوران شرکا کو معیاری تعلیم کے جدید طور طریقوں کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔
محکمہ اطلاعات کا کلچرل ونگ میں تعینات ملازم کوالوداع
جموں//محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ نے محکمہ کی کلچرل وِنگ میں بحیثیت میوزک کمپوزر کام کر رہے دیش راج کو گرمجوشی کے ساتھ الوداع کیا۔ وہ 42برس تک اپنی خدمات انجام دینے کے بعد نوکری سے سبکدوش ہوئے۔اس حوالے سے ڈی آئی پی آر کی کلچرل وِنگ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ناظم اطلاعات منیر الاسلام ، جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات جموں نریش کمار، جوائنٹ ڈائریکٹر ( ہیڈ کوارٹر) سجاد یحییٰ نقاش کے علاوہ محکمہ کے کئی دیگر افسران اور ملازمین اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب کے دوران محکمہ کے فنکاروں نے ایک رنگارنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اطلاعات نے مختلف سطحوں پر محکمہ میں دیش راج کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے انہیں سبکدوشی کے بعد ایک خوشگوار زندگی کے لئے نیک خواہشات دیں۔ناظم اطلاعات نے مزید کہا کہ محکمہ کی کلچرل وِنگ کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ اسے مزید وسعت دی جائے گی تاکہ مقامی فنکاروں کو اپنی صلاحیتیوں کا مظاہر ہ کرنے کا ایک پلیٹ فارم مہیا ہوسکے۔
کونسل پینل نے محکمہ داخلہ کے کام کاج کا جائزہ لیا
کرگل میں خواتین پولیس سٹیشن قائم کرنے کی ہدایت
جموں//جموں وکشمیر قانون سازکونسل کی محکمہ جاتی سٹینڈنگ کمیٹی کی میٹنگ منگل کو ایم ایل سی سریندر کمار چودھری کی صدارت میں منعقد ہوئی جس دورا ن محکمہ داخلہ کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ارکان اسمبلی شوکت حسین گنائی ، ٹھاکر بلبیر سنگھ، ایس چرنجیت سنگھ ، غلام نبی مونگا اور فردوس احمد ٹاک نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، سپیشل ڈی جی پولیس ہیڈ کوارٹر وی کے سنگھ، اے ڈی جی سیکورٹی منیر خان، آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ ، آئی جی پی آرمڈ دانش رانااور محکمہ پولیس کے کئی دیگر افسروں نے بھی میٹنگ میں شرکت کی اور داخلہ محکموں کی مختلف شاخوں کی سرگرمیوں کے بارے میںکمیٹی کو جانکاری دی۔کمیٹی نے پولیس محکمہ کے کام کاج سے جڑے امور کو زیر بحث لا کر کئی نکات کی نشاندہی کی جن میں بہتری لانے کی کافی گنجائش موجود ہے ۔کمیٹی نے کہا کہ لداخ خطے کے لئے ایک علاحدہ پولیس رینج ہونا چاہیئے تاکہ نظام کو مزید موثر بنایا جاسکے ۔ کمیٹی نے کرگل کے لئے ایک خواتین پولیس سٹیشن قائم کرنے کی تجویز بھی رکھی ۔کمیٹی نے پولیس اور سیکورٹی تنصیبات کے نزدیک سرکاری زمین پر سے ناجائز قبضہ ہٹانے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
سرحدی کشیدگی تشویشناک:سالویشن مومنٹ
سرینگر // سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر نے سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدوں پر گولہ باری سے آرپار عوام کوسخت مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے آرپار جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کازیاں ہر لحاظ سے قابل افسوس اور تکلیف دہ ہے۔ ظفر اکبر نے دونوں ملکوں سے اپیل کی ہے کہ گولہ باری کا سلسلہ فوری طور بند کیا جائے۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اس حساس معاملہ پر سنجیدگی سے غور کرنے کی اپیل کی ہے۔
محبوسین کی بیرون وادی منتقلی غیر جمہوری اقدام:حریت جے کے
سرینگر// حریت( جے کے) نے سرینگر سنٹرل جیل سے کشمیری محبوسین کی بیرون وادی منتقلی کے خلاف احتجاجی پروگرام میں حصہ لیا۔احتجاج کی کال متحدہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی ۔اس موقع پر حریت (جے کے) کے کنوینر شبیر احمد ڈار نے سرینگر سنٹرل جیل سے کشمیری محبوسین کی بیرون وادی منتقلی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتقام گیری سے تعبیر کیا ۔انہوں نے کشمیری سیاسی قائدین کی نظر بندی کو طول دینے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری اقدام سے تعبیر کیا۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ جنوبی ایشیاء کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا کردارادا کریں۔ شبیر ڈار کے ہمراہ محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمداقبال میر اور ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی بھی تھے۔
جموں کی موجودہ صورتحال 1947دہرانے کی سازش:مولانا قانونگو
سرینگر//انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے کہا ہے کہ خطہ جموں میں ایک اور47بپا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،جبکہ ملت اسلامیہ مسلکی جنگ اور حکومت ذاتی مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے۔ انجمن کی ایک ہنگامی میٹنگ مولانا شوکت احمد کینگ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا قانونگو نے کہا کہ جموں کشمیر میں آج پھر ایک مرتبہ سنگین تاریخی بحران پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں خطہ کشمیر میں فوج کا تشدد نکتہ عروج پر ہے،وہیں لداخ کا خطہ گویا ریاست کا حصہ ہے ہی نہیں اور جموں خطے میں فرقہ پرست ایک اور1947دہرانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
تحریک حریت کی زعیم جماعت کے لواحقین سے تعزیت پرسی
سرینگر//تحریک حریت نے زعیم جماعت اسلامی عبدالسلام کمہار کی وفات تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی دینی خدمات کو سراہا ہے۔تنظیم سے وابستہ ایک وفد نے اس سلسلے میں مرھوم کے آبائی گھر میں ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک باعمل عالم دین ، مشہور مبلغ اور داعی تھے ،جنہوں نے گھر گھر جاکر اسلام کا پیغام پہنچایااور خواتین اور جوانوں تک دعوت دین پہنچانے کے لئے انتھک محنت کی۔وفد میں محمد رفیق اویسی،مدثر احمد بٹ اور طالب حسین شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم پورے علاقے میں انتہائی نرم مزاج، دینداراور شریف النفس انسان ہونے کی وجہ سے ہر دلعزیز تھے۔بعد ازاں وفد نے محبوس لیڈرمولانا سرجان برکاتی کے گھر ربن شوپیان جاکر ان کے اہل خانہ کی ڈھارس بندھائی ۔سرجان برکاتی کوسال2016کی عوامی تحریک کے دوران سرگرم رول ادا کرنے کی وجہ سے گرفتار کیا گیا اور تب سے لیکر نظربند ہیں۔